Bharat Express DD Free Dish

Houthis attack US Navy ship: یمن پر امریکی حملوں کے جواب میں حوثیوں نے امریکی بحری بہاز پر کیا حملہ، بحیرہ احمر کی تازہ صورت حال عالمی تشویش کا باعث

یمن میں جاری تازہ جنگی صورت حال کے درمیان حوثی باغیوں نے امریکی بحری جہاز پر ایک اور حملے کا دعویٰ کیا ہے اور اسے یمن پر امریکی حملوں کا ’’جواب‘‘ قرار دیا ہے۔

یمن میں جاری تازہ جنگی صورت حال کے درمیان حوثی باغیوں نے امریکی بحری جہاز پر ایک اور حملے کا دعویٰ کیا ہے اور اسے یمن پر امریکی حملوں کا ’’جواب‘‘ قرار دیا ہے۔ الجزیرہ کی خبر کے مطابق حوثیوں کے ایک ترجمان نے پیر کو کہا کہ ہمارے جنگجوؤں نے ’’طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ہیری ٹرومین اور اس کے ساتھ موجود جنگی جہازوں‘‘ پر 18 میزائل اور ایک ڈرون داغے ہیں۔ وہیں امریکی فوج نے کہا کہ اس نے رات بھر حوثی گروپ کو نشانہ بنانا جاری رکھا تھا۔

ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کا یہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران امریکی بحریہ پر دوسرا حملہ ہے۔ گذشتہ ہفتے حوثی گروپ نے اسرائیل کی جانب سے غزہ کی مسلسل ناکہ بندی کی مخالفت میں اعلان کیا تھا کہ وہ بحیرہ احمر میں دوبارہ اسرائیلی جہازوں کو نشانہ بنانا شروع کر دیں گے۔ اس کے بعد امریکہ نے اچانک یمن پر بڑے پیمانے پر حملوں کا سلسلہ شروع کر دیا، جس کے نتیجے میں درجنوں ہلاکتیں ہوئی ہیں اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔

تازہ پیش رفت

تازہ ترین واقعے کے بعد ٹیلی گرام پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں حوثی ترجمان نے کہا کہ امریکی جہاز پر ہمارا یہ حملہ ’’ہمارے ملک کے خلاف جاری امریکی جارحیت کا ردعمل‘‘ ہے۔ تاہم امریکہ نے ابھی تک اس پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے اور نہ ہی حوثی ترجمان کے اس دعوے کی تصدیق کی ہے۔ دریں اثنا امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایکس پر ایک ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’’امریکی افواج ایران کے حمایت یافتہ حوثی دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔‘‘

اس دوران حوثیوں کی حمایت یافتہ SABA نیوز ایجنسی نے یمن کے دارالحکومت صنعا سے تقریباً 230 کلومیٹر (143 میل) دور بندرگاہی شہر حدیدہ کے ارد گرد پیر کی صبح دو نئے فضائی حملوں کی اطلاع دی۔ مقامی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے SABA نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ امریکی افواج نے اتوار کو صعدہ شہر میں واقع کینسر کیے اسپتال پر حملے کیے، جس سے ’’بڑے پیمانے پر تباہی‘‘ ہوئی۔

اصل معاملہ

واضح رہے کہ حوثی جزیرہ نما عرب کے غریب ترین ملک یمن کے بیشتر حصے پر قابض ہیں۔ انھوں نے غزہ پر اسرائیلی تشدد کے خلاف یمن کے ساحل سے کچھ دور مصروف سمندری راستوں پر اسرائیلی جہازوں کو نشانہ بنانا جاری رکھا ہے۔ ان حملوں نے عالمی تجارت کو متاثر کیا۔ غزہ میں جنگ بندی کے بعد اس گروپ نے اپنے ڈرون اور میزائل حملے روک دیے تھے۔ تاہم انھوں نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ وہ بحیرہ احمر میں اسرائیل کی طرف سے فلسطینیوں کے علاقے کی دوبارہ سے ناکہ بندی کے ردعمل کے طور پر “تمام اسرائیلی جہازوں پر حملہ دوبارہ شروع کر رہے ہیں۔‘‘

اس کے بعد ہفتے کے روز صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی فوج کو حوثیوں پر حملے کا حکم دیا۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ان امریکی حملوں میں کم از کم 53 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے تھے۔ 40 حملوں میں سے زیادہ تر حملوں میں صنعا کے شمال میں حوثیوں کے زیر کنٹرول صوبہ صعدہ کو نشانہ بنایا گیا۔ وہیں بحیرہ احمر میں حملوں کی خبروں پر تیل کی قیمتیں میں کافی اچھال آ گیا ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read