نئی دہلی: بھارت ایکسپریس نیوز نیٹ ورک کے زیرِاہتمام بھارت ایکسپریس اردو کا تیسرا کانکلیو ’بزم صحافت‘ اردو زبان، اردو صحافت اور سیاسی و سماجی مکالمے میں اردو کے مؤثر کردارکو اجاگر کرنے کے لیے ایک عظیم الشان قومی پروگرام کے طورپرمنعقد کیا جا رہا ہے۔ یہ کانکلیو اردو زبان کی تہذیبی وادبی اہمیت، بدلتے ہوئے صحافتی منظرنامے میں اردو صحافت کے کردار اور قومی سطح پر سیاسی و سماجی مباحث میں اردو کی بڑھتی ہوئی معنویت کو نمایاں کرنے کی ایک اہم کوشش ہے۔ پروگرام کا مقصد اردو کے فروغ کے ساتھ ساتھ قومی تعمیر اور عوامی مکالمے میں اردو صحافت کی اہمیت کو اجاگر کرنا بھی ہے۔ ’بزم صحافت‘ میں مرکزی حکومت کے وزرا، سابق وزرا، ارکانِ پارلیمنٹ، مختلف سیاسی جماعتوں کے سرکردہ لیڈر، سینئر صحافی، ماہرینِ تعلیم اور ملک کے معروف شعرا و ادبا ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع ہوں گے۔ ان شخصیات کی شرکت سے پروگرام میں مختلف شعبوں سے وابستہ تجربات، خیالات اور نقطۂ نظر کو ایک جامع انداز میں پیش کرنے کا موقع ملے گا۔ کانکلیو کے دوران اردو زبان کے فروغ، اردو صحافت کی موجودہ صورتِ حال، قومی تعمیرمیں اردوصحافت کے کرداراورملک میں سیاسی و سماجی مکالمے کو مضبوط بنانے میں اردو کی اہمیت سمیت مختلف اہم موضوعات پر سیر حاصل گفتگو ہوگی۔ بدلتے ہوئے میڈیا کے دور میں اردو صحافت کو درپیش چیلنجز، ڈیجیٹل صحافت کے نئے امکانات اوراردوزبان کونئی نسل سے جوڑنے جیسے اہم پہلو بھی ’بزم صحافت‘ کے مباحث کا حصہ ہوں گے۔ ممتاز شخصیات کی شرکت سے یہ کانکلیواردوکے حال، مستقبل اورقومی سطح پراس کے بڑھتے ہوئے کردار پر ایک بامعنی مکالمے کی صورت اختیار کرے گا۔ بھارت ایکسپریس اردوکانکلیو ’بزم صحافت‘ اردو زبان کے فروغ، اردو صحافت کی نئی سمتوں اورقومی مکالمے میں اردوکے مقام کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی ایک باوقار مثال ہے۔
افتتاحی اجلاس میں مرکزی وزرا سمیت اہم شخصیات کی شرکت
پروگرام کا افتتاحی اجلاس صبح 10:15 بجے سے 11:45 بجے تک ہوگا۔ مرکزی وزیربرائے پارلیمانی امورکرن رجیجو بطورچیف گیسٹ شرکت کریں گے، جبکہ مرکزی وزیر ثقافت و سیاحت گجیندر سنگھ شیخاوت اور دہلی کے سابق لیفٹیننٹ گورنر نجیب جنگ بھی افتتاحی اجلاس میں موجود رہیں گے۔ سابق مرکزی وزیراوربی جے پی کے قومی ترجمان سید شاہنوازحسین مہمانِ اعزازی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔۔ نیشنل کمیشن فار مائنارٹی ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز (NCMEI) کے چیئرمین (آفیشیٹنگ) پروفیسر ڈاکٹر شاہد اختر بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
سی ایم ڈی اپیندر رائے کا کلیدی خطاب
افتتاحی اجلاس میں بھارت ایکسپریس نیوز نیٹ ورک کے چیئرمین و ایڈیٹر اِن چیف شری اپیندر رائے کلیدی خطاب کریں گے۔ وہ اردو زبان، صحافت اور قومی سطح پر میڈیا کے کردار سے متعلق اہم نکات پیش کریں گے۔ نیشنل کونسل فار پروموشن آف اردو لینگویج (NCPUL) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد شمس اقبال استقبالیہ خطاب کریں گے، جبکہ بھارت ایکسپریس اردو کے ایڈیٹر ڈاکٹر خالد رضا خان تعارفی خطاب پیش کریں گے۔ پروگرام کی نظامت بھارت ایکسپریس اردو کے چیف سب ایڈیٹر ڈاکٹر نثار احمد خان کریں گے۔
این سی پی یو ایل اور حکومت ہند پر ڈاکیومنٹری فلم
افتتاحی اجلاس کے بعد 11:45 بجے سے 12 بجے تک چائے کا وقفہ ہوگا۔ اس کے بعد این سی پی یو ایل اور حکومت ہند کے حوالے سے ایک خصوصی ڈاکیومنٹری فلم پیش کی جائے گی۔ ڈاکٹر حمید اللہ بھٹ اس ڈاکیومنٹری فلم کو ریلیز کریں گے۔ ڈاکیومنٹری فلم کا سیشن 12 بجے سے 12:35 بجے تک جاری رہے گا۔
پہلا سیشن: این سی پی یو ایل کے کردار پر خصوصی پینل ڈسکشن
پروگرام کا پہلا سیشن 12:40 بجے سے 1:30 بجے تک پینل ڈسکشن کی شکل میں ہوگا۔ اس سیشن میں اردو زبان کے فروغ اور این سی پی یو ایل کے کردار سے متعلق اہم امور پر گفتگو کی جائے گی۔ پینل میں سابق راجیہ سبھا رکن، سینئر صحافی اور این سی پی یو ایل کے سابق وائس چیئرمین شاہد صدیقی، این سی پی یو ایل کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر حمید اللہ بھٹ، این سی پی یو ایل کے سابق وائس چیئرمین چندربھان خیال، این سی پی یو ایل کے سابق ڈائریکٹر پروفیسر ارتضیٰ کریم اور موجودہ ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد شمس اقبال شریک ہوں گے۔ اس سیشن کی نظامت بھارت ایکسپریس اردو کے ایڈیٹر ڈاکٹر خالد رضا خان کریں گے۔ پہلے سیشن کے بعد دوپہر 1:30 بجے سے 2:15 بجے تک کھانے کا وقفہ ہوگا۔
دوسرا سیشن: قومی تعمیر میں اردو صحافت کا اہم کردار
دوسرا سیشن دوپہر 2:15 بجے سے 2:45 بجے تک ہوگا، جس کا موضوع ’’قومی تعمیر میں اردو صحافت کا کردار‘‘ ہوگا۔ اس سیشن میں پریس انفارمیشن بیورو، نئی دہلی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرڈاکٹرایم ایم شہبازحسیبی، سینئرصحافی، شاعر ومصنف تحسین منور، سینئرصحافی اورایڈیٹر’سیاسی تقدیراردو‘ محمد مستقیم خان، سینئرصحافی ونیوزاینکرخورشید ربانی، سینئرصحافی اطہرسعید اورسینئرصحافی، شاعرہ ومصنف ڈاکٹروسیم راشد اظہارِخیال کریں گے۔ اس سیشن کی نظامت بھارت ایکسپریس اردو کے چیف سب ایڈیٹرڈاکٹرنثاراحمد خان کریں گے۔ مقررین اردوصحافت کی موجودہ صورتحال، اس کے مسائل وامکانات اورملک کی تعمیروترقی میں اردو صحافت کے کردارپرروشنی ڈالیں گے۔

تیسرا سیشن: سیاسی مکالمے میں اردو کی طاقت
پروگرام کا اہم ترین سیشن شام 3 بجے سے 4:45 بجے تک ’’سیاسی مکالمے میں اردوکا کردار‘‘ کے موضوع پرہوگا۔ اس سیشن میں مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ کئی بڑے نام ایک پلیٹ فارم پر نظر آئیں گے۔ مرکزی وزیر مملکت رام داس اٹھاولے، وزیر مملکت پروفیسر ایس پی سنگھ بگھیل، اتر پردیش کے نائب وزیراعلیٰ برجیش پاٹھک، لوک سبھا رکن جگدمبیکا پال اورسابق مرکزی وزیرسلمان خورشید اس سیشن کے نمایاں مقررین میں شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ سابق رکن لوک سبھا برج بھوشن شرن سنگھ، کے سی تیاگی، راجیہ سبھا رکن ڈاکٹرسید ناصرحسین، عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا رکن ڈاکٹرسنجے سنگھ، شری کلکی دھام سنبھل کے پیٹھادھیشور آچاریہ پرمود کرشنم اور اتر پردیش کے وزیر دانش آزاد انصاری بھی سیشن میں شریک ہوں گے۔ بی جے پی کے سابق راجیہ سبھا رکن وقومی ترجمان سید ظفراسلام، آل انڈیا مہیلا کانگریس کی صدرالکا لامبا، بی جے پی ترجمان وسیاسی تجزیہ کار آلوک وتس، دہلی حکومت کے سابق وزیر ہارون یوسف، جامعہ ہمدرد کے رجسٹرارکرنل طاہرمصطفیٰ اورایم آرایم کی قومی کنوینرڈاکٹرشالنی علی بھی اس اہم سیشن کا حصہ ہوں گے۔ اس سیشن میں سیاسی گفتگو، عوامی رابطے اور قومی سطح پر مختلف طبقات کے درمیان مکالمے میں اردو زبان کے کردار پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ مختلف سیاسی نظریات رکھنے والے لیڈروں اور ماہرین کی شرکت کے باعث یہ سیشن پروگرام کی خاص توجہ کا مرکزبننے کی توقع ہے۔
پانچواں سیشن: آل انڈیا مشاعرہ و کوی سمیلن
پروگرام کا اختتامی سیشن شام 4 بجے سے 7 بجے تک آل انڈیا مشاعرہ وکوی سمیلن پرمشتمل ہوگا۔ اس ادبی شام میں ملک کے معروف شعرا اورشاعرات اپنی شاعری اورکلام پیش کریں گے۔ مشاعرہ وکوی سمیلن میں برکھا سنگھ، اقبال اشہر، پروفیسررحمان مصور، انا دہلوی، انامیکا جین عنبر، علینا عترت، شالنی سنگھ، معین شاداب، اختراعظمی، انس فیضی، ہمانشی بابرہ، ڈاکٹرحبیب الرحمن، خوشبو پروین، سفیرصدیقی اورڈاکٹرنوازش طالب شرکت کریں گے۔
سیاست، صحافت، اردو اورادب کا ایک منفرد پلیٹ فارم
یہ پورا پروگرام اردوزبان وادب کے ساتھ ساتھ اردوصحافت اورسیاسی مکالمے میں اردوکے کردارکونئی سمت دینے کی کوشش کے طورپراہم قراردیا جا رہا ہے۔ ایک ہی پلیٹ فارم پرمرکزی وزرا، سابق وزرا، ارکان پارلیمنٹ، سیاسی لیڈران، سینئرصحافی، ماہرین تعلیم اورممتازشعرا کی موجودگی پروگرام کوخاص اہمیت فراہم کرتی ہے۔ افتتاحی اجلاس سے شروع ہونے والا یہ پروگرام این سی پی یو ایل سے متعلق ایک ڈاکیومنٹری (دستاویزی فلم)، اردو کے فروغ پرپینل ڈسکشن، قومی تعمیرمیں اردو صحافت کا کرداراورسیاسی مکالمے میں اردو کی اہمیت پرمباحثے سے گزرتا ہوا آل انڈیا مشاعرہ و کوی سمیلن کے ساتھ اختتام پذیرہوگا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
