کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ون ٹو ون بحث کا چیلنج دیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے فون میں کئی اہم ثبوت موجود ہیں۔ راہل نے فون ٹیپنگ اور پارلیمنٹ میں مائیک بند کیے جانے کا الزام بھی لگایا۔ جانیں کیا ہے پورا معاملہ؟
فون میں موجود ہیں کئی اہم ’ثبوت‘
کانگریس لیڈر اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے ایک بار پھر وزیر اعظم نریندر مودی کو براہِ راست اور عوامی بحث کا چیلنج دے کر سیاسی بحث چھیڑ دی ہے۔ انسٹاگرام پر ایک صارف کے سوال کا جواب دیتے ہوئے راہل گاندھی نے وزیر اعظم کو آمنے سامنے بیٹھ کر بحث کرنے کی دعوت دی۔ کانگریس لیڈر کا الزام ہے کہ انہوں نے پارلیمنٹ میں کئی حساس قومی معاملات پر بحث کرنے کی کوشش کی، لیکن ان کا مائیک بند کر دیا گیا اور انہیں اپنی بات رکھنے کا موقع نہیں دیا گیا۔ راہل گاندھی نے اپنے موبائل فون کی طرف اشارہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس کئی اہم ثبوت موجود ہیں، جو فون میں محفوظ ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم ان کے فون کی نگرانی کرواتے ہیں، اس لیے انہیں معلوم ہے کہ ان کے پاس کون سے ثبوت ہیں۔راہل گاندھی نے کہا کہ جس دن وزیر اعظم ان کے ساتھ براہِ راست بحث کے لیے سامنے آئیں گے، اسی دن پورے ملک کو معلوم ہو جائے گا کہ کون غیر ملکی طاقتوں کے کنٹرول میں ہے، کون ملک مخالف ہے اور کب سے ایسا ہو رہا ہے۔
پارلیمنٹ میں کن موضوعات پر بولنے سے روکنے کا الزام؟
انسٹاگرام پر ایک صارف نے راہل گاندھی سے سوال کیا کہ بی جے پی مسلسل انہیں پارلیمنٹ میں آکر بحث کرنے کا چیلنج دیتی ہے۔ اس پر راہل گاندھی نے ان موضوعات کا ذکر کیا، جن پر ان کے مطابق انہیں پارلیمنٹ میں اپنی بات رکھنے کا موقع نہیں دیا گیا۔
ان میں اہم موضوعات یہ ہیں:
– زرعی قوانین اور کسانوں سے متعلق مسائل
– خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر)
– چین کے ساتھ سرحدی تنازع
– سابق آرمی چیف جنرل ایم ایم نرونے کی کتاب سے متعلق معاملہ
’بی جے پی اڈانی اور موہن بھاگوت کو بھی جج بنا سکتی ہے‘
براہِ راست بحث کی شرائط کے حوالے سے راہل گاندھی نے کہا کہ وہ کسی بھی پلیٹ فارم پر اور کسی کی بھی ثالثی میں بحث کرنے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی چاہے تو اپنی پسند کے کسی بھی شخص کو اس بحث کا جج بنا سکتی ہے۔ اس کے لیے صنعت کار گوتم اڈانی یا آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کو بھی منتخب کیا جا سکتا ہے۔راہل گاندھی نے دعویٰ کیا کہ اگر وزیر اعظم مودی ان کے ساتھ براہِ راست بحث کے لیے تیار ہو جائیں تو اس کے بعد وہ وزیر اعظم نہیں رہ پائیں گے۔
پہلے بھی وزیر اعظم کو دے چکے ہیں بحث کا چیلنج
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو آمنے سامنے بحث کی دعوت دی ہو۔ اپریل 2019 میں لوک سبھا انتخابات کی تشہیر کے دوران بھی انہوں نے رافیل معاہدے اور بدعنوانی کے معاملے پر وزیر اعظم کو 15 منٹ کی براہِ راست بحث کا چیلنج دیا تھا۔اس کے علاوہ مئی 2024 میں لوک سبھا انتخابات کے دوران سپریم کورٹ کے سابق جج مدن بی لوکور، دہلی ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس اجیت پی شاہ اور سینئر صحافی این رام نے دونوں بڑے لیڈرؤں کو عوامی بحث کے لیے باضابطہ خط لکھا تھا۔راہل گاندھی نے اس دعوت کو قبول کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی کو انتخابی موضوعات پر بحث کرنے کی دعوت دی تھی، تاہم یہ بحث منعقد نہیں ہو سکی تھی۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔




