اسرائیل کے غزہ پر دوبارہ حملے شروع کرنے کے بعد سے حماس نے پہلی مرتبہ جوابی حملہ کرتے ہوئے تل ابیب پر راکٹ داغے ہیں۔ اے ایف پی کی خبر کے مطابق حماس کے مسلح ونگ عزالدین القسام بریگیڈز نے کہا کہ یہ کارروائی اسرائیل کی طرف سے غزہ میں شہریوں کے ’’قتل عام‘‘ کے جواب میں کی گئی۔ وہیں اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے غزہ سے فائر کیے گئے ایک پراجیکٹائل کو روک لیا اور دو دیگر نے ایک غیر آباد علاقے پر حملہ کیا۔
واضح رہے کہ منگل کو اسرائیل نے غزہ پر دوبارہ حملے شروع کیے جس میں اب تک کم از کم 500 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ مقامی وقت کے مطابق صبح 2 بجے کے قریب شروع ہونے والے یہ حملے 19 جنوری کو جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے فلسطینی سرزمین پر ہونے والے سب سے مہلک حملے تھے۔ ان حملوں کے جواب میں حماس نے کہا کہ اسرائیل نے یک طرفہ طور پر ان کے درمیان جنگ بندی ختم کر دی ہے۔
تازہ اطلاعات
جمعرات کو غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے کہا کہ اسرائیل کے تازہ حملوں میں اب تک 190 سے زائد بچوں سمیت 504 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ وہیں اسرائیلی فوج نے یہ کہا ہے کہ اس نے وسطی اور جنوبی غزہ میں اپنی زمینی کارروائیوں کو بڑھا دیا ہے۔ اے ایف پی نے اسرائیلی فوج کے ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ ’’گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آئی ڈی ایف [اسرائیل ڈیفنس فورسز] کے فوجیوں نے وسطی اور جنوبی غزہ کی پٹی میں ٹارگٹڈ زمینی آپریشن شروع کیا ہے تاکہ شمالی اور جنوبی حصوں کے درمیان سیکیورٹی زون کو وسیع کیا جا سکے۔‘‘
دریں اثنا مشرق وسطی میں فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی کے سربراہ فلپ لازارینی نے اسرائیل کی جانب سے دوبارہ فوجی کارروائی شروع کر کے غزہ میں شہریوں کو ’’انتہائی غیر انسانی آزمائشوں‘‘ ڈالنے کی مذمت کی۔ لازارینی نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ’’اسرائیلی فورسز کی فضائی اور سمندری بمباری تیسرے روز بھی جاری ہے۔ “ہماری روزانہ کی نگرانی میں غزہ کے لوگ بار بار اپنے بدترین خواب سے گزر رہے ہیں۔‘‘
اسرائیل اور حماس کے بیانات
منگل کے روز اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نتن یاہو نے کہا تھا کہ ’’حماس کی طرف سے ہمارے یرغمالیوں کو رہا کرنے سے بار بار انکار‘‘ اور جنگ بندی میں توسیع کے لیے بات چیت میں پیش رفت نہ ہونے کی وجہ سے میں نے ہی فضائی حملوں کا حکم دیا تھا۔ نتن یاہو نے مزید کہا تھا کہ اسرائیل اب سے حماس کے خلاف فوجی طاقت میں اضافہ کرے گا۔ وہیں حماس نے کہا تھا کہ اسرائیل کے اقدامات ’’بلا اشتعال‘‘ اٹھائے گئے ہیں جو یرغمالیوں کو خطرے میں ڈال دیں گے۔ فلسطینی عسکریت پسند گروپ نے دوسرے ممالک سے بھی مطالبہ کیا تھا وہ جنگ دوبارہ شروع ہونے کے خلاف آواز اٹھائیں۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



