Bharat Express DD Free Dish

ملک کے پہلے شہید صحافی مولوی محمد باقر کو بھارت ایکسپریس اردو نے پیش کیا خراج عقیدت، انڈیا اسلامک کلچرل سینٹرمیں اردو صحافیوں کو اعزاز سے سرفراز کیا گیا، صحافیوں کا شاندار مشاعرہ

بھارت ایکسپریس اردو کی جانب سے منعقدہ تقریب کی سب سے اہم انفرادیت یہ تھی کہ دہلی کے اردو صحافیوں اور مختلف اخبارات کے ایڈیٹرحضرات کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں اعزازسے سرفرازکیا گیا۔ اس موقع پرمختلف شعبہ ہائے جات سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔

نئی دہلی: بھارت ایکسپریس نیوزنیٹ ورک کے تحت بھارت ایکسپریس اردو نے ملک کے پہلے شہید صحافی مولوی محمد باقرکے یومِ شہادت پرانہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے 16 ستمبرکی شام انڈیا اسلامک کلچرل سینٹرمیں’’بزمِ صحافت‘‘ کے عنوان سے ایک شاندارپروگرام کا انعقا د کیا، جس میں نہ صرف ملک کے نامورلیڈران اوردانشوران نے بطورمقرراورمہمانان شرکت کی، بلکہ سامعین میں بھی ملک کے معزز صحافیوں، ادیبوں اوردانشوروں کی ایک کہکشاں موجود تھی۔ اس پروگرام کے تکنیکی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے سینئرایڈوکیٹ زیڈ کے فیضان نے کہا کہ مولوی محمد باقرجیسے عظیم صحافی اورمجاہد آزادی کویاد کرتے ہوئے کہا کہ جب جنگ آزادی کے مجاہدوں کی بات آتی ہے تو مولوی محمد باقرکا نام لینے والے نہیں کے برابرہیں۔ لہٰذا ہمارے لیے یہ ضروری ہے کہ ہم لوگوں تک ان کا نام پہنچائیں۔ بھارت ایکسپریس اردوکا یہ پروگرام اس سلسلے میں نہایت اہم ہے اوراس کے لیے میں انھیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے بھارت ایکسپریس کے سی ایم ڈی اورایڈیٹران چیف اپیندررائے، بھارت ایکسپریس اردوکے ایڈیٹراورکنوینرڈاکٹرخالد رضا خان اور کو کنوینر ڈاکٹرنثاراحمد خان سمیت پوری ٹیم کی کوششوں کوسراہا۔

مختلف شعبوں سے وابستہ افراد نے مولوی محمد باقرکو پیش کیا خراج عقیدت

اس پروگرام میں مہمان خصوصی کے طورپرسینئربی جے پی لیڈراوررکن پارلیمنٹ جگدمبیکا پال نے شرکت کرتے ہوئے مولوی محمد باقر کو یاد کیا۔ انھوں نے کہا کہ اپنا فرض ادا کرنے کے لیے اپنی جان کی قربانی دینے والے مولوی محمد باقرکوہم خراج پیش کرتے ہیں۔ آج بھی ملک کے حصوں میں جوجاں بازصحافی ہیں، مولوی محمد باقرکی شخصیت ان کے لیے رول ماڈل کی طرح ہے۔ ان کے علاوہ سابق وزیر خارجہ اورانڈیا اسلامک کلچرل سینٹرکے صدرسلمان خورشید نے بھی اس تقریب میں شرکت کرتے ہوئے ملک کے پہلے شہید صحافی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

پروفیسرشاہد اخترنے مولوی محمد باقر سے متعلق کیا بڑا اعلان

نیشنل کمیشن برائے اقلیتی تعلیمی ادارہ جات (این سی ایم ای آئی) کے کارگزارچیئرمین پروفیسر(ڈاکٹر) شاہد اخترنے بطورمہمان خصوصی اس تقریب میں شرکت کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’ ملک سے محبت اوراس کے لیے قربانی دینے اوراس کے لیے قربان ہوجانے کی روایت مولوی محمد باقرکے نام سے روشن ہے۔ میں این سی ایم ای آئی کے تحت آنے والے تمام اداروں کوخط لکھوں گا کہ وہ مولوی محمد باقر کے بارے میں طلبا کوضرورپڑھائیں۔ وہیں مہمان خصوصی جامعہ ہمدرد کے رجسٹرارکرنل طاہرمصطفیٰ نے کہا کہ مولوی محمد باقرکی شہادت کا بیان کرنے سے میرے الفاظ قاصرہیں، کیوں کہ انھوں نے وطن کے لیے جس طرح اپنی جان کی قربانی دی، اس کی مثال نہیں ملتی۔ اس کے علاوہ انڈیا اسلامک کلچرل سینٹرکے سابق صدرسراج الدین قریشی بھی بطورمہمان خصوصی مدعو تھے، تاہم وہ دہلی سے باہرہونے کی وجہ سے شریک نہیں ہوسکے، لیکن ان کے بیٹے ثمرقریشی نے اس پروگرام میں ان کی نمائندگی کی۔ وہیں مہمان ذی وقارآل انڈیا یونانی طبی کانگریس کے جنرل سکریٹری ڈاکٹرسید احمد خان نے اس تقریب میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آج بھی صحافت کا وہی معیارقائم کرنے کی ضرورت ہے، جومولوی محمد باقرسےمنسوب ہے۔ اس کے علاوہ ملک کے موقردانشوران اورصحافیوں نے بطورمقررین شرکت کی اور مولوی محمد باقرکی خدمات پرروشنی ڈالتی ہوئے ان کو خراج پیش کیا۔

’’نیوزمین آف انڈیا‘‘ کو اعزاز سے نوازا گیا

اس موقع پر بے لوث خدمات انجام دینے والے ’’نیوزمین آف انڈیا‘‘ کے نام سے مشہور شفیق الحسن کو بھارت ایکسپریس نے خصوصی اعزاز سے نوازا اوران کی خدمات کا اعتراف کیا۔ واضح رہے کہ وہ 8 سالوں سے ہرروزبلا ناغہ نیوزکلیپنگ کرتے ہیں اورلوگوں تک سوشل میڈیا اورواٹس اپ کے ذریعہ لوگوں تک پہنچاتے ہیں۔ ان کی خدمات کااعتراف تمام حلقوں میں کیا جاتا ہے۔ شفیق الحسن نے اس اعزاز کے لئے بھارت ایکسپریس اردواوربھارت ایکسپریس نیوزنیٹ ورک کے سی ایم ڈی اورایڈیٹراِن چیف اپیندررائے کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

مقررین نے مولوی ممد باقرپر تفصیل سے روشنی ڈالی

سابق رکن پارلیمنٹ اورسینئرصحافی شاہد صدیقی نے اپنے خطاب میں بھارت ایکسپریس اردوکومبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولوی محمد باقرصرف اردوصحافت کے نہیں بلکہ پوری دنیا میں آزاد صحافت کی روشن علامت ہیں۔ معروف صحافی معصوم مرادآبادی نے اردو صحافت کی تاریخ پربھرپورگفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ’’انگریزوں نے مولوی محمد باقرکے ساتھ جوسلوک کیا اورجس بے دردی سے ان کی جان لی، اس کے بارے میں پڑھتے ہوئے رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں۔ ماہرتعلیم اورمصنف کلیم الحفیظ نے کہا کہ مولوی محمد باقر کا سب سے بڑا کمال یہ ہے انھوں نے انگریزوں کے ذریعے ہندوستانیوں میں ہندومسلم تفرقہ پیدا کرنے کی کوششوں کوناکام بنانے کے لیے اپنی جان تک گنوا دی۔  ڈی ڈی نیوزکی اینکرریشما فاروقی نے بھی اس موقع پرمولوی محمدباقرکویاد کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن اردوصحافت کی تاریخ کاایسا دن ہے، جسے کبھی بھی نظراندازنہیں کیا جا سکتا۔ مولوی محمد باقرکی شہادت اوران کا نام تاریخ میں ہمیشہ سنہرے الفاظ سے درج رہے گا۔ وہیں سینئرصحافی اورپریس کلب آف انڈیا کے اہم رکن اے یوآصف نے کہا کہ مولوی محمد باقرنہ صرف ہندوستان کے پہلے شہید صحافی تھے، بلکہ انھوں نے ہی ملک میں انوسٹیگیٹوجرنلزم کی بنیاد رکھی۔ وہ جرنلزم کی اس شاخ کے بابا آدم ہیں۔

بھارت ایکسپریس اردو کی کوشش کو سراہا گیا

اس سیشن کے اختتام پرتمام مہمانان اورمقررین کو بھارت ایکسپریس اردوکی طرف سے شاندارمومنٹواورشال پیش کرتے ہوئے ان کا اعزاز کیا گیا۔ اس موقع پرخاص طورپرانڈیا اسلامک کلچرل سینٹرکے سابق صدرسراج الدین قریشی کا اعزازان کے صاحبزادے ثمرقریشی نے قبول کیا۔ آئی آئی ایم سی کے پروفیسرراکیش کماراپادھیائے، انڈیا اسلامک کلچرل سینٹرکی بی اوٹی رکن پروفیسرشمامہ احمد، سماجی وسیاسی کارکن محمد ہدایت اللہ، ایڈوکیٹ شعبان علی، بی جے پی اقلیتی مورچہ کے قومی نائب صدرعرفان احمد، ڈاکٹرعبداللہ خان رؤف، ڈاکٹرقطب الدین سمیت کئی اہم شخصیات کواعزازسے سرفرازکیا گیا اوربھارت ایکسپریس اردونے ان کی خدمت میں بھی مومنٹواورشال پیش کیا۔ تمام مقررین نے بھارت ایکسپریس اردو کی کوشش کو سراہا اوراس طرح کی تقریب منعقد کرتے رہنے کا مطالبہ کیا گیا۔

سینئراورمعتبرصحافیوں کو اعزاز سے سرفراز کیا گیا

اس تقریب کی سب سے اہم اورمنفرد خصوصیت یہ تھی کہ دہلی کے مختلف اخبارات کے ایڈیٹرحضرات اورصحافیوں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں اعزازسے سرفرازکیا گیا۔ روزنامہ سیاسی تقدیرکے ایڈیٹرمحمد مستقیم خان، سینئرصحافی اورمختلف نیوزچینلزسے وابستہ رہے معروف رضا، منصف ٹی وی کے ایڈیٹرخورشید ربانی، سینئرصحافی ڈاکٹرمظفرحسین غزالی، پریس انفارمیشن بیورو(پی آئی بی) کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرشہبازحسیبی، سینئرصحافی ڈاکٹرایم رحمت اللہ، روزنامہ ہمارا سماج کے ایڈیٹر صادق شیروانی، سینئرصحافی محمد اطہرالدین منے بھارتی، سینئرصحافی اورشاعر ڈاکٹرممتازعالم رضوی، سائبان کے گروپ ایڈیٹر ڈاکٹر جاوید رحمانی، روزنامہ سچ کی آوازکے ریزیڈنٹ ایڈیٹرجمشید عادل، ایشیا ٹائمزکے ایڈیٹراشرف بستوی، اے بی سی کمیونی کیشن کے بانی ظہیرالحسن، پی آئی بی کے لینگویج ایکسپرٹ سبطین کوثر، سینئرصحافی ونیوزاینکرکشفی شمائل، فیس گروپ کے ایڈیٹرڈاکٹرمشتاق احمد، وطن سماچارکے ایڈیٹرمحمد احمد خان، ہماری دنیا کے ایڈیٹرمحمد خان، آکاش وانی کے نیوزریڈرفیصل خان، ملت ٹائمزکے مینیجنگ ایڈیٹرمحمدافسروغیرہ کا شال اوڑھا کر اعزازکیا گیا۔

یہ پروگرام بھارت ایکسپریس نیوزنیٹ ورک کے ایڈیٹراِن چیف اورسی ایم ڈی اپیندررائے کی سرپرستی میں بھارت ایکسپریس اردو کی ٹیم نے منعقد کیا تھا، جس کے کنوینربھارت ایکسپریس اردوکے ایڈیٹرڈاکٹرخالد رضا خان اورمعاون کنویربھارت ایکسپریس اردوکے چیف سب ایڈیٹر ڈاکٹرنثاراحمد خان تھے۔ پہلے سیشن کی نظامت کی ذمہ داری بھارت ایکسپریس اردوکے چیف سب ایڈیٹرڈاکٹرنثاراحمد خان نے انجام دیئے۔

صحافیوں کے مشاعرہ میں اہم شعرائے کرام کی شرکت

دوسرا سیشن صحافیوں کے مشاعرے پرمشتمل تھا۔ اس سیشن کی صدارت ملک کے ممتازشاعراورسینئرصحافی ڈاکٹرماجد دیوبندی نے کی۔ اس سیشن میں بطور مہمان خصوصی ممتاز شاعرہ ڈاکٹرانا دہلوی نے شرکت کی جبکہ نظامت کی ذمہ داری معروف ناظم مشاعرہ اورسینئر صحافی معین شاداب نے نبھائی۔ بطورمہمان شعرائے کرام سینئرصحافی جاوید قمر، تحسین منور، ارشد ندیم، ڈاکٹروسیم راشد، ڈاکٹرافروز طالب، ڈاکٹرفرمان چودھری، ڈاکٹرحبیب الرحمٰن، خوشبو پروین اورسفیرصدیقی نے شرکت کی۔ یہ مشاعرہ رات 10 بجے تک چلا اوراخیر تک ہال بھرا ہوا تھا۔ خاص بات یہ رہی کہ پہلے سیشن کے مہمان خصوصی سابق مرکزی وزیراورانڈیا اسلامک کلچرل سینٹرکے صدرسلمان خورشید مشاعرے میں اخیر تک موجود رہے۔ تمام شعراء نے اپنے شاندارکلام سے سامعین کومحظوظ کیا۔ ساتھ ہی بھارت ایکسپریس کے سی ایم ڈی اورایڈیٹراِن چیف اپیندررائے اوربھارت ایکسپریس اردوکی پوری ٹیم کی کوششوں کوسراہا اورانہیں مبارکباد پیش کی۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read