Bharat Express DD Free Dish

حد بندی بل پر ڈی ایم کے کا بڑا فیصلہ، ایم کے اسٹالن نے کیا حمایت کا اعلان، تمل ناڈو میں لوک سبھا کی سیٹیں 39 سے بڑھ کر 59 ہونے کا امکان

ڈی ایم کے نے اپریل میں پیش کئے گئے حد بندی بل کی مخالفت کی تھی۔ پارٹی کی بنیادی تشویش لوک سبھا میں مختلف ریاستوں کی نمائندگی کے موجودہ تناسب سے متعلق تھی۔ ایم کے اسٹالن کا کہنا تھا کہ لوک سبھا میں تمل ناڈوکی 7.18 فیصد نمائندگی کسی بھی صورت میں کم نہیں ہونی چاہئے۔ پارٹی کا مطالبہ تھا کہ ریاستوں کے درمیان سیٹوں کا تناسب 1971 کی مردم شماری کی بنیاد پر برقرار رکھا جائے اور اگلے 25 سال تک اسی نظام کو جاری رکھا جائے۔

نئی دہلی: حد بندی بل (ڈی لمیٹیشن بل) پردراوڑمنیترا کژگم (ڈی ایم کے) نے اپنا موقف تبدیل کرلیا ہے۔ پارٹی صدراورتمل ناڈوکے سابق وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن نے نئے حد بندی بل کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ ایم کے اسٹالن نے کہا کہ گزشتہ سال اپریل میں جن دومطالبات کی بنیاد پرپارٹی نے بل کی مخالفت کی تھی، انہیں نئے بل میں تحریری طورپرشامل کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے اسے 2024 سے ڈی ایم کے کی جانب سے جاری جدوجہد کی کامیابی اورتمل ناڈو سمیت تمام جنوبی ریاستوں کی جیت قراردیا۔

ایم کے اسٹالن نے سوشل میڈیا پرکہا کہ 1971 کی آبادی کی بنیاد پرتمام ریاستوں میں لوک سبھا کی سیٹوں کی تعداد میں 50 فیصد اضافہ کرنے کی تجویزنئے بل میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پرجذباتی ہونے کے بجائے ٹھنڈے دماغ سے غورکرنا چاہئے کہ اگراس بل کوچھوڑدیا جاتا توصورت حال کیا ہوتی۔ تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد ڈی ایم کے نے موجودہ شکل میں حد بندی کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کیونکہ یہ عملی طورپر ممکن اورپارٹی کے لیے فائدہ مند ہے۔

اپریل میں کن مطالبات پربل کی مخالفت کی تھی؟

ڈی ایم کے نے اپریل میں پیش کئے گئے حد بندی بل کی مخالفت کی تھی۔ پارٹی کی بنیادی تشویش لوک سبھا میں مختلف ریاستوں کی نمائندگی کے موجودہ تناسب سے متعلق تھی۔ اسٹالن کا کہنا تھا کہ لوک سبھا میں تمل ناڈوکی 7.18 فیصد نمائندگی کسی بھی صورت میں کم نہیں ہونی چاہئے۔ پارٹی کا مطالبہ تھا کہ ریاستوں کے درمیان سیٹوں کا تناسب 1971 کی مردم شماری کی بنیاد پربرقراررکھا جائے اوراگلے 25 سال تک اسی نظام کوجاری رکھا جائے۔ اسٹالن نے جمعہ کے روزبھی دہرایا تھا کہ حد بندی کے معاملے پرڈی ایم کے کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اورتمل ناڈوکے مفادات سے سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ تاہم، نئے بل میں پارٹی کے مطالبات شامل کیے جانے کے بعد اب اس نے حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔

تمل ناڈو کی نمائندگی 7.18 سے بڑھ کر 7.21 فیصد ہونے کا امکان

ڈی ایم کے کے سینئرلیڈراے راجہ کے مطابق، لوک سبھا میں تمل ناڈوکی نمائندگی موجودہ 7.18 فیصد سے بڑھ کر7.21 فیصد ہونے کا امکان ہے۔ اسی بنیاد پرپارٹی نئے حد بندی بل کی حمایت کرے گی۔ نئی تجویزکے تحت تمام ریاستوں کی موجودہ لوک سبھا نشستوں میں 50 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی 1971 کی آبادی کوبنیاد برقراررکھنے کی بھی تجویزشامل ہے۔

خواتین ریزرویشن نافذ کرنے کے لیے نشستیں بڑھانے کی تجویز

مرکزکی بی جے پی کی قیادت والی قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) حکومت خواتین کے ریزرویشن کوجلد نافذ کرنے کے لیے حد بندی کا عمل آگے بڑھا رہی ہے۔ نئے بل میں لوک سبھا اورریاستی اسمبلیوں کی نشستوں کی تعداد میں 50 فیصد اضافہ کرنے کی تجویزشامل ہے۔ خواتین کے لیے محفوظ نشستوں کی تقسیم حد بندی کمیشن کے طے کردہ طریقہ کارکے مطابق باری باری کی جائے گی۔ ڈی ایم کے کی حمایت کے اعلان سے حد بندی بل کے حوالے سے سیاسی صورت حال میں تبدیلی آئی ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ نئی تجویزمیں جنوبی ریاستوں کے خدشات اوراس کے مطالبات کوجگہ دی گئی ہے۔ اسٹالن نے اسے صرف ڈی ایم کے نہیں، بلکہ تمل ناڈوسمیت تمام جنوبی ریاستوں کی جدوجہد کی جیت قراردیا ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو-



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read