نئی دہلی : دیوالی کے تہوار پر مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے اس بار کسانوں کے درمیان پہنچ کر تہوار کی خوشیاں بانٹیں۔ انہوں نے ناگپور ضلع کے لوہاری ساونگا گاؤں میں کسانوں کے ساتھ دیوالی منائی اور مقامی کسان خاندان ارونابائی بالپانڈے اور رام بھاؤ بالپانڈے کے گھر پر رات گزاری۔وزیر اعظم نریندر مودی نے وزیر اعلیٰ فڑنویس کے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے اسے دل کو چھو لینے والا اور جذباتی قدم قرار دیا ہے۔وزیر اعظم مودی نے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کی گئی پوسٹ کو دوبارہ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کا ناگپور ضلع کے نرکھیڑ واقع لوہاری ساونگا گاؤں میں کسانوں کے ساتھ دیوالی منانا اور ارونابائی و رام بھاؤ بالپانڈے کے گھر قیام کرنا انتہائی قابل ستائش ہے۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ مہاراشٹر میں این ڈی اے حکومت کسانوں کے تئیں حساسیت کے ساتھ کام کر رہی ہے اور ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔
’کسانوں کے آنسو پونچھنا ہی دیوالی کا اصل مطلب ہے‘
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ کسانوں کی آنکھوں سے آنسو پونچھنا ہی ان کے لیے دیوالی کا اصل مطلب ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں ناگپور ضلع کے لوہاری ساونگا گاؤں میں اپنے کسان بھائیوں کے ساتھ دیوالی منانے کا موقع ملا۔ یہ گاؤں تاریخی ہیمادپنتھی شیو مندر کی وراثت اور کنہان ندی کی قدرتی خوبصورتی کے لیے مشہور ہے۔وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ خشک سالی سے پریشان کسانوں کی مشکلات، ان کے اہل خانہ کی فکرمندی اور مستقبل کے خدشات سن کر وہ جذباتی ہو گئے۔ اس دوران بالپانڈے خاندان نے جس اپنائیت، محبت اور گرم جوشی کے ساتھ ان کا استقبال کیا، اس نے انہیں کافی متاثر کیا۔
قدرتی آفات سے کسانوں کی فصلیں تباہ
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پورے ملک میں دیوالی جوش و خروش سے منائی جا رہی ہے، لیکن ریاست کے کسان اس وقت کئی طرح کی مشکلات سے دوچار ہیں۔ قدرتی آفات کے باعث فصلیں تباہ ہو رہی ہیں۔ مالی تنگی کے ساتھ کسانوں کو اپنے بچوں کی تعلیم اور خاندان کے مستقبل کی بھی فکر ستا رہی ہے۔فڑنویس نے بتایا کہ جب انہوں نے لوہاری ساونگا کے کسانوں سے بات چیت کی اور ان کے مسائل سنے تو ان کے چہروں پر آہستہ آہستہ پریشانی کم ہوتی دکھائی دی۔ کسانوں نے ان سے کہا، ’’صاحب! آپ اتنی دور ہمارے گاؤں آئے اور ہمارے دکھ سکھ میں شریک ہوئے، اس سے ہی ہمارا آدھا درد کم ہو گیا۔‘‘ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کسانوں کی یہ بات ان کے دل کو چھو گئی۔انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر کے ہر کسان کی فصل ان کے لیے محض ایک زرعی پیداوار نہیں ہے، بلکہ اس سے پورے خاندان کی سال بھر کی محنت، قربانی اور خواب جڑے ہوتے ہیں۔ ہر فصل خاندان کے بہتر مستقبل کی امید ہوتی ہے۔ ایسے میں جب قدرتی آفات کے سبب فصل تباہ ہوتی ہے تو کسان کے پورے خاندان کا مستقبل بھی خطرے میں پڑ جاتا ہے۔
ربیع کی فصلوں کو نقصان سے بچانے کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ انہوں نے کسانوں کے ساتھ ربیع کی فصلوں کو نقصان سے بچانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ خشک سالی کی صورت حال کو دیکھتے ہوئے جہاں بھی ممکن ہوگا، وہاں بورویل کھودنے کی اجازت دی جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ کاٹول اور نرکھیڑ علاقوں میں سنترے کے ساتھ موسمی کی بھی بڑے پیمانے پر پیداوار ہوتی ہے۔ تاہم بین الاقوامی سطح پر برآمدات سے متعلق نئی مشکلات کے باعث کسانوں کو نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ اس مسئلے کے حل کے لیے ناگپور کے ’میہان‘ منصوبے کے تحت سنترے اور موسمی کی پروسیسنگ کے لیے ایک بڑا پروجیکٹ قائم کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ فڑنویس نے کہا کہ اس پورے عمل میں اس بات کا خیال رکھا جائے گا کہ کسانوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
کسانوں کے درمیان بیٹھ کر ان کا درد سمجھنا ضروری: فڑنویس
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی کوشش صرف وزارت میں میٹنگ کرنے، فیصلے لینے، منصوبے بنانے یا مالی امداد فراہم کرنے تک محدود نہیں ہے۔ وہ کسانوں کے درمیان بیٹھ کر ان کے مسائل سمجھنا، ان کا درد بانٹنا اور انہیں دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا ہونے میں مدد دینا چاہتے ہیں۔اس موقع پر مہاراشٹر کے وزیر چندر شیکھر باونکولے، رکن اسمبلی ڈاکٹر آشیش دیشمکھ اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
