لیکٹنسٹین کے شہزادے الوئس اور ان کی اہلیہ شہزادی سوفی نے وزیر اعظم نریندر مودی سے حیدرآباد ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرکے کہا، ’’آج حیدرآباد ہاؤس میں لیکٹنسٹین کے موروثی شہزادے االوئس اور موروثی شہزادی سوفی کا گرمجوشی سے استقبال کیا گیا۔ اس دوران دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔‘‘اس سے قبل دن میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بھی شہزادے الوئس سے ملاقات کی۔ اس دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور ’ہندوستان-یورپی آزاد تجارتی انجمن (ای ایف ٹی اے) تجارتی و اقتصادی شراکت داری معاہدے‘ (ٹیپا) کے تحت پیدا ہونے والے نئے مواقع پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ جے شنکر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا، ’’ہندوستان کے سرکاری دورے پر آئے لیکٹنسٹین کے شہزادے ایلوس سے ملاقات کرکے خوشی ہوئی۔ ہندوستان-ای ایف ٹی اے ٹیپا سے پیدا ہونے والے مواقع کی بدولت ہماری دوطرفہ شراکت داری کئی شعبوں میں تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔‘‘انہوں نے مزید کہا، ’’ہمیں امید ہے کہ آج بعد میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ان کی ملاقات سے ہمارے باہمی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔‘‘
راشٹرپتی بھون میں شہزادے کا رسمی استقبال
اس سے قبل راشٹرپتی بھون کے صحن میں شہزادے الوئس کا رسمی استقبال کیا گیا۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی نے ان کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا۔اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شہزادے الوئس نے صدر مرمو اور وزیر اعظم مودی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا، ’’اس شاندار ملک میں لیکٹنسٹین کے پہلے سرکاری دورے کے دوران یہاں آنا میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔‘‘انہوں نے مزید کہا، ’’یہ تاریخی دورہ اس بات کا ثبوت ہے کہ لیکٹنسٹین ہندوستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو کتنی اہمیت دیتا ہے۔‘‘
وزیر خزانہ نرملا سیتارمن سے بھی ہوگی ملاقات
منگل کو شہزادے الوئس وزیر خزانہ نرملا سیتارمن اور ہنرمندی کی ترقی و صنعت کاری کے وزیر مملکت جینت چودھری سے بھی ملاقات کریں گے۔اس کے بعد وہ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے ملاقات کریں گے۔ ان کے اعزاز میں ایک سرکاری ضیافت کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔شہزادے الوئس پیر کو گجرات کے وڈودرا سے نئی دہلی پہنچے تھے۔ ہوائی اڈے پر مرکزی وزیر مملکت جینت سنگھ نے ان کا استقبال کیا تھا۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

