چین نے باضابطہ طور پر وزیرِاعظم نریندر مودی کو شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے آئندہ سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے مدعو کر لیا ہے، جو رواں ماہ کے آخر میں چین کے شہر تیانجن میں منعقد ہو گا۔ یہ اعلان چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان گو جیاکن نے جمعہ کے روز بیجنگ میں ایک پریس بریفنگ کے دوران کیا۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ’’چین وزیرِاعظم مودی کو SCO تیانجن سربراہی اجلاس میں خوش آمدید کہتا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ تمام فریقوں کی مشترکہ کوششوں سے یہ اجلاس اتحاد، دوستی اور مثبت نتائج کی علامت بنے گا اور SCO نئی جہتوں کے ساتھ ترقی کرے گا۔‘‘
چینی وزارت خارجہ کے مطابق یہ اجلاس 31 اگست سے 1 ستمبر تک جاری رہے گا، جس میں SCO کے تمام رکن ممالک کے سربراہان سمیت 20 سے زائد دیگر ممالک کے لیڈران اور 10 بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندگان شرکت کریں گے۔ تاہم ابھی تک ہندوستانی وزارتِ خارجہ نے وزیرِاعظم کی ممکنہ شرکت پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ہے۔ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت پر سامنے آئی ہے جب امریکہ نے روس سے تیل کی خریداری پر ہندوستان پر محصولات عائد کیے ہیں۔
وزیرِاعظم مودی نے اس سے قبل چین کا دورہ 2018 میں دو بار کیا تھا۔ پہلی بار اپریل میں ووہان میں انڈیا-چین غیر رسمی اجلاس کے لیے اور دوسری بار جون میں SCO سربراہ اجلاس کے لیے چنگ داؤ میں۔ ان کی آخری ملاقات چینی صدر شی جن پنگ سے اکتوبر 2024 میں روس کے شہر کازان میں 16ویں BRICS اجلاس کے دوران ہوئی تھی۔ اس ملاقات میں دونوں لیڈران نے مشرقی لداخ میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول (LAC) پر مشترکہ گشت کے نئے انتظامات پر رضامندی ظاہر کی تھی اور سرحدی امن و امان کے لیے اسپیشل نمائندگان کی جلد ملاقات پر اتفاق کیا تھا۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

