Bharat Express DD Free Dish

Abujmarh Anti Naxal Operation: مہاراشٹر کے گڈچرولی کے جنگلات میں انکاؤنٹر، تین ماؤ نواز ہلاک، امت شاہ کے دورے سے قبل نکسلیوں پر بڑا وار

مہاراشٹر اور چھتیس گڑھ کی سرحد سے متصل گڈچرولی کے گھنے جنگلات میں سیکیورٹی فورسز اور ماؤ نوازوں کے درمیان ایک بڑی تصادم سامنے آئی ہے۔ گڈچرولی–نارائن پور سرحد پر واقع ابوجھماڑ کے جنگلات میں چلائے گئے ایک وسیع آپریشن کے دوران تین ماؤ نواز مارے گئے ہیں۔

گڈچرولی: مہاراشٹر اور چھتیس گڑھ کی سرحد سے متصل گڈچرولی کے گھنے جنگلات میں سیکیورٹی فورسز اور ماؤ نوازوں کے درمیان ایک بڑی سامنے آئی ہے۔ گڈچرولی–نارائن پور سرحد پر واقع ابوجھماڑ کے جنگلات میں چلائے گئے ایک وسیع آپریشن کے دوران تین ماؤ نواز مارے گئے ہیں، جبکہ اس کارروائی میں مہاراشٹر پولیس کی خصوصی کمانڈو یونٹ سی-60 کا ایک جوان شہید ہو گیا اور ایک دیگر جوان زخمی بتایا جا رہا ہے۔ علاقے میں تلاشی مہم بدستور جاری ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ آپریشن 3 فروری کی شام شروع کیا گیا تھا۔ مہاراشٹر پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ کمپنی نمبر 10 سے وابستہ بچے ہوئے ماؤ نواز اور چھتیس گڑھ کے ایک نامعلوم گروہ کے جنگجو گڈچرولی–نارائن پور سرحد کے قریب فودے واڑا گاؤں کے آس پاس موجود ہیں۔ اس خفیہ اطلاع کی بنیاد پر بھامراگڑھ سب ڈویژنل پولیس افسر کی قیادت میں سی-60 کی کل 14 ٹیموں کو آپریشن میں شامل کیا گیا۔

سیکیورٹی فورسز نے جنگل کے اندر پیش قدمی کرتے ہوئے ماؤ نوازوں کے دو کیمپوں کو نشانہ بنایا، جنہیں مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔ ان کیمپوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔ تاہم دشوار گزار علاقہ اور گھنے جنگلات ہونے کی وجہ سے ابتدائی مرحلے میں ماؤ نوازوں کا سراغ لگانا مشکل ہو گیا اور وہ اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے۔ آج صبح ایک بار پھر علاقے میں شدید فائرنگ ہوئی، جس کے بعد تلاشی کے دوران ایک ماؤ نواز کی لاش برآمد ہوئی۔ جائے وقوعہ سے ایک اے کے 47 اور ایک ایس ایل آر رائفل بھی ضبط کی گئی۔ اس کے بعد مزید سرچ آپریشن کے دوران دو اور ماؤ نوازوں کی لاشیں ملیں، جن میں ایک مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔ اس طرح اب تک کل تین ماؤ نوازوں کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مزید ماؤ نوازوں کے زخمی یا مارے جانے کا امکان بھی موجود ہے۔

اس انکاؤنٹر میں مہاراشٹر پولیس کی خصوصی کمانڈو یونٹ سی-60 کے جوان دیپک چنّا مڈاوی شہید ہو گئے۔ ان کی عمر 38 برس بتائی جا رہی ہے اور وہ اہیری علاقے کے رہائشی تھے۔ شدید زخمی حالت میں انہیں آج صبح ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھامراگڑھ سب ڈسٹرکٹ اسپتال لایا گیا، تاہم زیادہ زخموں کی وجہ سے ان کی جان نہ بچائی جا سکی۔ اسی کارروائی میں سی-60 کا ایک اور جوان جوگا مڈاوی بھی گولی لگنے سے زخمی ہو گیا ہے، جس کا علاج جاری ہے۔ پولیس افسران کے مطابق یہ انکاؤنٹر نہ صرف ایک اہم سیکیورٹی کامیابی ہے بلکہ نکسلی نیٹ ورک کے لیے ایک بڑا دھچکا بھی ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ یہ کارروائی مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے سات فروری کو بستَر کے مجوزہ دورے سے عین پہلے انجام دی گئی ہے۔ امت شاہ کا یہ دورہ نکسلیوں کے خلاف جاری مہم کے تناظر میں انتہائی اہم مانا جا رہا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مرکزی حکومت نے نکسلیوں کے مکمل خاتمے کے لیے 31 مارچ 2026 تک کا ہدف مقرر کیا ہے۔ گزشتہ چند مہینوں، یعنی نومبر 2025 سے فروری 2026 کے درمیان، صرف چھتیس گڑھ میں ہی 250 سے زائد نکسلی مارے جا چکے ہیں جبکہ ایک ہزار سے زیادہ نے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔ بیجاپور جیسے حساس علاقوں میں لگاتار آپریشن کے نتیجے میں نکسلی متاثرہ علاقوں میں تقریباً 80 فیصد کمی درج کی گئی ہے. سیکیورٹی ماہرین کا ماننا ہے کہ مرکز اور ریاستی حکومتوں کے بہتر تال میل اور مسلسل کارروائیوں کے باعث نکسلی نیٹ ورک کمزور پڑ رہا ہے۔ گڈچرولی کے جنگلات میں حالیہ آپریشن اسی حکمت عملی کی ایک کڑی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنانے تک سرچ آپریشن جاری رہے گا اور آئندہ دنوں میں مزید تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read