جموں وکشمیر کے وزیراعلیٰ عمرعبداللہ اورسابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے ہندوستان-پاکستان کے درمیان سیز فائر کے اعلان پر کہا کہ ابھی حال ہی میں تھوڑی دیر پہلے دوبارہ سیز فائر کو قائم کرنے کا اعلان ہوا ہے۔ میں اس کا دل کی گہرائیوں سے خیرمقدم کرتا ہوں۔آخر کار پاکستان کے ڈی جی ایم او نے ہمارے ڈی جی ایم او کو فون کرکے بات کی۔ دیر آئے، درست آئے۔ جہاں جہاں لوگ زخمی ہیں، ان کا صحیح علاج ہو۔ جہاں جہاں جان گئی ہیں، ان لوگوں کی بھرپائی کریں۔
عمرعبداللہ نے کہا کہ جموں میں نقصان ہوا ہے، پونچھ میں نقصان ہوا ہے۔ کل رات جموں میں بھی بہت نقصان ہوا ہے۔ جائزہ لیں اور ہمیں بتائیں، پھر اس پر کام کریں گے۔ ہوائی اڈے کھلنے کے بعد ہم حاجیوں کو سعودی عرب بھیج سکیں گے۔ عمرعبداللہ نے کہا کہ اگر یہ دو تین دن پہلے ہوتا تو ہماری جو جانیں گئیں، وہ نہیں جاتیں۔
محبوبہ مفتی نے امریکہ کے ساتھ ہند-پاک قیادت کا ادا کیا شکریہ
ہندوستان-پاکستان میں سیز فائر کے اعلان کے بعد پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی نے کہا کہ سب سے پہلے میں اس میں ثالثی کرنے کے لئے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی اور اس کے ساتھ ہی میں اپنی ملک کی قیادت اورپاکستان کو بھی مبارکباد دینا چاہوں گی۔ یہ دونوں ممالک جنگ بندی کے لئے راضی ہوگئے۔ کیونکہ جب ہمارے ملک اور پاکستان کے درمیان جنگ ہوتی ہے تو سب سے زیادہ نقصان جموں وکشمیر کے لوگوں کو ہوتا ہے۔ آج جموں وکشمیرکے لوگوں کے لئے خوشی کا دن ہے۔ دہشت گردی کوکوئی برداشت نہیں کرے گا۔ ہمیں اپنے سبھی مسئلے بیٹھ کرحل کرنا چاہئے، جیسے اٹل بہاری واجپئی جی نے کیا تھا۔
ہندوستان -پاکستان میں سیز فائرکا اعلان
آپ کو بتادیں کہ آپریشن سندور‘ کے بعد ہندوستان اور پاکستان میں حالات کشیدہ ہوگئے تھے اوردونوں ممالک جنگ میں کافی آگے بڑھ گئے تھے، جس کے بعد اب جنگ بندی کا اعلان ہوگیا ہے۔ وزارت خارجہ کے سکریٹری وکرم مسری نے پریس بریفنگ کے دوران سیزفائرپرمہرلگا دی۔ اس طرح سے دونوں ممالک کے لئے یہ بہت بڑی خبر ہے۔ سعودی عرب اورامریکہ اوریوروپی یونین ممالک کی کوششوں کے بعد دونوں ممالک سیزفائرکے لئے راضی ہوگئے۔ اب 12 مئی کو دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات ہوں گے، اس دوران آگے کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق، دونوں ممالک کسی غیرجانبدارمقام پر بیٹھیں گے اور مذاکرات کریں گے۔
قابل ذکرہے کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستانی فوج نے ’آپریشن سندور‘ کے ذریعہ پاکستان سے بڑا بدلہ لیا تھا، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان جنگ کی صورتحال پیدا ہوگئی تھی اورپاکستان کی طرف سے مسلسل حملے کئے جا رہے تھے، جس کے بعد ہندوستان نے جوابی کارروائی میں پاکستان کے کئی ڈیفنس سسٹم کوتباہ کردیا تھا، جس کے بعد سعودی عرب، امریکہ اوریوروپی یونین کی کوششوں سے دونوں ممالک سے جنگ روکنے کی اپیل کی تھی۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

