Bharat Express

Pakistan Election 2024: پاکستان میں عمران خان کی پارٹی نے حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا، عمر ایوب کو وزیر اعظم کیلئے نامزد کردیا

تحریک انصاف کے لیڈراسد قیصر نے سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا کو بتایا کہ وزارتِ عظمیٰ کے لئےعمر ایوب ہمارے امیدوارہوں گے۔

عمران خان نے عمر ایوب کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار بنا دیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی نے عمرایوب کو وزارت عظمیٰ کیلئے نامزد کردیا۔ اے آروائی نیوزکے مطابق، تحریک انصاف کے لیڈراسد قیصرنے  پی ٹی آئی کے بانی اورسابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزارتِ عظمیٰ کے لئےعمرایوب ہمارے امیدوارہوں گے۔ اسد قیصرنے کہا کہ ملک بھرمیں انتخابات میں دھاندلی کے خلاف ریلیاں بھی نکالیں گے، مجھے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے، الیکشن میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والی جماعتوں سے رابطہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی، اے این پی، آفتاب شیرپاؤسمیت دیگرپارٹیوں سے رابطہ کررہے ہیں، یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بدترین الیکشن ہوا ہے، ہم چاہتے ہیں آپس میں مل بیٹھ کر لائحہ عمل بنائیں، ان الیکشن کو پاکستان اوردنیا میں کوئی نہیں مان رہا۔ اسد قیصرنے کہا کہ دھاندلی سے بننے والی حکومت کی کوئی حیثیت نہیں ہوگی، ہم اسمبلی میں بیٹھ کرقانونی اورعوامی جنگ لڑیں گے، ایک دودن میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلالیں گے۔ اسد قیصرنے مزید کہا کہ دنیا میں امریکہ خود کو جمہوریت کا چمپئن ظاہرکرتا ہے، ہم توامریکہ کواس کی ذمہ داری یاد دلانا چاہتے ہیں، فارم 45 میں جورزلٹ آیا، اسے فارم 47 میں تبدیل کردیا گیا، اس قسم کے الیکشن کو الیکشن کہنا زیادتی ہے۔

نواز شریف بھی کر رہے ہیں حکومت بنانے کی کوشش

پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف بھی حکومت بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے ساتھ الائنس حکومت بنا سکتے ہیں، لیکن اس کے لئے انہیں کچھ آزاد اراکین پارلیمنٹ کا ساتھ حاصل کرنا ہوگا۔ وہ کئی دنوں سے اس کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن اب تک اس میں کامیاب نہیں ہو پائے ہیں۔

کون ہیں عمرایوب؟

عمرایوب پاکستان کے مشہورایوب خان فیملی سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کے دادا جنرل محمد ایوب خان پاکستان کے دوسرے وزیراعظم تھے۔ ان کے والد بھی ملک کے بڑے لیڈر رہے ہیں۔ 26 جنوری 1970 میں پیدا ہوئے عمرایوب بھی طویل وقت سے پاکستان کی سیاست میں سرگرم ہیں۔ عمرایوب کے والد لمبے وقت تک رکن پارلیمنٹ رہے تھے اور کئی محکموں میں وزیرتھے۔

بھارت ایکسپریس۔