نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو ’سیوا سنکلپ ابھیان‘ کے تحت وڈ نگر سے وارانسی جانے والے نوجوانوں کے گروپ سے گفتگو کی۔ اس دوران انہوں نے خدمت کو سب سے بڑا دھرم قرار دیتے ہوئے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے عمل اور کردار کے ذریعے خدمت کا پیغام دیں۔ وزیر اعظم نے کہا، ’’ہمارا کام خود بولنا چاہیے۔ ہمیں خدمت کا پیغام خدمت کرکے دینا ہے، خدمت پر وعظ دے کر نہیں۔ ہمارے طرزِ عمل سے یہ نظر آنا چاہیے کہ چاہے ہمیں کتنی ہی بڑی طاقت یا اختیار کیوں نہ مل جائے، ہمارا راستہ ہمیشہ خدمت کا ہی رہے گا۔ ہم ’سیوا پرمو دھرم‘ کے جذبے کے ساتھ ہی آگے بڑھیں گے۔‘‘
’آج میں بھی آپ کو پرنام کرکے آپ کے آدھے پنیا میں شریک ہو رہا ہوں‘
وزیر اعظم مودی نے یاترا کے پنیا سے متعلق ایک روایت کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے یہاں مانا جاتا ہے کہ جب کوئی شخص یاترا سے واپس آتا ہے اور کوئی اسے پرنام کرتا ہے تو یاترا کا آدھا پنیا پرنام کرنے والے شخص کو بھی حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا، ’’آج میں بھی تمام سیوا یاتریوں کو پرنام کرکے آپ کے آدھے پنیا میں شریک ہو رہا ہوں۔‘‘ ماحولیات کے حوالے سے وزیر اعظم نے پودوں کی بہتر افزائش اور پانی کی بچت کی ایک آسان تکنیک بھی بتائی۔ انہوں نے کہا کہ پودا لگاتے وقت اس کے پاس پانی سے بھرا ہوا مٹی کا گھڑا رکھیں، جس کا منہ اوپر کی طرف ہو۔ مہینے میں ایک مرتبہ اس گھڑے کو پانی سے بھرنے سے پودے کو مناسب نمی مل سکتی ہے۔ ان کے مطابق اس طریقے سے پانی کی بچت کے ساتھ زیادہ سے زیادہ پودے اگانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔
’وڈ نگر میری جنم بھومی، وارانسی میری کرم بھومی‘
سیوا سنکلپ یاترا سے وابستہ نوجوانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ وڈ نگر اور وارانسی دونوں ہی قدیم تاریخی شہر ہیں اور ہزاروں برس سے زندہ تہذیبی مراکز رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’میرے لیے تو ایک میری جنم بھومی ہے اور دوسری میری کرم بھومی ہے۔‘‘ وزیر اعظم نے کہا کہ وارانسی میں بابا وشوناتھ جی کا آشیرواد ہے، جبکہ وڈ نگر ہاٹکیشور مہادیو کے آشیرواد کی سرزمین ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ان دونوں شہروں کے درمیان خدمت کا اتنا بڑا مہم چلا رہے ہیں۔ مودی نے کہا کہ انہیں یاترا کے دوران کچھ شرکا سے بات کرنے کا موقع بھی ملا۔ ان کے تجربات سن کر ایسا محسوس ہوا جیسے وہ خود بھی ان نوجوانوں کے ساتھ سفر کر رہے ہوں۔
Interacting with the Seva Yatris travelling on the Yatra from Vadnagar to Varanasi. Their spirit of service is truly inspiring. https://t.co/Cfcu4eRkmp
— Narendra Modi (@narendramodi) September 24, 2026
’خدمت کے جذبے سے کام ہو تو اس کا اثر دکھائی دیتا ہے‘
وزیر اعظم نے کہا کہ جب خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کیا جاتا ہے تو اس کے نتائج بھی نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی جذبے کے تحت کروڑوں ضرورت مند افراد کو مفت اناج فراہم کیا جاتا ہے اور آیوشمان بھارت جیسی اسکیمیں وجود میں آتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وڈ نگر سے وارانسی کے سفر کے دوران نوجوانوں نے راستے میں دیکھا ہوگا کہ خدمت سے متعلق کاموں کو کس طرح آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ اپنے تنظیمی دور کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ جب وہ تنظیمی سطح پر کام کرتے تھے تو انہیں مختلف یاتروں میں شامل ہونے کا تجربہ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خود یاترا کرنے کے بعد انہیں اندازہ ہوا کہ اس دوران کتنے چیلنجز اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس کے باوجود نوجوانوں نے اس مہم کو بڑے عزم اور لگن کے ساتھ آگے بڑھایا ہے۔
’سیوا ہی سب سے بڑی محرک طاقت ہے‘
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ پی ایم کسان ہو یا پی ایم سوریہ گھر یوجنا، ایسی بے شمار سرکاری اسکیموں کی شناخت ان کی ’لاسٹ مائل ڈیلیوری‘ یعنی آخری فرد تک خدمات پہنچانے سے ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’سیوا ہی سب سے بڑی محرک طاقت ہے۔‘‘ مودی نے نوجوان نسل کو ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر میں اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج کی نوجوان نسل ملک کو ترقی یافتہ بھارت بنانے والی بھی ہے اور مستقبل میں اس کی بڑی مستحق بھی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس ذمہ داری کو پورا کرنے کے لیے بھارت کو زمینی سطح پر جاننا اور سمجھنا، ملک کی مختلف باریکیوں کا تجربہ کرنا، الگ الگ علاقوں اور سماجی طبقات کے لوگوں سے ملنا، ان کے خوابوں سے واقف ہونا اور ان کی امنگوں کو سمجھنا ضروری ہے۔ ان کے مطابق سیوا سنکلپ یاترا نوجوانوں کی زندگی میں اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
’سیاست، انتخابات اپنی جگہ، ہم قوم کی تعمیر کے لیے نکلے ہیں‘
وزیر اعظم نے کہا، ’’سیاست اپنی جگہ ہے، انتخابات اپنی جگہ ہیں، حکومتی نظام اپنی جگہ ہے۔ ہم تو قوم کی تعمیر کے لیے نکلے ہوئے لوگ ہیں، ہم ترقی یافتہ بھارت کے عزم کے ساتھ نکلے ہوئے لوگ ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ 2047 تک ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر میں نوجوان طاقت کے بڑے کردار کو پوری مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ سیوا سنکلپ یاترا وزیر اعظم نریندر مودی کی عوامی زندگی کے 25 سال مکمل ہونے کے موقع پر 17 ستمبر 2026 سے شروع کیا گیا ایک وسیع عوامی خدمت اور بہتر حکمرانی کا مہم ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔





