آج ہی دن ہوا تھا پلواما خودکش حملہ، پھر ہندوستان نےپاکستان کو ایسے سکھایا سبق
Pulwama Attack 4th Anniversary:آج 14 فروری کے دن ہی چار سال پہلے جموں کشمیر کے پلوامہ میں دہشت گرد حملہ ہواتھا۔ یہ حملہ ہندوستان میں ہوئے بڑے دہشت گرد حملوں میں سے ایک تھا۔ اس حملہ میں ہندوستان کے سی آر پی ایف کے 40 جوان شہید ہوگئے تھے۔ چونکہ اس حملہ کے بعد ہندوستان نے جس طرح سے پاکستان کو سبق سکھایا وہ قابل تعریف ہے۔ہندوستان نے سخت قدم لیتے ہوئے پلوامہ حملہ کا بدلا لیا۔ ہمارے بہادر فوجیوں نے اس حملہ کا جواب بالا کوٹ سرجیکل اسٹرائیک کی صور ت میں دیا۔
ہندوستان کے جنوبی کشمیر کے صدر مقام سرینگر سے 21 کلو میٹر جنوب میں واقع لیتہ پورہ کے مقام پر 14 فروری 2019 کو سی آر پی ایف کے ایک قافلے پر خودکش حملہ ہوا تھا۔اس قافلے میں زیادہ تر بسیں تھیں جن میں سی آرفی ایف کے جوان بیٹھے تھے۔ یہ قافلہ جب پلوامہ پہنچا ،اسی وقت کارنے بس کے قافلے کو ٹکر مار دی ، کار میں دھماکہ خیز مواد بھرا ہوا تھا ،دہشت گردوں کے خودکش حملے میں 40 سیکورٹی اہلکار (سی آر پی ایف) ہلاک اور متعد زخمی ہوگئے۔
پلوامہ حملے کے بعد بھارت کی کارروائی
26 فروری 2019 کو ہندوستان کے جنگی طیاروں نے پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں بالا کوٹ کے مقام پر جیشِ محمد کے مبینہ تربیتی مرکز پر حملہ کرکے اسے تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا ۔
ہندوستان کے ذرائع ابلاغ نے بتایا تھا کہ پلوامہ حملے کے جواب میں کی گئی فضائی کارروائی میں کالعدم جیشِ محمد کے اراکین، تربیت کاروں اور بعض بڑے کمانڈروں سمیت 300 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
ہندوستان کے سیکرٹری خارجہ نے اپنے بیان میں بالا کوٹ میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو ہدف بنائے جانے کی تصدیق تو کی تھی لیکن یہ واضح نہیں کیا تھا کہ اس واقعے میں کتنے دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔
پلوامہ حملے کے بعد ہندوستان نے پاکستان کے ساتھ تمام تجارتی تعلقات ختم کر دئے تھے۔ یہی نہیں بلکہ ہندوستان کی جانب سے پاکستان سے موسٹ فیورڈ نیشن کا درجہ بھی واپس لے لیا گیا۔ جس کی وجہ سے پاکستان کو معاشی محاذ پر بہت نقصان اٹھانا پڑا۔
حکومت ہند نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس آن منی لانڈرنگ (FATF) سے پاکستان کو بلیک لسٹ میں ڈالنے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔
-بھارت ایکسپریس