یو سی سی معاملے پر کانگریس کا نہیں ہے 'واضح موقف':پی آئی (ایم)
کیرالہ: کیرالہ کی حکمراں جماعت کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا-مارکسسٹ (سی پی آئی-ایم) نے بدھ کے روز کانگریس پر یکساں سول کوڈ (یو سی سی) کے معاملے پر “واضح موقف” اختیار نہ کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ سب سے پرانی پارٹی الگ الگ علاقوں میں مختلف موقف اختیار کر رہی ہے۔ سی پی آئی (ایم) کے ریاستی سکریٹری ایم وی گووندن نے کہا کہ کانگریس کو 15 جولائی کو کوزی کوڈ میں یو سی سی پر مارکسسٹ پارٹی کی جانب سے منعقد ہونے والے سیمینار میں مدعو نہیں کیا گیا ہے کیونکہ اس معاملے پر اس کا کوئی متحد موقف نہیں ہے۔
‘کانگریس کا مختلف ریاستوں میں مختلف موقف’
انہوں نے سوال کیا کہ کیا کانگریس نے اب تک بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ملک میں یو سی سی کو نافذ کرنے کی کوشش کے خلاف کوئی “موثر قدم” اٹھایا ہے اور کیا پارٹی کی قومی قیادت اس کے لیے تیار ہے۔ گووندن نے یہاں صحافیوں سے کہا، “ہم نے کانگریس کو اپنے سیمینار میں مدعو نہیں کیا ہے کیونکہ پارٹی کا اس معاملے پر کوئی واضح موقف نہیں ہے۔ وہ مختلف ریاستوں میں اس معاملے پر مختلف موقف اختیار کر رہے ہیں۔”
‘ہندوتوا کے ایجنڈے کو نافذ کرنے کی کوشش’
انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی حقیقت میں یو سی سی کے ذریعے ہندوتوا کے ایجنڈے کو نافذ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ گووندن نے کہا کہ آنے والا سیمینار فاشزم کو روکنے کے لیے سی پی آئی(ایم) کی مہموں کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی زیرقیادت حکومت کا یو سی سی کے نفاذ سے متعلق بل پیش کرنے کا مبینہ اقدام ہندوتوا کے ایجنڈے کو لاگو کرنے کے لئے ایک ” دانستہ مداخلت” ہے۔
یچوری 15 جولائی کو سیمینار کا کریں گے افتتاح
وہیں سیمینار میں شرکت کے لیے مارکسسٹ پارٹی کی دعوت کو انڈین یونین مسلم لیگ (IUML) کی جانب سے مسترد کیے جانے پر گووندن نے کہا کہ اس کے لیے اسے قبول کرنا ممکن نہیں تھا کیونکہ وہ کانگریس کی زیر قیادت یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (UDF) کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آئی (ایم) کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری 15 جولائی کو یہاں سیمینار کا افتتاح کریں گے، جس میں تمام ہم خیال، سیکولر سوچ رکھنے والی جماعتیں حصہ لے سکتی ہیں۔
بھارت ایکسپریس۔