Bharat Express

Delhi Mayor Election: دہلی کے میئر کا الیکشن پھر ملتوی، ہنگامہ آرائی کے بعد ایم سی ڈی کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی

Delhi MCD Mayor Election: دہلی میونسپل کارپوریشن کے تمام اراکین کی حلف برداری ہوچکی ہے۔ اس کے بعد میئر اور ڈپٹی میئر کا الیکشن ہونا تھا، لیکن ہنگامہ آرائی کے بعد اسے پھر ملتوی کردیا گیا ہے۔

دہلی ایم سی ڈی کا الیکشن تیسری بار ملتوی ہوگیا ہے۔ (تصویر: اے این آئی)

دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) کے تمام کونسلروں کی آج حلف برداری ہوئی۔ تاہم میئر اور ڈپٹی میئرکا الیکشن ایک بار پھر نہیں ہوسکا۔ ہنگامہ آرائی کے بعد میئر اور ڈپٹی میئر کا الیکشن ایک بار پھر ملتوی ہوگیا ہے۔ دراصل کونسلروں کی حلف برداری کے بعد میئراور ڈپٹی میئر کا الیکشن ہونا تھا، لیکن ایوان میں جم کر ہنگامہ آرائی ہوئی۔ اس دوران لات اور گھونسے  تک چلنے کی خبر ہے۔ اس سے قبل دہلی میونسپل کارپوریشن کے سبھی منتخب اور نامزد کونسلر (ایلڈرمین) ایوان میں حلف لے چکے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ 6 جنوری کو بھی میئر اور ڈپٹی میئر کا الیکشن نہیں ہوسکا تھا۔ اس کے بعد بی جے پی اورعام آدمی پارٹی میں جم کر الزام تراشی اور جوابی الزام تراشی کا دور چلا۔ پھر یہ معاملہ وزیراعلیٰ اروند کیجریوال اور دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ تک پہنچ گیا۔ دونوں میں لیٹروار تک ہوا۔

بی جے پی-عام آدمی پارٹی کے کونسلروں کے درمیان نعرے بازی

دہلی میونسپل کارپوریشن کے ایوان کے باہر بی جے پی اورعام آدمی پارٹی کے درمیان جم کرنعرے بازی ہوئی۔ عام آدمی پارٹی کا الزام ہے کہ بغیر کسی وجہ کے ایوان کو ملتوی کردیا گیا ہے۔ عام آدمی پارٹی نے الزام لگایا کہ بی جے پی میئر کا الیکشن مسلسل ٹالنے کی کوشش کر رہی ہے۔

عام آدمی پارٹی کا بڑا مطالبہ

میئرالیکشن سے پہلے عام آدمی پارٹی کے کونسلر مکیش گوئل نے کہا کہ جو لوگ ووٹ ڈالنے کے اہل نہیں ہیں، ان کو ایوان کے باہر بٹھایا جائے۔ اس کے بعد  15 منٹ کے لئے ایوان کی کارروائی ملتوی کی تھی۔ پھرہنگامہ آرائی ختم نہیں ہونے پرایوان کی کارروائی غیرمعینہ مدت کے لئے ملتوی کردی گئی ہے۔

 -بھارت ایکسپریس