
بہار انتخابات سے قبل وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اپنی کابینہ میں توسیع کی ہے۔ منگل کی شام چار بجے گورنر نے نئے وزراء کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ کابینہ کی توسیع سے ٹھیک پہلے دلیپ جیسوال نے وزیر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس توسیع میں سات نئے وزراء کو شامل کیا گیا، یہ سبھی بی جے پی کوٹے سے ہیں۔
حلف لینے والے وزراء کی فہرست میں سنجے سراوگی (ایم ایل اے، دربھنگہ)، سنیل کمار (ایم ایل اے، بہار شریف)، جیوش مشرا (ایم ایل اے، جلے)، راجو کمار سنگھ (ایم ایل اے، صاحب گنج)، موتی لال پرساد (ایم ایل اے، ریگا)، وجے کمار منڈل، کرشن کمار منٹو شامل ہیں۔ کابینہ کی اس توسیع کو ریاست میں 2025 میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل سیاسی توازن برقرار رکھنے کی حکمت عملی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔