Bharat Express

Hemant Soren at Official Residence in Ranchi: جھارکھنڈ کے لاپتہ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین پہنچے رانچی، اراکین اسمبلی کے ساتھ میٹنگ میں کلپنا سورین کی شرکت

پیر سے لاپتہ جھارکھنڈ کے وزیراعلیٰ ہیمنت سورین کے بارے میں جانکاری مل گئی ہے۔ وہ دہلی میں غائب ہوئے تھے اور رانچی میں ملے ہیں۔ یہاں انہوں نے پارٹی اراکین اسمبلی کے ساتھ میٹنگ کی۔

جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے اراکین اسمبلی کے ساتھ رانچی میں میٹنگ کی۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی ٹیم زمین گھوٹالہ معاملے میں گزشتہ دودنوں سے جھارکھنڈ کے وزیراعلیٰ ہیمنت سورین کی دہلی واقع رہائش گاہ سمیت رانچی میں تلاش کر رہی تھی، لیکن ان کے لوکیشن کا کچھ پتہ نہیں چل رہا تھا۔ اب ایسے میں آج (30 جنوری) کو دوپہرمیں وزیراعلیٰ ہیمنت سورین رانچی واقع اپنی رہائش گاہ پر پہنچے ہیں۔ یہاں اراکین اسمبلی کے ساتھ میٹنگ کی۔ ہیمنت سورین کی میٹنگ میں ان کی اہلیہ کلپنا سورین بھی موجود ہیں۔ اس سے پہلے ای ڈی نے کل یعنی 29 جنوری کو دہلی کے رہائش گاہ پردوبار چھاپہ ماری کی تھی اوران کی کاراپنے ساتھ لے گئی تھی۔

بتایا جا رہا ہے کہ وزیراعلیٰ ہیمنت سورین اپنی رہائش گاہ پرپہنچے ہیں۔ وہ 40 گھنٹے کے بعد اپنی رہائش پرپہنچے ہیں۔ حالانکہ وہ رانچی کب اورکیسے پہنچے، اس کو لے کرابھی تک کچھ واضح جانکاری سامنے نہیں آئی ہے۔ اس درمیان آج جھارکھنڈ میں سیاسی ہلچل تیز ہوتا ہوا دیکھ کررانچی میں تین مقامات پردفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ، ای ڈی آفس اورراج بھون کے 100 میٹرکے دائرے میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔

کل پیش ہونے کا دیا ہے وقت

ای ڈی نے گزشتہ ہفتے ہیمنت سورین کو نیا سمن جاری کیا تھا اور ان سے پوچھا تھا کہ وہ 29 جنوری یا 31 جنوری کے درمیان کب دستیاب رہ سکتے ہیں۔ ذرائع نے کہا کہ ہیمنت سورین نے ای ڈی کو میسیج بھیجا تھا، لیکن پوچھ گچھ کے لئے تاریخ اوروقت نہیں بتایا تھا۔ وہیں 27 جنوری کو وزیراعلیٰ ہیمنت سورین رانچی سے دہلی کے لئے روانہ ہوگئے تھے۔ اس کے بعد 27 جنوری کی دوپہرسے وزیراعلیٰ سامنے نہیں آئے۔ اس درمیان کل وزیراعلیٰ دفتر سے ای ڈی کو ایک میل بھیجا گیا ہے، جس میں 31 جنوری کو پیش ہونے کی بات کہی گئی ہے۔

دوبارہ پوچھ گچھ کرنا چاہتی ہے ای ڈی

ایجنسی نے 20 جنوری کو معاملے میں پہلی بار ہیمنت سورین کا بیان درج کیا تھا۔ ای ڈی کے افسران نے تقریباً سات گھنٹوں کے دوران منی لانڈرنگ کی روک تھام  ایکٹ(پی ایم ایل اے) کے تحت بیان درج کیا تھا۔ مانا جاتا ہے کہاس دن پوچھ گچھ ختم نہیں ہوئی تھی، اس لئے نیا سمن جاری کیا گیا ہے۔ ایجنسی کے مطابق، یہ زمین گھوٹالہ سے متعلق معاملہ ہے۔ اس زمین کا مالکانہ حق مافیا کے پاس ہے۔ ای ڈی نے اب تک اس معاملے میں 14 افراد کو گرفتار کیا ہے، جس میں 2011 بیچ کے آئی اے ایس افسرچھوی رنجن بھی شامل ہیں۔

بھارت ایکسپریس۔

Also Read