Bharat Express DD Free Dish

Delhi Riots Case: دہلی فساد کیس: آئی بی افسر انکت شرما قتل مقدمے کا فیصلہ 7 جولائی تک مؤخر، طاہر حسین سمیت 11 ملزمان کے خلاف دائر ہوا تھا مقدمہ

اس سے قبل دہلی ہائی کورٹ بھی طاہر حسین کی ضمانت کی درخواست مسترد کر چکی ہے۔ اب اس اہم مقدمے میں تمام فریقین کی نظریں 7 جولائی پر مرکوز ہیں، جب عدالت کی جانب سے اس حساس مقدمے میں فیصلہ سنائے جانے کی توقع ہے۔

نئی دہلی: شمال مشرقی دہلی فسادات سے جڑے حساس اور زیر بحث انکت شرما قتل مقدمے میں فیصلہ سنائے جانے کا انتظار مزید طویل ہو گیا ہے۔ کڑکڑڈوما عدالت نے اس معاملے میں فیصلہ سنانے کے لیے نئی تاریخ 7 جولائی مقرر کردی ہے۔ اس سے قبل عدالت کو 11 جون کو اپنا فیصلہ سنانا تھا، تاہم سماعت ملتوی کرتے ہوئے نئی تاریخ طے کر دی گئی۔ یہ مقدمہ فروری 2020 میں شمال مشرقی دہلی میں ہونے والے فرقہ وارانہ فسادات کے دوران انکت شرما کے قتل سے متعلق ہے۔ اس کیس میں سابق عام آدمی پارٹی کونسلر طاہر حسین سمیت 11 افراد کو ملزم بنایا گیا ہے۔ انکت شرما انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) میں خدمات انجام دے رہے تھے اور ان کی موت دہلی فسادات کے سب سے زیادہ زیرِ بحث واقعات میں شمار کی جاتی ہے۔

نالے سے برآمد ہوئی تھی لاش افسر کی لاش

26 فروری 2020 کو انکت شرما کی لاش کھجوری خاص علاقے کے ایک نالے سے برآمد ہوئی تھی۔ ان کی ہلاکت کی خبر نے پورے ملک کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا تھا۔ انکت شرما کے والد رویندر کمار کی شکایت پر اسی روز دیال پور پولیس تھانے میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ شکایت کے مطابق 25 فروری کو انکت گھر کا سامان خریدنے کے لیے نکلے تھے لیکن واپس نہیں لوٹے۔ بعد میں مقامی لوگوں نے اطلاع دی کہ چاند باغ علاقے سے ایک نوجوان کو نالے میں پھینکا گیا ہے، جس کے بعد پولیس نے تلاش کے دوران ان کی لاش برآمد کی۔

قتل اور سازش کے الزامات، 7 جولائی کو متوقع فیصلہ

استغاثہ کے مطابق طاہر حسین اور دیگر ملزمان اس پرتشدد ہجوم اور مبینہ سازش کا حصہ تھے جس نے فسادات کے دوران انکت شرما کو قتل کیا۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مارچ 2023 میں کڑکڑڈوما عدالت نے تمام 11 ملزمان کے خلاف فساد برپا کرنے، مہلک ہتھیاروں کے ساتھ ہنگامہ آرائی، مختلف برادریوں کے درمیان دشمنی پھیلانے، قتل اور مجرمانہ سازش جیسی سنگین دفعات کے تحت فردِ جرم عائد کی تھی۔  سماعت کے دوران ٹرائل کورٹ نے اپنے مشاہدات میں کہا تھا کہ طاہر حسین نے مبینہ طور پر ہجوم کو ہندوؤں کو نشانہ بنانے کے لیے اکسایا تھا۔ اس سے قبل دہلی ہائی کورٹ بھی طاہر حسین کی ضمانت کی درخواست مسترد کر چکی ہے۔ اب اس اہم مقدمے میں تمام فریقین کی نظریں 7 جولائی پر مرکوز ہیں، جب عدالت کی جانب سے اس حساس مقدمے میں فیصلہ سنائے جانے کی توقع ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read