اسدالدین اویسی۔ (تصویر: اے این آئی)
Asaduddin Owaisi on Jaipur Mumbai Train Firing: مہاراشٹرکے پال گھر ریلوے اسٹیشن کے پاس ایک چلتی ٹرین میں چار افراد کا قتل کئے جانے میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) سربراہ اسدالدین اویسی نے سخت ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے مرکزی حکومت پر تنقید کی ہے۔ پیر کے روز (31 جولائی) کو صبح جے پور-ممبئی سینٹرل ایکسپرس میں چیتن کمار چودھری نام کے ایک آرپی ایف کانسٹبل نے چارافراد کا گولی مارکر مبینہ طور پر قتل کردیا۔
حادثہ سے متعلق اسدالدین اویسی نے کیا کہا؟
ایکس ہینڈل (ٹوئٹر) سے ٹوئٹ کئے گئے ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے لکھا، ”یہ ایک دہشت گردانہ حملے جیسا ہے، جس میں خاص طور پر مسلمانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ یہ مسلم مخالف ہیٹ اسپیچ اور نریندر مودی کی اسے ختم کرنے کی خواہش نہ ظاہر کرنے کا نتیجہ ہے۔”
حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے سوال اٹھاتے ہوئے مزید لکھا، ”کیا ملزم آرپی ایف جوان مستقبل میں بی جے پی کا امیدوار بنے گا؟ کیا اس کی ضمانت کو حکومت حمایت دے گی؟ کیا رہا ہونے پر اسے مالا پہنائی جائے گی؟ غلط ثبات ہونے پر خوشی ہے۔”
چاروں متاثرین نے موقع پر دم توڑ دیا
آرپی ایف کانسٹبل کی پہچان 30 سالہ چیتن سنگھ کے طور پر ہوئی ہے۔ حادثہ کی جگہ پر جی آرپی پولیس اورآرپی ایف پولیس موجود ہے۔ جے پور-ممبئی ایکسپریس (12956) ٹرین کے بی-5 کوچ میں پیر کی صبح 5 بج کر 23 نٹ پر یہ گولی باری ہوئی۔ چاروں متاثرین نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ آرپی ایف کانسٹبل نے گولی کیوں چلائی، اس کا پتہ ابھی نہیں چل پایا ہے۔
آرپی ایف کانسٹبل نے اے کے-47 سے چلائی گولی
ملزم آرپی ایف چیتن سنگھ نے اپنے پاس موجود اے کے-47 سے گولی چلائی۔ ریلوے کے پولیس کمشنر اور سینئر افسر بوری ولی ریلوے اسٹیشن پہنچے ہیں۔ ملزم کو بوری ولی جی آرپی نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے اور پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ فائرنگ میں مارے گئے ایک مسافر کا نام اصغر ہے، جو بہار کا رہنے والا ہے۔
چلتی ٹرین میں گولی چلنے سے مچ گیا ہنگامہ
جیسے ہی چلتی ٹرین میں گولی باری ہوئی تو ہنگامہ مچ گیا۔ فی الحال پولیس ٹرین کے مسافروں کے بیان بھی درج کر رہی ہے۔ پولیس پورے معاملے کی جانچ میں مصروف ہوگئی ہے۔ مغربی ریلوے نے بیان میں کہا، ’’پال گھراسٹیشن پار کرنے کے بعد ایک آرپی ایف کانسٹبل نے چلتی جے پور ایکسپریس ٹرین کے اندر گولی باری کردی۔ اس نے ایک آرپی ایف اے ایس آئی اور تین دیگرمسافروں کو گولی مار دی۔ اس کے بعد دہیسراسٹیشن کے پاس وہ ٹرین سے باہر کود گیا۔ ملزم سپاہی کو ہتھیار سمیت حراست میں لے لیا گیا ہے۔‘‘