نور علی زدران نے انٹرنیشنل کرکٹ سے لی ریٹائرمنٹ
نئی دہلی: افغانستان کے تجربہ کار بلے باز نور علی زدران نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے ایک دہائی سے زائد عرصے سے چل اپنے کیرئیر کا خاتمہ کردیا۔ اس 35 سالہ بلے باز نے 2009 میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف افغانستان کے پہلے ون ڈے کرکٹ میچ سے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اس میچ میں 28 گیندوں پر 45 رنز بنائے۔ انہوں نے اپنا آخری بین الاقوامی میچ گزشتہ ہفتے آئرلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کے طور پر کھیلا۔
11 نصف سنچری اور ایک سنچری ہے زدران کے نام
افغانستان کرکٹ بورڈ نے جمعرات کے روز ٹویٹ کیا، “ٹاپ آرڈر بلے باز نور علی زدران نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ انہوں نے افغانستان کے لیے دو ٹیسٹ، 51 ون ڈے اور 23 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے، جس میں انہوں نے 1930 رنز بنائے۔ ان کے نام 11 نصف سنچریاں اور ایک سنچری ہے۔
پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ 2010 میں کھیلا
اوپننگ بلے باز نے اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ 2010 میں کھیلا جو اس فارمیٹ میں افغانستان کا دوسرا میچ تھا۔ زدران نے اس سال کے شروع میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے ٹیسٹ کیپ اپنے بھتیجے اور ٹیم کے ساتھی ابراہیم زدران کو سونپ دی تھی۔
بھارت ایکسپریس۔