Bharat Express DD Free Dish

Russia-Ukraine War: روس کا مشرقی یوکرین کے شہر کونستانتینوکا پر قبضے کا دعویٰ، پتن نے اسے اسٹریٹجک لحاظ سے قرار دیا نہایت اہم

روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے خاتمے کی کوششوں کے دوران کریملن نے ایک بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ روسی فوج نے مشرقی یوکرین کے اہم شہر کونستانتینوکا    پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف کے مطابق یہ شہر اب روسی فوج کے قبضے میں ہے، جبکہ صدر ولادیمیر پتن نے اسے جنگی حکمتِ عملی کے اعتبار سے انتہائی اہم کامیابی قرار دیا ہے۔

روسی خبر رساں ایجنسی آر آئی اے نووستی کے مطابق کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے جمعہ کو کہا کہ ’’  کونستانتینوکا  پر مکمل قبضہ کر لیا گیا ہے۔‘‘ خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق یہ شہر یوکرین کے ڈونیٹسک خطے کا ایک اہم صنعتی اور مواصلاتی مرکز سمجھا جاتا ہے۔

ایک بڑی اسٹریٹجک کامیابی قرار دیا

اس اعلان کے بعد روسی صدر ولادیمیر پتن نے جمعہ کو مشترکہ فوجی دستوں کے ایک عارضی کمانڈ پوسٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ   کونستانتینوکا    پر کنٹرول حاصل کرنا روسی فوج کے لیے ایک بڑی اسٹریٹجک کامیابی ہے۔پتن نے کہا کہ یہ شہر ڈونباس کا ایک اہم ٹرانسپورٹ حب اور بڑا صنعتی مرکز ہے۔ ان کے مطابق روسی فوج نے 2026 کے آغاز سے اب تک ڈونباس اور نووروسیا کے علاقوں میں 133 بستیوں اور 3 ہزار مربع کلومیٹر سے زائد رقبے پر کنٹرول حاصل کیا ہے۔روسی صدر نے مزید کہا کہ اگر یوکرین روسی شہری علاقوں پر حملے کی کوششیں جاری رکھتا ہے تو روس اپنے شہریوں اور سرحدی علاقوں کے تحفظ کے لیے مزید سخت اقدامات کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن جتنی زیادہ ایسی کارروائیاں کرے گا، روس کو اتنا ہی وسیع سکیورٹی بفر زون قائم کرنا پڑے گا۔

لوہانسک پیپلز ریپبلک کو مکمل طور پر ’آزاد‘ کرا لیا ہے؟

پتن نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ روسی فوج نے لوہانسک پیپلز ریپبلک کو مکمل طور پر ’آزاد‘ کرا لیا ہے۔ مشترکہ فوجی دستوں کے عارضی کمانڈ پوسٹ پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روسی جنرل اسٹاف کے تیار کردہ آپریشنل منصوبے کے مطابق فوجی یونٹس کامیابی سے اپنے مشن مکمل کر رہی ہیں اور لوہانسک پیپلز ریپبلک کی مکمل آزادی حال ہی میں حاصل کی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈونیٹسک پیپلز ریپبلک کے باقی علاقوں کے علاوہ زاپوریزژیا اور خیرسون کے علاقوں میں یوکرینی فوج کے خلاف روسی کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔

دوسری جانب ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانِن کے مطابق روسی فضائی دفاعی نظام نے جمعہ سے اب تک ماسکو کو نشانہ بنانے والے 28 یوکرینی ڈرون تباہ کر دیے ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے تازہ بیان میں بتایا کہ جمعہ کی شب روسی دارالحکومت کی جانب آنے والے مزید آٹھ ڈرون بھی مار گرائے گئے، جبکہ ہنگامی امدادی ٹیمیں ڈرون کا ملبہ گرنے والے مقامات پر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read