پنجاب اسمبلی انتخابات سے قبل کانگریس نے ریاستی تنظیم سے متعلق اپنی پوزیشن واضح کردی ہے۔ پارٹی نے پنجاب کانگریس کی قیادت میں تبدیلی کی قیاس آرائیوں پرروک لگاتے ہوئے تنظیم میں توسیع پرتوجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب کانگریس کے انچارج بھوپیش بگھیل نے واضح کیا ہے کہ ریاستی قیادت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی، بلکہ تنظیم کومزید وسعت دی جائے گی۔ فی الحال امریندرسنگھ راجا وڑنگ پنجاب کانگریس کی کمان سنبھال رہے ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی بھی ریاستی کانگریس کی صدارت کے لیے دعویٰ پیش کررہے تھے، تاہم پارٹی قیادت نے واضح کردیا ہے کہ موجودہ قیادت میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
راہل گاندھی کریں گے پنجاب کا دورہ
اسی دوران قائد حزب اختلاف راہل گاندھی جلد پنجاب کا دورہ کریں گے۔ بتایا جارہا ہے کہ ان کا دورہ امرتسر سے شروع ہوسکتا ہے۔ راہل گاندھی امرتسر میں دربار صاحب میں حاضری دینے کے بعد پنجاب کانگریس کے تمام بڑے لیڈروں کے ساتھ بس یاترا کریں گے۔ ذرائع کے مطابق راہل گاندھی کی یہ بس یاترا امرتسر سے شروع ہوکر حسین والا تک تقریباً 135 کلومیٹر کا سفر طے کرسکتی ہے۔ بس یاترا کے پہلے مرحلے میں وہ تقریباً 25 سے 30 اسمبلی حلقوں سے گزریں گے۔ اسے پنجاب اسمبلی انتخابات کے لیے کانگریس کی انتخابی مہم کے آغاز کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔
سی ڈبلیو سی اجلاس میں کیوں شامل نہیں ہوئے چنی؟
دوسری جانب پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ اورجالندھرسے موجودہ کانگریس رکن پارلیمنٹ چرنجیت سنگھ چنی نے جمعرات کوکانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیوسی) کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی وجہ بتائی۔ چنی نے کہا کہ پارٹی ہائی کمان نے انہیں اجلاس میں شرکت سے اس لیے مستثنیٰ کیا تھا کیونکہ انہیں پنجاب یونیورسٹی میں ایک امتحان دینا تھا۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی، جو پارٹی میں اہم فیصلے لینے والی اعلیٰ ترین تنظیم ہے، کا اجلاس بدھ کودہلی میں ہوا تھا۔ کانگریس صدرملیکارجن کھڑگے، سونیا گاندھی، راہل گاندھی سمیت پارٹی کے کئی سینئر لیڈروں، خصوصی مدعوئین اور کانگریس کی حکومت والی ریاستوں کے چاروں وزرائے اعلیٰ نے اجلاس میں شرکت کی تھی۔ چنی کے پاس پنجاب یونیورسٹی سے سیاسیات میں پی ایچ ڈی کی ڈگری ہے اوروہ فی الحال پبلک ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرڈگری کر رہے ہیں۔ انہوں نے پبلک پالیسی اصلاحات کے شعبے میں مزید تحقیق کرنے میں بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔
’پنجاب میں کانگریس کی حکومت بنے گی‘
سی ڈبلیوسی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کے بارے میں پوچھے جانے پرچنی نے کہا کہ انہوں نے پارٹی ہائی کمان سے تحریری طورپراجازت مانگی تھی کہ وہ بدھ کوہونے والے اجلاس میں شرکت نہیں کرپائیں گے۔ پنجاب یونیورسٹی کیمپس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے چنی نے کہا کہ اگروہ امتحان میں شرکت نہیں کرتے توان کی ڈگری میں ایک سال کی تاخیرہوجاتی اور اس کے ساتھ ان کے تحقیقی کام میں بھی تاخیرہوتی۔ چنی نے دعویٰ کیا کہ آئندہ پنجاب میں کانگریس کی حکومت بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اقتدارمیں آنے کے بعد ایسی اصلاحات کرے گی، جن سے کسی سرکاری ملازم کے لیے بدعنوانی میں ملوث ہونا ممکن نہیں رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگرریاست میں کانگریس کی اگلی حکومت بنتی ہے توعوام کو مفت تعلیم اورمفت صحت کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ چرنجیت سنگھ چنی نے کہا کہ کانگریس حکومت بننے کے بعد اسی ماڈل کو پنجاب میں نافذ کیا جائے گا۔
بھارت ایکسپریس اردو-
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

