Bharat Express

Pakistan vs New Zealand ODI Series: بابر اعظم کی کپتانی پر خطرہ، پاکستان کو شکست دے کر ونڈے سیریز پر نیوزی لینڈ نے کیا قبضہ

پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ونڈے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس طرح پاکستان نے ونڈے سیریز گنوا دی ہے۔ پاکستان کے سلامی بلے باز فخر زماں نے اس میچ میں سنچری بھی لگائی، لیکن ان کی سنچری کام نہیں آئی۔

پاکستانی کپتان بابر اعظم۔ (تصویر: ٹوئٹر)

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے  درمیان ونڈے سیریز کا فیصلہ کن مقابلہ 13 جنوری (جمعہ) کو کراچی میں کھیلا گیا۔ پاکستان کو اس میچ میں ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان نے اس ہار کے ساتھ ہی سیریز بھی گنوا دی ہے۔ نیوزی لینڈ نے سیریز پر 1-2 سے قبضہ کیا۔ بابراعظم کا ٹاس جیت کر بلے بازی کرنا ان پر ہی بھاری پڑ گیا۔  پاکستان نے 50 اوور میں 280 رن بنائے۔ وہیں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 48.1 اوور میں پاکستان کے ہدف کو حاصل کرلیا۔

فخر زماں کی سنچری رائیگاں

پاکستان کے سلامی بلے باز فخر زماں نے اس مقابلے میں سنچری لگائی تھی۔ انہوں نے 122 گیندوں میں کل 101 رنوں کی اننگ کھیلی۔ انہوں نے اپنی اننگ کے دوران 10 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ وہیں محمد رضوان نے بھی 74 گیندوں میں 77 رنوں کی اننگ کھیلی۔

نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کا شاندار کارنامہ

تیسرے ونڈے میں پاکستان کے ہدف کا تعاقاب کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے تین کھلاڑیوں نے  نصف سنچری لگائی۔ ان میں ڈیوون کانوے، کپتان کین ولیمسن اور گلین فلپس شامل ہیں۔ ڈیوون اور ولیمسن نے بالترتیب: 52 اور 53 رنوں کی اننگ کھیلی۔ وہیں گلین فلپس نے آخر میں شاندار اننگ کھیل کرپاکستان سے جیت چھین لی۔ انہوں نے 42 گیندوں پر 63 رنوں کی اننگ کھیلی، جس میں ان کے 4 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔

بابر اعظم کی کپتانی پر خطرہ

بابر اعظم کی قیادت میں پاکستانی ٹیم کچھ خاص نہیں کرسکی ہے۔ گزشتہ سال ایشیا کپ اور ٹی20 عالمی کپ کے فائنل مقابلے میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز میں وہ کلین سوئپ ہوگئے تھے۔ وہیں سال کے آغاز میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز میں وہ ایک بھی میچ نہیں جیت سکے تھے، اس لئے اب ان کی کپتانی پر خطرہ منڈلا رہا ہے۔

-بھارت ایکسپریس