Bharat Express

Buxar Protest: بکسر میں مظاہرین کا پھوٹا غصہ، اشونی چوبے کے قافلے پر ہوا حملہ، بال بال بچے مرکزی وزیر

Union Minister Ashwini Choubey: مرکزی وزیر اشونی چوبے بکسر-چوسا کے بنار پور پہنچے تھے۔ یہاں ان پر لوگوں کا غصہ پھوٹ پڑا۔ ان کے قافلے پر پتھراؤ کیا گیا۔ ساتھ ہی ان کے خلاف جم کر نعرے بازی کی گئی۔

بکسر میں مرکزی وزیر اشونی چوبے کے قافلے پر کسانوں نے حملہ کردیا۔

بہارکے بکسر ضلع میں مرکزی وزیر اشونی کمار چوبے کے قافلے پر حملہ ہوا ہے۔ بتایا جار ہا ہے کہ اشونی چوبے کسانوں کو خطاب کرنے پہنچے تھے، لیکن اسی درمیان ناراض کسانوں نے وزیر اشونی چوبے کے قافلے پر اینٹ-پتھر پھینکے۔ حالانکہ وہ اس حادثہ میں بال بال بچ گئے۔

ناراض کسانوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے وہ احتجاج کر رہے ہیں، کوئی ان کی خیریت معلوم کرنے نہیں پہنچا۔ کسانوں کی ناراضگی کا مرکزی وزیر اشونی کمار چوبے کو سامنا کرنا پڑا۔ مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ 86 دنوں میں کوئی نہیں آیا۔ جب پولیس نے ان کے گھروں میں گھس کر خواتین اور بچوں سے مار پیٹ کی تو بھی کوئی مدد کے لئے نہیں آیا۔

بکسر تشدد سے متعلق اشونی کمار چوبے نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ کہتے ہیں کہ ہمیں اس کی جانکاری نہیں ہے تو حکومت کون چلا رہا ہے؟ آپ کا جانچ عمل کہاں ہے؟ بکسرمیں آگ لگ گئی، ماں- بہنوں پر لاٹھیاں برسائی گئیں، پوری دنیا نے دیکھا، لیکن وہ کہتے ہیں کہ انہیں معلوم نہیں۔ وہیں بکسر میں پیش آئے سانحہ کو بی جے پی لیڈر اشونی چوبے نے بدقسمتی والا قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سے پیٹا گیا، وہ بدقسمتی والا ہے اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار پوری طرح سے ‘دھرت راشٹر کمار’ بن کر بیٹھےہوئے ہیں۔

الزام ہے کہ منگل کی دیر رات پولیس کی ایک ٹیم بنارپور گاؤں کے کئی گھروں میں گھس گئی اور لوگوں کی جم کر پٹائی کردی۔ پولیس نے خواتین کو بھی نہیں چھوڑا۔ اس حادثہ کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد گاؤں کے لوگ ناراض ہوگئے اور صبح پروجیکٹ سائٹ کے گیٹ پر دھاوا بول دیا۔ اس دوران گیٹ میں آگ لگا دی اور گاڑیاں پھونک دی گئیں۔

-بھارت ایکسپریس

Also Read