Bharat Express DD Free Dish

From Kashmiri silk to Pichwai art: کشمیری ریشم سے پچھوائی آرٹ تک۔۔۔۔۔ وزیر اعظم مودی نے عالمی رہنماؤں کو ہندوستانی دستکاری کے تحائف پیش کرکے ملک کی ثقافتی وراثت کو اجاگر کیا

فلپائن کے دورے کے دوران مختلف ممالک کے سربراہان کو علاقائی فنون اور روایتی دستکاری کے نمونے پیش کیے، ہندوستان کی صدیوں پرانی فنکارانہ روایت اور کاریگروں کی مہارت کو عالمی سطح پر متعارف کرایا۔

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی بدھ کی علی الصبح منیلا، فلپائن کے دو روزہ کامیاب دورے کے بعد نئی دہلی واپس پہنچ گئے۔ دورے کے دوران انہوں نے عالمی رہنماؤں کو ہندوستان کی روایتی دستکاریوں اور ثقافتی ورثے سے تعلق رکھنے والے منتخب تحائف پیش کیے، جن کے ذریعے ملک کی متنوع فنکارانہ روایت اور ہنرمند کاریگروں کی مہارت کو اجاگر کیا گیا۔ وزیر اعظم نے منیلا میں 23ویں آسیان-ہندوستان سربراہی اجلاس، 21ویں مشرقی ایشیا سربراہی اجلاس اور کواڈ رہنماؤں کی میٹنگ میں شرکت کی۔ انہوں نے تاریخی گردوارہ خالصہ دیوان کا دورہ بھی کیا اور اس کی بازتعمیر کے کام کے آغاز کی تقریب میں حصہ لیا۔

فلپائن کے صدر کو کشمیری ریشم کا قالین

وزیر اعظم مودی نے میزبان ملک فلپائن کے صدر فرڈینینڈ آر مارکوس جونیئر کو کشمیری ریشم کا قالین پیش کیا۔ یہ روایتی قالین اپنی چمک، نرم ساخت، پیچیدہ نقش و نگار اور پائیداری کے لیے مشہور ہے۔ خالص ریشم سے تیار کیے جانے والے اس قالین میں ہنرمند کاریگر ہاتھ سے ہزاروں گرہیں لگاتے ہیں اور بعض قالینوں کی تیاری میں کئی ماہ بلکہ سال بھی لگ جاتے ہیں۔ کشمیر کی قدرتی خوبصورتی سے متاثر اس قالین میں پھولوں، چنار کے پتوں اور جیومیٹرک ڈیزائنوں کو نمایاں کیا جاتا ہے، جو خطے کی فنکارانہ شناخت کی عکاسی کرتے ہیں۔ یہ قالین نفاست، مہمان نوازی اور دیرپا دوستی کی علامت بھی ہے۔ فلپائن کی خاتون اول لیزا آرانیٹا مارکوس کو وزیر اعظم نے پشمینہ شال اور پیپر ماشی کے ڈبے میں تحفہ پیش کیا۔ پشمینہ چانگتھانگی بکری کے نرم بالوں سے تیار کی جاتی ہے، جو اپنی غیر معمولی نرمی، گرمائش اور ہلکی ساخت کے لیے مشہور ہے۔ پیپر ماشی کا ڈبہ کاغذ یا کاغذی گودے کی تہوں سے تیار کرکے اس پر رنگین پھولوں کے نقش بنائے جاتے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کو سنہری پچھوائی پینٹنگ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سنہری پچھوائی پینٹنگ پیش کی گئی۔ راجستھان کے ناتھ دوارہ سے تعلق رکھنے والا یہ روایتی کپڑے پر مصوری کا فن باریک نقش و نگار، روشن رنگوں اور دلکش ترکیب کے لیے مشہور ہے۔ اس میں معدنی رنگوں اور سنہری آرائش کے ذریعے کنول، گائے، درخت اور دیگر روایتی نقش بنائے جاتے ہیں۔ جاپان کی وزیر اعظم سانائے تاکائیچی کو شاہی نیلے رنگ کی بنارسی کتن ریشم کی اسٹول سدھیلی ڈبے میں پیش کی گئی۔ بنارس کے صدیوں پرانے ریشم کی بنائی کے فن سے تیار اس اسٹول پر پیچیدہ نقش و نگار بنائے گئے ہیں، جو نسل در نسل منتقل ہونے والی کاریگری کی عکاسی کرتے ہیں۔ اس کا شاہی نیلا رنگ وقار، دانش مندی اور ہم آہنگی کی علامت ہے۔ آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیزی کو جے پور کی بلیو پاٹری کا فن پارہ پیش کیا گیا۔ یہ مٹی کے بجائے کوارٹز پر مبنی آمیزے سے تیار کی جاتی ہے، جس کی وجہ سے اس میں ہموار، نازک اور قدرے شفاف ساخت پیدا ہوتی ہے۔ اس پر سفید سطح کے ساتھ گہرے نیلے رنگ کے پھول، پرندے اور جیومیٹرک نقش بنائے جاتے ہیں۔

گجرات کے روگن آرٹ سے ڈوکرا کشتی تک

تھائی لینڈ کے وزیر اعظم انوتن چرنویراکول کو گجرات کے کچھ علاقے سے تعلق رکھنے والی روگن آرٹ پینٹنگ پیش کی گئی۔ یہ کئی صدیوں پرانا کپڑے پر مصوری کا نایاب فن ہے، جسے نیرونا گاؤں میں چند کاریگر خاندان آج بھی زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ اس فن میں ارنڈی کے تیل کو ابال کر تیار کردہ گاڑھے رنگ میں قدرتی رنگ ملائے جاتے ہیں اور دھات کی باریک سلائی سے کپڑے پر نقش بنائے جاتے ہیں، جنہیں کپڑے کو تہہ کرکے دوسری جانب منتقل بھی کیا جاتا ہے۔ ویتنام کے وزیر اعظم لی منہ ہنگ کو روایتی دستکاری سے تیار کردہ چمڑے کی دیواری آرائش پیش کی گئی۔ اس میں چمڑے کو نرم کرکے مختلف پھولوں، جیومیٹرک نقش اور جنگلی جانوروں کی شکلیں سوراخ کرنے، ابھارنے اور رنگنے کی تکنیک سے تیار کی جاتی ہیں۔ کمبوڈیا کے وزیر اعظم ہن مانیت کو ڈوکرا آرٹ کی کشتی پیش کی گئی، جو ہندوستان کی قدیم دھاتی دستکاری ہے اور موم کو پگھلا کر دھات میں ڈھالنے کی تکنیک پر مبنی ہے۔ یہ فن تقریباً 4 ہزار سال پرانا ہے۔ اس فن پارے میں کشتی پر سوار افراد اور پرندوں کی شکلیں بنائی گئی ہیں، جو اجتماعی زندگی، فطرت سے ہم آہنگی، اتحاد اور تعاون کی علامت ہیں۔

عقیق کے پیالے اور بیدری آرٹ کے گلدان

تیمور لیستے کے وزیر اعظم زانانا گوسماؤ کو گجرات کے کھمبھات کا عقیق سے تیار کردہ پیالہ پیش کیا گیا۔ کھمبھات صدیوں سے عقیق کی تراش خراش کا مرکز رہا ہے۔ قدرتی رنگوں اور دھاریوں والے نیم قیمتی پتھر سے تیار اس دستکاری کو 2017 میں ’ایگیٹس آف کمبے‘ کے نام سے جغرافیائی شناخت (جی آئی) ٹیگ ملا اور 2023 میں اسے آنند ضلع کے ’ایک ضلع، ایک پروڈکٹ‘ (او ڈی او پی) پروگرام میں شامل کیا گیا۔ میانمار اور برونائی کے سلطان حاجی حسن البلقیہ کو بیدری آرٹ سے تیار کردہ چاندی کی جڑائی والا گلدان پیش کیا گیا۔ کرناٹک کے بیدر سے تعلق رکھنے والی یہ روایتی دھاتی دستکاری زنک اور تانبے کے آمیزے سے تیار کی جاتی ہے، جس پر خالص چاندی کی باریک جڑائی کی جاتی ہے۔ کاریگر بیدر قلعے سے متاثر نقش بناتے ہیں، چاندی کی تاریں جڑتے ہیں اور سطح کو مخصوص طریقے سے تیار کرکے اسے گہرا سیاہ رنگ دیتے ہیں۔ وزیر اعظم مودی کی جانب سے پیش کیے گئے یہ تحائف ہندوستان کی علاقائی دستکاریوں، صدیوں پرانی فنکارانہ روایت اور ہنرمند کاریگروں کی مہارت کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کی کوشش کا حصہ ہیں۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read