نئی دہلی : بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شراف کی گاڑی پر فائرنگ کے معاملے میں گرفتار تینوں ملزمین کے بارے میں نئی معلومات سامنے آئی ہیں۔ ملزمین کی شناخت پھول سنگھ نریش، ریحان رئیوس الدین انصاری اور رتک کمار عرف روشن کے طور پر ہوئی ہے۔ پھول سنگھ نریش اور ریحان ہریانہ کے سونی پت کے رہنے والے ہیں اور دونوں کی عمر 18 سال بتائی گئی ہے۔ وہیں، 22 سالہ رتک کمار عرف روشن بہار کے بیگوسرائے کا رہنے والا ہے۔ وہ تقریباً چار سال پہلے ممبئی آیا تھا۔اس معاملے میں فائرنگ کے لیے استعمال کی گئی پلسر موٹر سائیکل کے حوالے سے بھی اہم معلومات سامنے آئی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ ملزمین نے یہ موٹر سائیکل 25 ہزار روپے میں خریدی تھی۔ ممبئی پولیس نے موٹر سائیکل کے مالک سے پوچھ گچھ کی ہے اور اس کے سابقہ مالکان سے متعلق ریکارڈ کی جانچ کی جا رہی ہے۔
تین مالکان کے ہاتھوں فروخت ہوئی تھی موٹر سائیکل
جانچ کے مطابق، موٹر سائیکل کا پہلا مالک ممبئی کے جوگیشوری علاقے میں رہتا تھا۔ اس نے موٹر سائیکل ایک دوسرے شخص کو فروخت کی، جس نے آگے اسے تیسرے مالک کے ہاتھوں فروخت کردیا۔ الزام ہے کہ فائرنگ کرنے والے شوٹروں نے اسی تیسرے مالک سے موٹر سائیکل خریدی تھی۔بتایا جا رہا ہے کہ تیسرے مالک کو موٹر سائیکل کی قیمت مل چکی تھی، لیکن گاڑی کے دستاویزات میں ملکیت کی منتقلی نہیں ہوئی تھی۔ اطلاعات کے مطابق، دستاویزات میں ملکیت کی تبدیلی کا عمل نوراتری کے بعد مکمل کیا جانا تھا۔پولیس اب اس بات کی جانچ کر رہی ہے کہ موٹر سائیکل کی خرید و فروخت کن حالات میں ہوئی اور کیا اسے فائرنگ کی واردات میں استعمال کرنے کے مقصد سے خریدا گیا تھا۔ جانچ ایجنسیاں موٹر سائیکل سے متعلق دستاویزات اور ملزمین کے رابطوں کی بھی چھان بین کر رہی ہیں۔
ممبئی کے جوہو علاقے میں ہوئی تھی فائرنگ
واضح رہے کہ اتوار کے روز ممبئی کے جوہو علاقے میں ٹائیگر شراف کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی تھی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق، اداکار فٹ بال کھیلنے کے بعد وہاں سے نکل رہے تھے، اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار تین افراد ان کی گاڑی کے قریب پہنچے۔ الزام ہے کہ ان میں سے دو افراد نے گاڑی پر گولیاں چلائیں، جبکہ تیسرا موٹر سائیکل چلا رہا تھا۔اس واقعے میں ٹائیگر شراف کے ہاتھ پر بارود اور شیشے کے ٹکڑوں سے چوٹ آئی، جبکہ ان کا ڈرائیور گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔
سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزمین تک پہنچی پولیس
پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور تکنیکی جانچ کی مدد سے ملزمین کے راستے کا پتہ لگایا۔ جانچ کے مطابق، ملزمین اندھیری علاقے میں موٹر سائیکل چھوڑنے کے بعد ٹرین سے آگے روانہ ہوئے تھے۔ممبئی پولیس سے ملی اطلاع کی بنیاد پر راجستھان کی کوٹا پولیس نے تینوں ملزمین کو ریلوے اسٹیشن پر ٹرین سے حراست میں لیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ ملزمین جے پور اور دہلی کے راستے نیپال فرار ہونے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
