Bharat Express DD Free Dish

Pending Cases in Indian Courts: ملک کی جیلوں میں 75 فیصد سے زائد قیدی بغیر سزا کے کاٹ رہے ہیں وقت، اعداد و شمار نے بڑھائی تشویش

ملک کی جیلوں میں زیر سماعت قیدیوں کی بڑی تعداد، دہلی کی جیلوں میں تقریباً 88 فیصد قیدی ابھی تک سزا یافتہ نہیں، عدالتوں میں 5.4 کروڑ سے زیادہ مقدمات زیر التوا، نمٹانے کے لیے حکومت اے آئی اور ریٹائرڈ ججوں کی لے گی مدد

ملک بھر کی عدالتوں میں زیر التوا مقدمات کے جلد تصفیے کے لیے مرکزی حکومت ایک اور اہم قدم اٹھانے جا رہی ہے۔ حکومت نے دہلی، بہار اور آندھرا پردیش میں شام کی عدالتیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان عدالتوں کا آغاز رواں سال کے آخر میں ہونے کا امکان ہے۔ مرکزی وزیر مملکت برائے قانون و انصاف ارجن رام میگھوال نے اس کی اطلاع دی ہے۔ دوسری جانب نیشنل کرائم ریکارڈز بیورو (این سی آر بی) کے اعداد و شمار ملک کی جیلوں میں قیدیوں کی بڑھتی تعداد اور زیر سماعت مقدمات کی صورت حال پر تشویش ظاہر کرتے ہیں۔

زیر التوا مقدمات نمٹانے کے لیے اے آئی اور ریٹائرڈ ججوں کی مدد لے گی حکومت

مرکزی وزیر مملکت ارجن رام میگھوال کے مطابق، مقدمات کے جلد تصفیے کے لیے ریٹائرڈ ججوں اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے استعمال پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ میں 96 ہزار سے زیادہ مقدمات زیر التوا ہیں، جبکہ ملک کی تمام ہائی کورٹس میں یہ تعداد 70 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ اس کے علاوہ ماتحت عدالتوں میں تقریباً 4 کروڑ 30 لاکھ مقدمات زیر التوا ہیں۔ قانون کے مرکزی وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت نے پہلی مرتبہ اس بات کا تجزیہ شروع کیا ہے کہ کون سے مقدمات کتنے عرصے سے زیر التوا ہیں۔ 30 سے 40 سال پرانے مقدمات کی جلد سماعت کو ترجیح دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ کچھ ایسے مقدمات بھی ہیں جن میں گواہ اب زندہ نہیں رہے، لیکن اس کے باوجود مقدمات چل رہے ہیں۔ ان میں چیک باؤنس کے مقدمات کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔

شام کی عدالتوں کی کامیابی پر قانونی ماہرین کی مختلف رائے

شام کی عدالتیں شروع کرنے کے حکومتی فیصلے پر قانونی ماہرین کی آرا مختلف ہیں۔ سپریم کورٹ کے وکیل ستیہ سنگھ راجپوت کے مطابق، شام کی عدالتیں شروع کرنے میں کئی تکنیکی مشکلات پیش آ سکتی ہیں اور ان کے کامیاب ہونے کے امکانات کم ہیں۔ دوسری جانب سپریم کورٹ کے وکیل برجیش سنگھ کا ماننا ہے کہ اگر اس منصوبے کو مناسب طریقے سے نافذ کیا جائے تو یہ کامیاب ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق، اگر شام کی عدالتوں میں ملازمت پیشہ افراد، مزدوروں اور دیگر کام کرنے والے لوگوں کے مقدمات کی سماعت کی جائے تو اس سے انہیں فائدہ پہنچ سکتا ہے۔واضح رہے کہ ملک بھر کی عدالتوں میں 5.4 کروڑ سے زیادہ مقدمات زیر التوا ہیں۔ ان میں تقریباً 60 لاکھ مقدمات ایسے ہیں جو 10 سال سے زیادہ عرصے سے زیر سماعت ہیں۔ہائی کورٹس کی صورت حال بھی قابل توجہ ہے۔ الہ آباد ہائی کورٹ میں 11.3 لاکھ، راجستھان ہائی کورٹ میں 6.8 لاکھ، مہاراشٹر ہائی کورٹ میں 6.6 لاکھ اور مدھیہ پردیش ہائی کورٹ میں 4.8 لاکھ مقدمات زیر التوا ہیں۔ مقدمات کے طویل عرصے تک زیر التوا رہنے کی ایک بڑی وجہ ججوں کی کمی بھی بتائی جاتی ہے۔

این سی آر بی کی رپورٹ میں انکشاف، دہلی کی جیلوں میں 88 فیصد قیدی زیر سماعت

نیشنل کرائم ریکارڈز بیورو کی رپورٹ ’’پرزن اسٹیٹسٹکس انڈیا 2024‘‘ کے مطابق، دہلی کی جیلوں میں زیر سماعت قیدیوں کی تعداد تشویش ناک ہے۔ یہاں تقریباً 88 فیصد قیدی ایسے ہیں جن کے مقدمات ابھی عدالتوں میں زیر سماعت ہیں، جبکہ صرف 11.4 فیصد قیدیوں کو عدالت سے قصوروار قرار دیا گیا ہے۔ جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کی موجودگی کا مسئلہ بھی کئی ریاستوں میں سنگین ہے۔ دہلی کی جیلوں میں منظور شدہ گنجائش کے مقابلے میں 194.6 فیصد زیادہ قیدی ہیں۔ میگھالیہ میں یہ شرح 163.5 فیصد اور جموں و کشمیر میں 148.3 فیصد ہے۔ مدھیہ پردیش اور مہاراشٹر میں بھی جیلوں میں قیدیوں کی تعداد منظور شدہ گنجائش سے 140 فیصد زیادہ ہے۔اتر پردیش کی جیلوں میں بھی قیدیوں کی تعداد منظور شدہ گنجائش سے تقریباً ڈیڑھ گنا زیادہ بتائی گئی ہے۔ ملک بھر کی صورت حال پر نظر ڈالیں تو تقریباً 75 سے 77 فیصد قیدی ایسے ہیں جن کے مقدمات ابھی زیر سماعت ہیں اور انہیں عدالت سے سزا نہیں سنائی گئی ہے۔ یہ اعداد و شمار ملک کے عدالتی نظام میں مقدمات کے جلد تصفیے اور جیلوں میں قیدیوں کی بھیڑ کم کرنے کی ضرورت کو نمایاں کرتے ہیں۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read