نئی دہلی: بھارت ایکسپریس نیوز نیٹ ورک کے زیرِ اہتمام بھارت ایکسپریس اردو کا تیسرا کانکلیو ’بزم صحافت‘ اردو زبان، اردو صحافت اور سیاسی و سماجی مکالمے میں اردو کے مؤثر کردار کو اجاگر کرنے کے لیے ایک عظیم الشان قومی پروگرام کے طور پر منعقد کیا جا رہا ہے۔ یہ کانکلیو اردو زبان کی تہذیبی و ادبی اہمیت، بدلتے ہوئے صحافتی منظرنامے میں اردو صحافت کے کردار اور قومی سطح پر سیاسی و سماجی مباحث میں اردو کی بڑھتی ہوئی معنویت کو نمایاں کرنے کی ایک اہم کوشش ہے۔ پروگرام کا مقصد اردو کے فروغ کے ساتھ ساتھ قومی تعمیر اور عوامی مکالمے میں اردو صحافت کی اہمیت کو اجاگر کرنا بھی ہے۔ ’بزم صحافت‘ میں مرکزی حکومت کے وزرا، سابق وزرا، ارکانِ پارلیمنٹ، مختلف سیاسی جماعتوں کے سرکردہ لیڈر، سینئر صحافی، ماہرینِ تعلیم اور ملک کے معروف شعرا و ادبا ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع ہوں گے۔ ان شخصیات کی شرکت سے پروگرام میں مختلف شعبوں سے وابستہ تجربات، خیالات اور نقطۂ نظر کو ایک جامع انداز میں پیش کرنے کا موقع ملے گا۔ کانکلیو کے دوران اردو زبان کے فروغ، اردو صحافت کی موجودہ صورتِ حال، قومی تعمیر میں اردو صحافت کے کردار اور ملک میں سیاسی و سماجی مکالمے کو مضبوط بنانے میں اردو کی اہمیت سمیت مختلف اہم موضوعات پر سیر حاصل گفتگو ہوگی۔ بدلتے ہوئے میڈیا کے دور میں اردو صحافت کو درپیش چیلنجز، ڈیجیٹل صحافت کے نئے امکانات اور اردو زبان کو نئی نسل سے جوڑنے جیسے اہم پہلو بھی ’بزم صحافت‘ کے مباحث کا حصہ ہوں گے۔ ممتاز شخصیات کی شرکت سے یہ کانکلیو اردو کے حال، مستقبل اور قومی سطح پر اس کے بڑھتے ہوئے کردار پر ایک بامعنی مکالمے کی صورت اختیار کرے گا۔ بھارت ایکسپریس اردو کانکلیو ’بزم صحافت‘ اردو زبان کے فروغ، اردو صحافت کی نئی سمتوں اور قومی مکالمے میں اردو کے مقام کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی ایک باوقار مثال ہے۔
افتتاحی اجلاس میں مرکزی وزرا سمیت اہم شخصیات کی شرکت
پروگرام کا افتتاحی اجلاس صبح 10:15 بجے سے 11:45 بجے تک ہوگا۔ مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور کرن رجیجو بطور چیف گیسٹ شرکت کریں گے، جبکہ مرکزی وزیر ثقافت و سیاحت گجیندر سنگھ شیخاوت اور دہلی کے سابق لیفٹیننٹ گورنر نجیب جنگ بھی افتتاحی اجلاس میں موجود رہیں گے۔ سابق مرکزی وزیر اور بی جے پی کے قومی ترجمان سید شاہنواز حسین مہمانِ اعزازی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔۔ نیشنل کمیشن فار مائنارٹی ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز (NCMEI) کے چیئرمین (آفیشیٹنگ) پروفیسر ڈاکٹر شاہد اختر بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
سی ایم ڈی اپیندر رائے کا کلیدی خطاب
افتتاحی اجلاس میں بھارت ایکسپریس نیوز نیٹ ورک کے چیئرمین و ایڈیٹر اِن چیف شری اپیندر رائے کلیدی خطاب کریں گے۔ وہ اردو زبان، صحافت اور قومی سطح پر میڈیا کے کردار سے متعلق اہم نکات پیش کریں گے۔ نیشنل کونسل فار پروموشن آف اردو لینگویج (NCPUL) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد شمس اقبال استقبالیہ خطاب کریں گے، جبکہ بھارت ایکسپریس اردو کے ایڈیٹر ڈاکٹر خالد رضا خان تعارفی خطاب پیش کریں گے۔ پروگرام کی نظامت بھارت ایکسپریس اردو کے چیف سب ایڈیٹر ڈاکٹر نثار احمد خان کریں گے۔
این سی پی یو ایل اور حکومت ہند پر ڈاکیومنٹری فلم
افتتاحی اجلاس کے بعد 11:45 بجے سے 12 بجے تک چائے کا وقفہ ہوگا۔ اس کے بعد این سی پی یو ایل اور حکومت ہند کے حوالے سے ایک خصوصی ڈاکیومنٹری فلم پیش کی جائے گی۔ ڈاکٹر حمید اللہ بھٹ اس ڈاکیومنٹری فلم کو ریلیز کریں گے۔ ڈاکیومنٹری فلم کا سیشن 12 بجے سے 12:35 بجے تک جاری رہے گا۔
پہلا سیشن: این سی پی یو ایل کے کردار پر خصوصی پینل ڈسکشن
پروگرام کا پہلا سیشن 12:40 بجے سے 1:30 بجے تک پینل ڈسکشن کی شکل میں ہوگا۔ اس سیشن میں اردو زبان کے فروغ اور این سی پی یو ایل کے کردار سے متعلق اہم امور پر گفتگو کی جائے گی۔ پینل میں سابق راجیہ سبھا رکن، سینئر صحافی اور این سی پی یو ایل کے سابق وائس چیئرمین شاہد صدیقی، این سی پی یو ایل کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر حمید اللہ بھٹ، این سی پی یو ایل کے سابق وائس چیئرمین چندربھان خیال، این سی پی یو ایل کے سابق ڈائریکٹر پروفیسر ارتضیٰ کریم اور موجودہ ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد شمس اقبال شریک ہوں گے۔ اس سیشن کی نظامت بھارت ایکسپریس اردو کے ایڈیٹر ڈاکٹر خالد رضا خان کریں گے۔ پہلے سیشن کے بعد دوپہر 1:30 بجے سے 2:15 بجے تک کھانے کا وقفہ ہوگا۔
دوسرا سیشن: قومی تعمیر میں اردو صحافت کا اہم کردار
دوسرا سیشن دوپہر 2:15 بجے سے 2:45 بجے تک ہوگا، جس کا موضوع ’’قومی تعمیر میں اردو صحافت کا کردار‘‘ ہوگا۔ اس سیشن میں پریس انفارمیشن بیورو، نئی دہلی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر ایم ایم شہباز حسیبی، سینئر صحافی، شاعر و مصنف تحسین منور، سینئر صحافی اور ایڈیٹر ’سیاسی تقدیر اردو‘ محمد مستقیم خان، سینئر صحافی و نیوز اینکر خورشید ربانی، سینئر صحافی و نیوز اینکر اطہر سعید اور سینئر صحافی، شاعر و مصنف ڈاکٹر وسیم راشد اظہارِ خیال کریں گے۔ اس سیشن کی نظامت بھارت ایکسپریس اردو کے چیف سب ایڈیٹر ڈاکٹر نثار احمد کریں گے۔ مقررین اردو صحافت کی موجودہ صورتحال، اس کے مسائل و امکانات اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اردو صحافت کے کردار پر روشنی ڈالیں گے۔

تیسرا سیشن: سیاسی مکالمے میں اردو کی طاقت
پروگرام کا اہم ترین سیشن شام 3 بجے سے 4:45 بجے تک ’’سیاسی مکالمے میں اردو کا کردار‘‘ کے موضوع پر ہوگا۔ اس سیشن میں مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ کئی بڑے نام ایک پلیٹ فارم پر نظر آئیں گے۔ مرکزی وزیر مملکت رام داس اٹھاولے، وزیر مملکت پروفیسر ایس پی سنگھ بگھیل، اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک، لوک سبھا رکن جگدمبیکا پال اور سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید اس سیشن کے نمایاں مقررین میں شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ سابق رکن لوک سبھا برج بھوشن شرن سنگھ، کے سی تیاگی، راجیہ سبھا رکن ڈاکٹر سید نصیر حسین، عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا رکن ڈاکٹر سنجے سنگھ، شری کلکی دھام سنبھل کے پیٹھادھیشور آچاریہ پرمود کرشنم اور اتر پردیش کے وزیر دانش آزاد انصاری بھی سیشن میں شریک ہوں گے۔ بی جے پی کے سابق راجیہ سبھا رکن و قومی ترجمان سید ظفر اسلام، آل انڈیا مہیلا کانگریس کی صدر الکا لامبا، بی جے پی ترجمان و سیاسی تجزیہ کار آلوک وتس، دہلی حکومت کے سابق وزیر ہارون یوسف، جامعہ ہمدرد کے رجسٹرار کرنل طاہر مصطفیٰ اور ایم آر ایم کی قومی کنوینر ڈاکٹر شالنی علی بھی اس اہم سیشن کا حصہ ہوں گے۔ اس سیشن میں سیاسی گفتگو، عوامی رابطے اور قومی سطح پر مختلف طبقات کے درمیان مکالمے میں اردو زبان کے کردار پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ مختلف سیاسی نظریات رکھنے والے لیڈروں اور ماہرین کی شرکت کے باعث یہ سیشن پروگرام کی خاص توجہ کا مرکز بننے کی توقع ہے۔تیسرے سیشن کے بعد شام 4:45 بجے سے 5 بجے تک ہائی ٹی کا وقفہ ہوگا۔
پانچواں سیشن: آل انڈیا مشاعرہ و کوی سمیلن
پروگرام کا اختتامی سیشن شام 5 بجے سے 7 بجے تک آل انڈیا مشاعرہ و کوی سمیلن پر مشتمل ہوگا۔ اس ادبی شام میں ملک کے معروف شعرا اور شاعرات اپنی شاعری اور کلام پیش کریں گے۔ مشاعرہ و کوی سمیلن میں برکھا سنگھ، اقبال اشہر، شالنی سنگھ، پروفیسر رحمان مصور، انا دہلوی، انامیکا جین عنبر، علینا عترت، معین شاداب، اختر اعظمی، انس فیضی، ہمانشی بابرہ، ڈاکٹر حبیب الرحمن، خوشبو پروین، سفیر صدیقی اور ڈاکٹر نوازش طالب شرکت کریں گے۔
سیاست، صحافت، اردو اور ادب کا ایک منفرد پلیٹ فارم
یہ پورا پروگرام اردو زبان و ادب کے ساتھ ساتھ اردو صحافت اور سیاسی مکالمے میں اردو کے کردار کو نئی سمت دینے کی کوشش کے طور پر اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ ایک ہی پلیٹ فارم پر مرکزی وزرا، سابق وزرا، ارکان پارلیمنٹ، سیاسی لیڈر، سینئر صحافی، ماہرین تعلیم اور ممتاز شعرا کی موجودگی پروگرام کو خاص اہمیت فراہم کرتی ہے۔ افتتاحی اجلاس سے شروع ہونے والا یہ پروگرام این سی پی یو ایل پر ڈاکیومنٹری، اردو کے فروغ پر پینل ڈسکشن، قومی تعمیر میں اردو صحافت کے کردار اور سیاسی مکالمے میں اردو کی اہمیت پر مباحثے سے گزرتا ہوا آل انڈیا مشاعرہ و کوی سمیلن کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

