Bharat Express

امیتابھ بچن کا نام، آواز اور تصویر بغیر اجازت استعمال نہیں ہوسکتی: دہلی ہائی کورٹ

سینئر بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن

نئی دہلی، 25 نومبر (بھارت ایکسپریس): دہلی ہائی کورٹ نے جمعہ کوسینئر  بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن کے حق میں ایک عبوری حکم جاری کیا جس میں بگ بی کی اجازت کے بغیر ان کی  تصاویراور آواز کا استعمال نہیں کیا جا سکتا ہے۔ عدالت نے اپنے حکم کے ذریعے مختلف افراد اور اداروں کو ان کی شخصیت اور تشہیر کے حقوق کی خلاف ورزی سے روک دیا۔

امیتابھ نے اپنے نام، تصویر اور آواز کا غلط استعمال کرنے پر جعلی ‘کون بنے گا کروڑ پتی (KBC)’ لاٹری سکیمرز، موبائل ایپلیکیشن ڈویلپرز، بک پبلشرز، ٹی شرٹ بیچنے والوں اور دیگر مختلف کاروباروں کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔ دہلی ہائی کورٹ کے نوٹس میں یہ بھی لایا گیا کہ خلاف ورزی کرنے والوں نے بچن کے نام پر غیر قانونی طور پر ویب ڈومین رجسٹر کرایا تھا۔

جسٹس نوین چاولہ نے پایا کہ مدعا علیہان،  اداکار کی مقبولیت کو ان کی اجازت کے بغیر استعمال کر رہے ہیں۔جسٹس چاولہ نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ کیا پہلی نظرمیں کیس اداکار کے حق میں بنتا ہے؟ یہ مبینہ طور پر بچن کی شخصیت کے حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ اداکار کی سیلیبرٹی اسٹیٹس کو اداکار کی اجازت کے بغیر استعمال کیا جا رہا ہے۔ عدالت کا یہ بھی موقف تھا کہ جن سرگرمیوں  کی شکایت کی جا رہی ہے ان سے اداکار کی بدنامی ہو رہی ہے۔

امیت نائک اور پروین آنند کے ساتھ سینئر وکیل ہریش سالوے بچن کے لئے ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔ ایڈوکیٹ نائک نے کہا، یہ تاریخی فیصلہ کسی بھی شخص کو بچن کے نام، تصویر، آواز اور شخصیت کی دیگر خصوصیات کو اس کی رضامندی اور اجازت کے بغیر استعمال کرنے سے روکے گا۔

ہائی کورٹ نے ایک تفصیلی حکم جاری کیا تھا جس میں مدعا علیہان اور پوری دنیا کو ان کے نام ‘امیتابھ بچن/بچن/اے بی/بگ بی’، تصویر اور آواز سمیت ان کی شخصیت کے حقوق اور صفات کی خلاف ورزی سے روک دیا گیا تھا۔