Bharat Express

PM Modi’s letter to Manoj Kumar’s wife: ’’منوج کمار ہندوستانی سنیما کے حقیقی آئیکون…‘‘، پی ایم مودی کا آنجہانی اداکار کی اہلیہ کو خط

انہوں نے لکھا کہ معاشرے کے تئیں اپنی ذمہ داری کو فنکارانہ انداز میں ظاہر کرتے ہوئے منوج کمار نے سینما کو مسلسل تقویت بخشی۔ ہندوستانی ثقافت اور اقدار پر مبنی ان کی فلموں کے کئی گانے ملک کے تئیں محبت اور لگن کے جذبات کا اظہار کرتے ہیں، جنہیں لوگ ہمیشہ گنگنائیں گے۔‘‘

پی ایم مودی کا آنجہانی اداکار منوج کمار کی اہلیہ کے نام خط

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے آنجہانی اداکار منوج کمار کی اہلیہ ششی گوسوامی کو خط لکھا۔ انہوں نے اداکار کو ’ہندوستانی سنیما کا حقیقی آئیکون‘ قرار دیا اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔

پی ایم مودی نے خط میں لکھا، ’’ستیامیو جیتے، ششی گوسوامی جی، منوج کمار جی کے انتقال پر گہرا دکھ ہوا ہے۔ اس مشکل وقت میں میری تعزیت اہل خانہ اور خیر خواہوں کے ساتھ ہے۔ تجربہ کار اداکار اور فلمساز منوج کمار جی نے اپنی فلم کے ذریعے ہندوستان کی شان کو متاثر کن انداز میں دکھایا۔ ان کی کئی فلموں نے اہل وطن میں حب الوطنی کے جذبے کو تقویت دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ ہندوستان کے ایک پرجوش نوجوان کے طور پر ان کے مختلف کرداروں نے جہاں ایک طرف ملک کی آزادی کی جدوجہد کو زندہ کیا تو دوسری طرف، قوم کے آنے والے کل کو بہتر مستقبل بنانے کے لیے لوگوں کو ترغیب بھی دی۔‘‘

انہوں نے مزید لکھا، ’’معاشرے کے تئیں اپنی ذمہ داری کو فنکارانہ انداز میں ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے سینما کو مسلسل تقویت بخشی۔ ہندوستانی ثقافت اور اقدار پر مبنی ان کی فلموں کے کئی گانے ملک کے تئیں محبت اور لگن کے جذبات کا اظہار کرتے ہیں، جنہیں لوگ ہمیشہ گنگنائیں گے۔‘‘

پی ایم مودی نے کہا، ’’میں منوج کمار جی کے ساتھ ہوئیں ملاقاتیں اور فکر انگیز بات چیت مجھے ہمیشہ یاد رہیں گی۔ ان کا کام ہماری نسلوں کو ملک اور سماج کے لیے کام کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔ ان کا جانا فلمی صنعت کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ میں ایشور سے دعا کرتا ہوں کہ وہ سوگوار خاندان اور خیر خواہوں کو یہ غم برداشت کرنے کی طاقت دے۔‘‘

اداکار، پروڈیوسر، ہدایت کار منوج کمار 4 اپریل کو انتقال کر گئے۔ان کی عمر 87 برس تھی۔ انہوں نے جہاں اپنی یادگار اداکاری سے ناظرین کے دل جیت لیے وہیں انہوں نے حب الوطنی پر مبنی فلمیں بنا کر لوگوں کو متاثر کیا۔ اپنے طویل فلمی کیریئر میں انہوں نے کئی فلمیں پروڈیوس کیں جنہں آج کلٹ کلاسک کا درجہ حاصل ہے۔ ان میں شہید، اپکار، پورب اور پشچم، کرانتی کے نام لیے جا سکتے ہیں۔ ان کی فلموں کے گیتوں اور موسیقی نے بھی موسیقی کے شائقین کے دلوں پر گہرے نقوش چھوڑے۔ انہیں کئی ایوارڈز سے نوازا گیا۔

بھارت ایکسپریس۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read