لندن: برطانیہ کے وزیراعظم کیراسٹارمر نے اعلان کیا ہے کہ 16 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ہزاروں والدین سے مشاورت اور بچوں پر سوشل میڈیا کے منفی اثرات کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں کیر اسٹارمر نے کہا کہ آج کے دور میں بچے ایک ایسی دنیا میں پروان چڑھ رہے ہیں جہاں ٹیکنالوجی ان کی زندگی کے ہر شعبے میں داخل ہو چکی ہے، جس کے منفی اثرات بھی سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشاورتی عمل کے دوران ہزاروں والدین نے شکایت کی کہ ان کے بچے سوشل میڈیا کے عادی بنتے جا رہے ہیں۔ مسلسل اسکرولنگ کی عادت کھیل کود، نیند اور خاندان کے ساتھ وقت گزارنے میں رکاوٹ بن رہی ہے، جبکہ اس سے بچوں کی ذہنی صحت بھی متاثر ہو رہی ہے۔
We are banning social media access for under 16s.
These days kids must find their feet in a world where technology intrudes into every area of their life.
I just can’t let that go on anymore. So we’re giving children their childhoods back. pic.twitter.com/jn7iQrcwk8
— Keir Starmer (@Keir_Starmer) June 15, 2026
حکومت طاقتور ٹیکنالوجی کمپنیوں کا کرے گی مقابلہ
برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے یہ فیصلہ جلد بازی میں نہیں کیا بلکہ تمام شواہد کا تفصیلی جائزہ لیا اور ان ممالک کے تجربات سے بھی سیکھا جنہوں نے اسی نوعیت کے اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کی بعض حلقوں اور دنیا کی چند بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے مخالفت کی جائے گی، لیکن حکومت اس دباؤ کا مقابلہ کرے گی کیونکہ بچوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔ اسٹارمر کے مطابق سوشل میڈیا بچوں کو غیر محفوظ اور ناخوش بنا رہا ہے، جبکہ ہر بچے کو ایک محفوظ، خوشگوار اور بہتر بچپن کا حق حاصل ہے۔
کئی ممالک پہلے ہی ایسے اقدامات پر کر رہے ہیں غور
برطانیہ ان ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے جو کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کو محدود کرنے کے لیے قانون سازی کر رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق جاپان میں ایک سرکاری پینل نے سوشل میڈیا کمپنیوں کے لیے عمر کی سخت جانچ اور بعض فیچرز پر پابندی کی سفارش کی ہے۔ اسی طرح فرانس 15 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا پر پابندی کے قانون کو تیز رفتاری سے نافذ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ آسٹریلیا گزشتہ سال 16 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا پر مکمل پابندی عائد کر چکا ہے۔ اس کے علاوہ اسپین اور ڈنمارک بھی ایسے اقدامات پر غور کر رہے ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


