اعظم خان اور ان کے بیٹے عبداللہ اعظم۔ (تصویر: ٹوئٹر)
سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سینئررہنما اعظم خان اوران کے بیٹے عبداللہ اعظم خان کودوپین کارڈ معاملے میں الٰہ آباد ہائی کورٹ سے بڑی راحت ملی ہے۔ ہائی کورٹ نے دونوں کی ضمانت کی عرضی منظورکرتے ہوئے ان کی سزا معطل کردی ہے۔ تاہم عدالت نے قصوروارقراردیئے جانے کے فیصلے پرروک لگانے کی درخواست مسترد کردی۔ جسٹس سمیت گوپال کی یک رکنی بنچ نے اعظم خان اورعبداللہ اعظم کی جانب سے دائرفوجداری نظرثانی کی عرضیوں پریہ فیصلہ سنایا۔ دونوں نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کوچیلنج کرتے ہوئے قصوروارقراردیئے جانے کے فیصلے پرروک لگانے، سزا معطل کرنے اورعبوری ضمانت پررہائی کی درخواست کی تھی۔
346 دن سے جیل میں بند ہیں اعظم خان اورعبداللہ
دوپین کارڈ معاملے میں اعظم خان اورعبداللہ اعظم خان کو17 نومبر2025 کو7-7 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ سزا سنائے جانے کے بعد اسی دن دونوں کوحراست میں لے کررام پورضلع جیل بھیج دیا گیا تھا۔ دونوں تقریباً 11 ماہ 12 دن، یعنی 346 دن سے جیل میں بند ہیں۔ ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف دونوں نے سیشن کورٹ میں عرضی دائرکی تھی، لیکن 20 اپریل 2026 کوان کی اپیل خارج کردی گئی اورسزا برقراررکھی گئی۔ اس کے بعد دونوں نے راحت کے لیے الٰہ آباد ہائی کورٹ کا رخ کیا۔
15 اکتوبرکوعدالت نے فیصلہ محفوظ رکھا تھا
دو پین کارڈ معاملے میں اعظم خان اورعبداللہ اعظم کی عرضیوں پرالٰہ آباد ہائی کورٹ میں 15 اکتوبر2026 کوسماعت مکمل ہوئی تھی۔ دونوں فریقوں کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔ اب عدالت نے ضمانت اورسزا معطل کرنے کی درخواست منظورکرلی ہے، لیکن قصوروارقراردیئے جانے کے فیصلے پرروک لگانے سے انکارکردیا ہے۔
کیا اعظم خان اورعبداللہ اعظم آسکیں گے جیل سے باہر؟
ہائی کورٹ سے ضمانت ملنے اورسزا معطل ہونے کے باوجود اعظم خان اورعبداللہ اعظم کی رہائی دیگرزیرالتوا مقدمات کی صورت حال پرمنحصرکرے گی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق، دونوں کے خلاف دودیگرمقدمات بھی زیر التوا ہیں۔ اگران مقدمات میں پولیس کی جانب سے بی وارنٹ حاصل نہیں کیا گیا ہے اوررہائی میں کوئی دوسری قانونی رکاوٹ نہیں ہے تودونوں جیل سے باہرآسکتے ہیں۔
کیا ہوتا ہے بی وارنٹ؟
بی وارنٹ (B-Warrant) عدالت کی جانب سے جاری کیا جانے والا تحریری حکم ہوتا ہے، جس کے ذریعہ پہلے سے کسی دوسرے مقدمے میں جیل میں بند ملزم کومتعلقہ مقدمے میں عدالت کے سامنے پیش کرنے کا انتظام کیا جاتا ہے۔ اس کا مقصد ملزم کی دوسرے مقدمے میں عدالتی پیشی کویقینی بنانا ہوتا ہے۔
کیا ہے دو پین کارڈ کا معاملہ؟
یہ معاملہ عبداللہ اعظم کے پاس دوپین کارڈ ہونے کے الزامات سے متعلق ہے۔ شکایت میں الزام لگایا گیا تھا کہ دونوں پین کارڈ پرتاریخ پیدائش الگ الگ درج تھی اورانتخابی نامزدگی سے متعلق دستاویزات میں دوسرے پین کارڈ کا استعمال کیا گیا تھا۔ اس معاملے میں نچلی عدالت نے اعظم خان اورعبداللہ اعظم کوقصوروارقراردیتے ہوئے 7-7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ دونوں نے اس فیصلے کوچیلنج کیا تھا، لیکن سیشن کورٹ سے راحت نہ ملنے کے بعد انہوں نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔
بھارت ایکسپریس اردو-
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


