Urdu Conclave 2026

Ande Sri passes away PM Modi express grief: تلنگانہ کی روح کو آواز دینے والے آندے شری نہیں رہے، وزیرِ اعظم نریندر مودی نے  کی اظہارِ تعزیت

معروف کوی، مفکر اور تلنگانہ کی ثقافتی شناخت کی علامت مانے جانے والے آندے شری کے انتقال پر پورے ادبی حلقے میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے ثقافتی اور فکری منظرنامے کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔

تلنگانہ کے ریاستی ترانے ‘جے جے ہے تلنگانہ’ کے خالق اور معروف کوی آندے شری کا پیر کو دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا۔ صبح جب اہلِ خانہ نے انہیں فرش پر گرا ہوا پایا تو فوراً سرکاری گاندھی اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ بتایا گیا ہے کہ وہ پہلے سے ہی ہائی بلڈ پریشر کے مریض تھے۔

دل کو چھو لینے والے الفاظ

وزیرِ اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا کہ “آندے شری کے انتقال سے ہمارے ثقافتی اور فکری منظرنامے میں ایک گہرا خلا پیدا ہو گیا ہے۔ ان کے خیالات تلنگانہ کی روح کی عکاسی کرتے تھے۔ ایک تیز فکر کوی اور مفکر ہونے کے ناطے وہ عوام کی آواز تھے، جنہوں نے ان کے دکھ، خوابوں اور جدوجہد کو الفاظ دیے۔ ان کی کویتاؤں میں دلوں کو جھنجھوڑنے، لوگوں کو متحد کرنے اور سماج کی اجتماعی فکر کو نئی سمت دینے کی طاقت تھی۔ جس طرح انہوں نے سماجی شعور کو کویتا کے ذریعہ بیدار کیا، وہ واقعی غیر معمولی تھا۔ میری ہمدردی ان کے اہلِ خانہ اور مداحوں کے ساتھ ہے۔” آندے شری، جن کی نظمیں اور گیت تلنگانہ تحریک کی آواز بن گئے تھے، انہوں نے اپنے الفاظ کے ذریعے عوام میں نئی بیداری پیدا کی۔ ان کی تخلیقات میں عام لوگوں کی جدوجہد، سماجی انصاف کی پکار اور تلنگانہ کی شناخت کی گونج سنائی دیتی تھی۔

تحریکِ تلنگانہ میں اہم کردار

آندے شری کا اصل نام آندے ییلئیّا تھا۔ انہوں نے اپنے انقلابی نغموں کے ذریعے تلنگانہ ریاستی تحریک میں اہم کردار ادا کیا۔ دسمبر 2023 میں جب کانگریس حکومت برسرِ اقتدار آئی تو ان کے مشہور نغمے ‘جے جے ہے تلنگانہ’  کو باضابطہ طور پر ریاستی ترانے کا درجہ دیا گیا۔

سیاسی و ادبی شخصیات کا اظہارِ افسوس

ان کے انتقال پر تلنگانہ کی سیاست اور ادب کی دنیا میں سوگ کی فضا چھا گئی۔ وزیرِ اعلیٰ اے۔ ریونت ریڈی، مرکزی وزیرِ کوئلہ جی۔ کشن ریڈی، ریاستی بی جے پی صدر این۔ رام چندر راؤ، اور بی آر ایس سربراہ کے۔ چندر شیکھر راؤ سمیت کئی لیڈروں نے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ وزیرِ اعلیٰ ریونت ریڈی نے ایک سرکاری بیان میں کہا کہ آندے شری کا انتقال تلنگانہ کی ادبی اور ثقافتی دنیا کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ مرحوم کوی کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ انجام دیا جائیں۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read