شمالی ہندوستان میں درجہ حرارت مسلسل گر رہا ہے اور سردی کی شدت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، لوگوں کا گھروں سے باہر نکلنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ 26 دسمبر کی صبح دہلی کے کئی حصوں میں گھنی دھند دیکھنے کومل رہی ہے، دہلی میں آج صبح کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جب کہ دن کے وقت ہلکی دھوپ ہونے کا امکان ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق دہلی میں آئندہ تین دنوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق 26 سے 28 دسمبر کے درمیان بارش کے ساتھ سردی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
دہلی ایئرپورٹ نے ایڈوائزری جاری کی ہے
دہلی میں دھند کی وجہ سے ٹرانسپورٹ خدمات متاثر ہوئی ہیں۔ دہلی ہوائی اڈے پر کم بصارت(ویزیبیلیٹی) دیکھی جا رہی ہے۔ دہلی ایئرپورٹ نے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے ،جس میں مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ گھر سے نکلنے سے پہلے اپنی متعلقہ ایئر لائنز سے رابطہ کریں ۔
آئندہ تین روز تک دھند سے نہیں ملے گی راحت
محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں اگلے تین دنوں تک گھنی دھند سے کوئی راحت نہیں ہے۔ 26-28 دسمبر کو رات گئے اور صبح کے دوران گھنی دھند کا امکان ہے۔ دہلی میں دھند کی وجہ سے ٹرین خدمات بھی متاثر ہوئی ہیں۔ دہلی آنے والی کئی ٹرینیں تاخیر سے چل رہی ہیں۔
AQI انتہائی ناقص زمرہ میں
ذرائع کے مطابق دہلی کی ہوا کا معیار آج بھی انتہائی خراب کیٹیگری میں رہا۔ دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹے کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) بدھ کی شام 4 بجے 336 ریکارڈ کیا گیا، جو کہ انتہائی خراب زمرے میں آتا ہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (CPCB) کے مطابق دہلی کی ہوا کا معیار مسلسل دوسرے دن بھی انتہائی خراب زمرے میں رہا۔ اس سے پہلے اسے سنگین زمرے میں رجسٹر کیا گیا تھا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ دہلی میں گزشتہ کئی مہینوں سے فضائی آلودگی کی سطح میں کافی اضافہ ہوا ہے۔
راجستھان میں دھند اور سردی کی لہر
راجستھان میں سردی کی لہر کا اثر جاری ہے۔ جمعرات کی صبح کئی علاقوں میں گھنی دھند چھائی رہی۔ مشرقی راجستھان میں ہلکی بارش اور مغربی راجستھان میں ‘کولڈ ڈے’ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے 26 دسمبر سے سرگرم مغربی ڈسٹربنس کی وجہ سے جے پور، کوٹا، اجمیر اور ادے پور جیسے علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
جموں و کشمیر میں برف باری اور سردی کی لہر
جموں و کشمیر میں بھی تازہ برف باری اور بارش کی وجہ سے سردی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ریاست کے بالائی علاقوں میں برف باری کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی آئی ہے، جب کہ میدانی علاقوں میں بارش کے ساتھ ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں۔ سیاحتی مقامات پر برف باری نے جہاں سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کیا ہے وہیں مقامی باشندوں کے لیے پریشانی کا باعث بن رہی ہے۔
بھارت ایکسپریس