Bharat Express

BBC Income Tax Survey: بی بی سی کے دہلی اور ممبئی دفتر میں پوری رات چلا انکم ٹیکس کا سروے، آج بھی جاری رہنے کا امکان

BBC IT Survey: پریس کلب آف انڈیا نے بی بی سی کے دہلی اور ممبئی واقع دفترمیں انکم ٹیکس سروے کی سخت مذمت کی ہے۔

بی بی سی دفتر

BBC IT Survey: بی بی سی کے دہلی اور ممبئی واقع دفاتر میں منگل کی صبح سے جاری انکم ٹیکس محکمہ کا ’سروے‘ ابھی جاری ہے۔ حالانکہ ابھی تک انکم ٹیکس یا وزارت داخلہ کی طرف سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، انکم ٹیکس محکمہ کے افسران نے دفاتر میں ملازمین سے فون اورلیپ ٹاپ ضبط کئے ہیں۔

بتایا جا رہا ہے کہ یہ ’سروے‘ 2002 کے گجرات فسادات پر بی بی سی کے ذریعہ دو پارٹ والی ڈاکیومنٹری کے بعد سامنے آیا ہے، جس نے پورے ملک میں ہنگامہ کھڑا کردیا تھا۔ میڈیارپورٹ کے مطابق، انکم ٹیکس محکمہ کے افسران گزشتہ کچھ سالوں سے متعلق برطانیہ کے برٹش براڈکاسٹنگ کارپوریشن (قومی نشریاتی ادارے) کے ٹیکس کی تفصیلات کی جانچ کر رہے ہیں۔

بی بی سی نے منگل کے روز دوپہرکے وقت ٹوئٹ کیا تھا، انکم ٹیکس افسران اس وقت نئی دہلی اور ممبئی میں بی بی سی کے دفاترمیں ہیں اور ہم پورا تعاون کر رہے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ اس صورتحال کو جلدازجلد حل کیا جائے گا۔ ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تلاشی مہم شروع ہونے کے 6 گھنٹے کے بعد ملازمین کوان کے لیپ ٹاپ اسکین کرنے کے بعد ہی جانے دیا گیا۔

پریس کلب آف انڈیا نے کی مذمت

پریس کلب آف انڈیا (پی سی آئی) نے منگل کے روز بی بی سی کے دہلی اورممبئی واقع دفاتر میں انکم ٹیکس سروے کی سخت مذمت کی ہے۔ پی سی آئی نے ایک بیان میں کہا، ’سروے‘ حال کے دنوں میں سرکاری ایجنسیوں کے ذریعہ میڈیا پر کئے گئے حملوں کی سیریز کا حصہ ہے۔ خاص طور پرمیڈیا کے ان طبقوں کے خلاف جنہیں حکومت مخالف یا دشمن مانتی ہے اور وہ برسراقتدارجماعت کی تنقید کرتے ہیں۔

ایڈیٹرس گلڈ نے ظاہر کی تشویش

ایڈیٹرس گلڈ آف انڈیا نے منگل کو بی بی سی انڈیا کے دفاتر میں انکم ٹیکس سروے پر تشویش کا اظہار کیا۔ ایڈیٹرس گلڈ نے کہا کہ یہ سروے اقلیتوں کی موجودہ صورتحال اور گجرات میں 2002 کے تشدد پر مبنی بی بی سی ڈاکیومنٹری کی ریلیز کے بعد آیا ہے۔

’پریس کی آزادی کو کچلنے کی مہم‘: کانگریس

کانگریس نے منگل کو دہلی اور ممبئی میں بی بی سی دفاتر میں انکم ٹیکس سروے سے متعلق تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ یہ پریس کی آزادی کو کچلنے کی مہم ہے۔

بی بی سی دنیا کا سب سے’بدعنوان بکواس کارپوریشن‘: بی جے پی

بی جے پی ترجمان گورو بھاٹیا نے منگل کے روز برٹش براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (بی بی سی) کو دنیا کا سب سے ’بدعنوان بکواس کارپوریشن‘ قراردیتے ہوئے کہا کہ اس میڈیا گروپ کے خلاف انکم ٹیکس کا جاری سروے آپریشن ضوانط اورآئین کے تحت ہے۔

 -بھارت ایکسپریس