نئی دہلی: واٹس ایپ پر آنے والی کسی نامعلوم اے پی کے (APK) فائل کو کھولنا آپ کے لیے بڑی پریشانی کا سبب بن سکتا ہے۔ اس کے ذریعے سائبر ٹھگ آپ کے بینک اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کرکے رقم اڑا سکتے ہیں۔ اس کا بڑا انکشاف مغربی دہلی پولیس کی سائبر ٹیم نے کیا ہے۔ پانچ روز تک جاری خصوصی مہم کے دوران پولیس نے سائبر فراڈ کرنے والے 22 ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔ ان کا نیٹ ورک جھارکھنڈ کے جمتاڑا سے چل رہا تھا، جو بہار، مغربی بنگال اور اتر پردیش تک پھیلا ہوا تھا۔ تحقیقات میں سامنے آیا کہ یہ گروہ ملک بھر میں 22,139 لوگوں کو نشانہ بنا کر 20 کروڑ روپے سے زائد کی ٹھگی کر چکا ہے۔
بزرگوں اور بینک صارفین کو کیسے بناتے تھے نشانہ؟
پولیس کے مطابق، ملزمین خود کو بینک افسر ظاہر کرکے لوگوں کو واٹس ایپ پر پیغامات بھیجتے تھے۔ خاص طور پر بزرگ شہریوں کو لائف سرٹیفکیٹ جمع کرانے، کے وائی سی (KYC) اپ ڈیٹ کرنے، کریڈٹ کارڈ بنوانے یا اس کی حد بڑھوانے اور بجلی و گیس کے بل درست کرانے کا جھانسہ دیا جاتا تھا۔ ٹھگ لوگوں کو یقین دلاتے تھے کہ ان کا کام آسانی سے ہو جائے گا۔ اس کے لیے انہیں ایک اے پی کے فائل ڈاؤن لوڈ کرنے کو کہا جاتا تھا۔ جیسے ہی کوئی شخص یہ فائل انسٹال کرکے ضروری اجازتیں دیتا، ٹھگوں کو اس کے پیغامات، او ٹی پی، کالز، بینکنگ تفصیلات اور موبائل کی گیلری تک رسائی مل جاتی تھی۔اس کے بعد ملزمین بینک کھاتوں سے رقم نکال لیتے تھے۔ ٹھگی کی رقم کو فوری ڈیلیوری والی خریداری کی ایپس، گفٹ کوپن، موبائل فون اور چاندی کے سکوں کی خریداری کے ذریعے خرچ کیا جاتا تھا۔
تین سطحوں پر کام کرتا تھا سائبر ٹھگی کا نیٹ ورک
پولیس کی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ یہ گروہ تین سطحوں پر کام کرتا تھا۔ پہلے مرحلے میں ڈیولپرز جعلی اے پی کے پینل تیار کرتے تھے۔ دوسرے مرحلے میں ڈسٹری بیوٹرز اور سب ڈسٹری بیوٹرز کرائے پر آئی ڈی اور پاس ورڈ لے کر فائلیں تیار کرتے تھے۔ تیسرے مرحلے میں سائبر ٹھگ ان فائلوں کو عام لوگوں تک پہنچاتے تھے۔11 سے 15 نومبر کے درمیان 64 پولیس اہلکاروں پر مشتمل سات ٹیموں نے جمتاڑا، دیوگھر، گریڈیہہ، نوادہ، جموئی، آسنسول، کولکاتا اور گورکھپور میں 17 سے زائد مقامات پر چھاپے مارے۔ اس کارروائی کے دوران پولیس نے 63 موبائل فون، لیپ ٹاپ، میک بک اور ٹیبلٹ سمیت دیگر آلات ضبط کیے۔
پولیس کارروائی کے بعد شکایات میں کمی
پولیس کی اس کارروائی کا اثر بھی نظر آنے لگا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق، 2 سے 10 نومبر کے درمیان اے پی کے فائل کے ذریعے سائبر ٹھگی کی 1,406 شکایات موصول ہوئی تھیں، جب کہ 11 سے 17 نومبر کے دوران یہ تعداد گھٹ کر 724 رہ گئی۔پولیس نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ واٹس ایپ پر موصول ہونے والی کسی بھی نامعلوم اے پی کے فائل کو ڈاؤن لوڈ یا انسٹال نہ کریں۔ خاص طور پر بینک، کے وائی سی، لائف سرٹیفکیٹ یا بل کی تصحیح کے نام پر بھیجی جانے والی فائلوں سے محتاط رہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔




