Bharat Express DD Free Dish

Saudi Arabia refuses its airspace use: سعودی عرب نے امریکہ کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے سے روک دیا، محمد بن سلمان کے فیصلے سے ڈونلڈ ٹرمپ کا ’’پروجیکٹ فریڈم‘‘ عارضی طور مؤخر

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ’’پروجیکٹ فریڈم‘‘ کو عارضی طور پر روک دیا ہے۔ این بی سی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے اس آپریشن میں شامل امریکی طیاروں کو ریاض کے جنوب مشرق میں واقع پرنس سلطان ایئربیس استعمال کرنے یا اپنی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے مبینہ طور پر آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کو بحری تحفظ فراہم کرنے کے منصوبے ’’پروجیکٹ فریڈم‘‘ کو عارضی طور پر روک دیا ہے۔ این بی سی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے اس آپریشن میں شامل امریکی طیاروں کو ریاض کے جنوب مشرق میں واقع پرنس سلطان ایئربیس استعمال کرنے یا اپنی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔ امریکی حکام کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک اتوار کو ٹرمپ کے ’’پروجیکٹ فریڈم‘‘ کے اعلان سے حیران رہ گئے تھے۔ بتایا گیا کہ ٹرمپ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے فون پر بات بھی کی، تاہم کسی معاہدے تک نہیں پہنچ سکے۔ این بی سی نیوز کے مطابق سعودی ذرائع نے کہا کہ خطے میں حالات تیزی سے بدل رہے ہیں اور سعودی عرب، ایران اور امریکہ کے درمیان معاہدے کی کوششوں میں پاکستان کے سفارتی کردار کی حمایت کرتا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار نے دعویٰ کیا کہ علاقائی اتحادیوں کو اس آپریشن سے پہلے مطلع کردیا گیا تھا، تاہم مغربی ایشیا کے ایک سفارت کار نے کہا کہ امریکہ نے منصوبے کے اعلان کے بعد صرف عمان کے ساتھ تال میل کیا۔

ایران نے جہازوں کے لیے سہولیات کا اعلان کیا

دریں اثنا ایران پورٹس اینڈ میری ٹائم آرگنائزیشن نے اعلان کیا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز اور اطراف کے علاقائی پانیوں میں چلنے والے تجارتی جہازوں کو سمندری، تکنیکی اور طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی IRNA کے مطابق ایرانی ادارے نے کہا کہ جہازوں کو ایندھن، طبی امداد، صحت خدمات، مرمت سے متعلق سامان اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ایرانی حکام کے مطابق یہ اقدام خطے میں محفوظ اور پائیدار بحری آمدورفت یقینی بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

ٹرمپ نے ’پروجیکٹ فریڈم‘ عارضی طور پر روکا

امریکی صدر ٹرمپ نے منگل کو اعلان کیا تھا کہ ’’پروجیکٹ فریڈم‘‘ کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے تاکہ ایران اور امریکہ کے درمیان ممکنہ معاہدے کو حتمی شکل دینے کا موقع مل سکے۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کہا کہ یہ فیصلہ پاکستان اور دیگر ممالک کی درخواست پر لیا گیا، جو واشنگٹن اور تہران کے درمیان ثالثی کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کے خلاف کارروائی میں نمایاں فوجی کامیابیوں اور ممکنہ معاہدے میں پیش رفت کے بعد یہ توقف کیا گیا ہے تاکہ دیکھا جا سکے کہ معاہدہ مکمل ہو پاتا ہے یا نہیں۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read