Bharat Express

Chinar Urdu Book Festival: پروفیسر شاہد اختر نے چناراردو کتاب میلہ میں بین الاقوامی سطح پراردو زبان وادب کے فروغ میں کشمیرکے لوگوں کا اہم کردار قرار دیا

قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شمس اقبال نے اختتامی تقریب میں کلمات تشکر پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر جسے زمین کی جنت کہا جاتا ہے، ڈوگری اورکشمیری کے ساتھ اردو سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔

قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے زیر اہتمام سری نگر میں چنار اردو کتاب میلہ اور چنار بک فیسٹیول اختتام پذیر ہوگیا ہے۔

 سری نگر: قومی کونسل برائے فروغ اردوزبان کے زیراہتمام ایس جے آئی سی سی کے آڈیٹوریم میں تقریب تشکر وسپاس کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے پروفیسرشاہد اخترقائم مقام چیئرمین نیشنل کمیشن فارمائناریٹی ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز، حکومت ہند، مہمان ذی وقارکی حیثیت سے شاہد اقبال چودھری سکریٹری، ڈپارٹمنٹ آف رورل ڈیولپمنٹ اورمہمان اعزازی کی حیثیت سے  یوراج ملک، ڈائریکٹرنیشنل بک ٹرسٹ انڈیا نے شرکت کی۔

مہمان خصوصی پروفیسرشاہد اختر قائم مقام چیئرمین نیشنل کمیشن فارمائناریٹی ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز، حکومت ہند نے کہا کہ کشمیرعلم و ادب اورتہذیب کا مرکزرہا ہے، آج بھی اپنی زبان اورتہذیب سے جڑنے کی ضرورت ہے۔ بین الاقوامی سطح پرزبان کوفروغ دینے میں کشمیر کے لوگوں نے اہم کردارادا کیا ہے، کشمیرمیں چناراردوکتاب میلہ اورچناربک فیسٹیول کا انعقاد قومی کونسل اور این بی ٹی کی بہت بڑی کامیابی ہے، امید ہے کہ یہ سلسلہ آیندہ بھی برقراررہے گا۔

اہلِ کشمیر کی اردو زبان اور کتابوں سے محبت قابل رشک: ڈاکٹر شمس اقبال
کلمات تشکروسپاس کہتے ہوئے ڈائریکٹرقومی کونسل برائے فروغ اردو زبان ڈاکٹر شمس اقبال نے کہا کہ کشمیرجسے زمین کی جنت کہا جاتا ہے ڈوگری اورکشمیری کے ساتھ اردو سے بے پناہ محبت کرتے ہیں، اس وادی کا اردو زبان وادب سے بہت گہرا رشتہ رہا ہے۔ اردوزبان کو فکری اور لسانی اعتبارسے ثروت مند بنانے میں یہاں کے لوگوں نےاہم کردار ادا کیا ہے۔ قومی کونسل کی اسکیموں سے یہاں کے نوجوان بچے اور بچیاں فایدہ اٹھا رہے ہیں۔ ہم اس طرح کے کتاب میلوں کا انعقاد آئندہ بھی کریں گے۔

اردو زبان ادبی زبان ہے: یوراج ملک

نیشنل بک ٹرسٹ انڈیا کے ڈائریکٹریوراج ملک  نے کہا کہ اردوزبان ادبی زبان ہے، بھاشا اورسنسکرتی کا تعلق بہت گہرا ہوتا ہے۔ اس کتاب میلہ کوکامیاب بنانے میں سب سے زیادہ یہاں کے لوگوں نے ادا کیا ہے، یہ رشیوں اورصوفیوں کا مسکن رہا ہے، چنارصرف پتہ نہیں یہ تہذیب ہے۔ سماج کوبدلنے کے لئے کتابوں سے رشتہ جوڑنے کی ضرورت ہے۔

نوجوانوں کو اسکل اورہنرسے جوڑنے کی ضرورت: شاہد اقبال چودھری

مہمان ذی وقارسکریٹری ڈپارٹمنٹ آف رورل ڈیولپمنٹ، جموں کشمیرشاہد اقبال چودھری نے کہا کہ اسکل اورہنرکی ہردورمیں اہمیت رہی ہے اس لئے نوجوانوں کواسکل اورہنرسے بھی جوڑنے کی ضرورت ہے۔ میں پہلی باراتنا کامیاب پروگرام اورکتاب میلہ دیکھ رہا ہوں۔ قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان اوراین بی ٹی اس کے لئے مبارکباد کی مستحق ہے۔

واضح رہے کہ آج چناراردوکتاب میلہ کا آخری دن تھا۔ اس تقریب میں بیسٹ کلیکشن کا انعام نامک پبلیکیشن کی ڈائریکٹرانجم عامرخان کواور بیسٹ ڈسپلے کا انعام افضل لون مالک ملت پبلیکیشنزسری نگرکودیا گیا۔ آج صبح سے ہی لوگوں کا ازدہام دیکھنے کوملا۔ تقریب تشکروسپاس کا اختتام ڈاکٹرنصیب علی، اسسٹنٹ پروفیسرجواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے شکریہ اورنیشنل اینتھم پرہوا۔ پروگرام کی نظامت ڈاکٹرعبدالباری نے کی۔ پروگرام کے خصوصی شرکا میں پروفیسرزمان آزردہ، ڈاکٹرقاسم خورشید، ڈاکٹرصادقہ نواب سحر، پروفیسراعجازمحمد شیخ اور پروفیسرعارفہ بشریٰ وغیرہ کے نام شامل ہیں۔

بھارت ایکسپریس

Also Read