تہران: ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اتوار کی صبح کویت اور بحرین میں واقع امریکہ کی آٹھ اہم فوجی تنصیبات کو مشترکہ میزائل اور ڈرون حملوں میں نشانہ بنایا۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق، اس کارروائی کو ایران پر ہونے والے حالیہ امریکی حملوں کا ’فیصلہ کن جواب‘ قرار دیا گیا ہے۔ آئی آر جی سی کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مقامی وقت کے مطابق صبح 2 بجے سے 3 بجے کے درمیان بحری اور فضائی دستوں نے بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے کویت کے علی السالم ایئر بیس اور بحرین کے پورٹ سلمان میں قائم امریکی ففتھ فلیٹ کے ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا۔ بیان میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ امریکی افواج نے اسی روز ایران کے ساحلی علاقوں میں پانچ مقامات پر حملے کیے، جو دونوں فریقوں کے درمیان جنگ بندی سے متعلق 14 نکاتی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کی خلاف ورزی ہے۔ آئی آر جی سی نے خبردار کیا کہ آئندہ ایران پر کسی بھی نوعیت کا حملہ ’’سخت اور تباہ کن جواب‘‘ کا باعث بنے گا۔
آبنائے ہرمز اور امریکی کارروائی پر موقف
آئی آر جی سی نے اپنے بیان میں کہا کہ مفاہمتی یادداشت کے تحت آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کے انتظامات ایران کے ساتھ طے کیے گئے ہیں اور آئندہ معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والے جہازوں کے خلاف پہلے سے زیادہ سخت کارروائی کی جائے گی۔ دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے جمعہ کو اعلان کیا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پر 27 جون کو ایران کے متعدد فوجی اہداف پر مزید فضائی حملے کیے گئے۔ سینٹ کام کے مطابق، یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب ایران نے مبینہ طور پر جنگ بندی کی پاسداری نہیں کی اور آبنائے ہرمز کے قریب پاناما کے پرچم بردار تیل بردار جہاز ایم/ٹی کیکو پر یک طرفہ ڈرون حملہ کیا، جس میں دو ملین سے زائد بیرل خام تیل موجود تھا۔ امریکی فوج کے مطابق ان حملوں میں ایران کے فوجی نگرانی کے نظام، مواصلاتی مراکز، فضائی دفاعی تنصیبات، ڈرون ذخیرہ گاہوں اور بارودی سرنگیں بچھانے کی صلاحیت کو نشانہ بنایا گیا۔
کویت اور بحرین میں ہنگامی اقدامات
ایرانی حملے کے دعوے کے بعد کویت کی جنرل اسٹاف ہیڈکوارٹر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملکی فضائی دفاعی نظام ’’دشمن کے میزائلوں اور ڈرون حملوں‘‘ کو فضا ہی میں تباہ کررہا ہے۔ حکام نے شہریوں کو ہدایت دی کہ دھماکوں کی آوازوں سے خوفزدہ نہ ہوں کیونکہ یہ فضائی دفاعی کارروائی کا حصہ ہیں، اور سرکاری حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔ ادھر بحرین کی وزارتِ داخلہ نے بھی ایکس پر اعلان کیا کہ ملک میں خطرے کے سائرن بجا دیے گئے ہیں۔ وزارت نے شہریوں اور غیر ملکی باشندوں سے پرسکون رہنے، قریبی محفوظ مقام پر منتقل ہونے اور صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی۔ امریکہ کی جانب سے دو روز کے دوران ایران پر یہ دوسری فوجی کارروائی تھی، جبکہ ایران نے بھی اسے حالیہ امریکی حملوں کے جواب میں اپنی جوابی کارروائی قرار دیا ہے۔ دونوں ممالک کے دعوؤں کی آزاد ذرائع سے فوری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


