Bharat Express DD Free Dish

Iran’s coach targets FIFA and US: ایرانی کوچ کا فیفا اور امریکہ پر تنقید، کہا- ہمیں فوراً واپس جانے کا دیا گیا حکم

ایران کے اسٹرائیکر مہدی طارمی نے موجودہ صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ کھلاڑیوں اور معاون عملے کے لیے انتہائی پریشان کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس صورتحال سے تھک چکے ہیں۔ یہ بہت خراب ہے اور اس کا براہ راست اثر ہماری ٹیم کی کارکردگی پر پڑ رہا ہے۔

لاس اینجلس: ایران کے قومی فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ امیر قالنوی نے فیفا عالمی کپ کے گروپ جی کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 2-2 سے ڈرا کے بعد ٹیم کے سفری پروگرام میں اچانک کی گئی تبدیلی پر شدید ناراضی کا اظہار کیا ہے۔

اچانک تبدیل کر دیا گیا سفری منصوبہ

میچ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر قالنوی نے کہا کہ ان کی ٹیم کو اچانک مطلع کیا گیا کہ میچ ختم ہوتے ہی انہیں لاس اینجلس چھوڑ کر میکسیکو واپس جانا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے ٹیم کو یہ اطلاع دی گئی تھی کہ وہ منگل کے دوپہر کے کھانے تک امریکہ میں قیام کر سکتی ہے، لیکن میچ ختم ہونے کے فوراً بعد سفری منصوبہ تبدیل کر دیا گیا۔

فوری روانگی پر کیا جا رہا ہے مجبور

ایرانی کوچ نے کہا، ’’میچ کے بعد ہمیں بتایا گیا کہ ہمیں فوراً روانہ ہونا ہوگا۔ ہمیں طیارے کے ذریعے تیخوانا میں قائم اپنے تربیتی کیمپ واپس جانے کے لیے کہا گیا ہے، جس پر ہم سخت پریشان ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم کو جلد واپسی پر مجبور کیا جا رہا ہے اور اس سے حالات مزید پیچیدہ ہو رہے ہیں، تاہم یہ مشکلات انہیں اپنی بہترین کارکردگی دکھانے سے نہیں روک سکیں گی۔

تیاریوں کے دوران بھی مشکلات کا سامنا

امیر قالنوی نے دعویٰ کیا کہ عالمی کپ کی تیاری کے دوران بھی ایران کو متعدد رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کے مطابق ٹیم کو میچ سے دو رات قبل میزبان مقام پر پہنچنا تھا، لیکن اس کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کے مطابق انہیں میچ کے بعد رات وہیں قیام کرنا تھا اور اگلے روز دوپہر میں واپسی تھی، مگر ایسا نہیں ہونے دیا گیا۔

ایرانی ٹیم کو سب سے زیادہ مشکلات

ایرانی کوچ نے کہا، ’’میرا خیال ہے کہ پورے عالمی کپ میں سب سے زیادہ مشکلات ہماری ٹیم کو پیش آ رہی ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی فٹبال فیڈریشن، میڈیا نمائندے اور انتظامی عملہ بھی مکمل طور پر ٹیم کے ساتھ موجود نہیں ہیں، جس سے مسائل میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

مہدی طارمی نے بھی ظاہر کی ناراضی

ایران کے اسٹرائیکر مہدی طارمی نے بھی موجودہ صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ کھلاڑیوں اور معاون عملے کے لیے انتہائی پریشان کن ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہم اس صورتحال سے تھک چکے ہیں۔ یہ بہت خراب ہے اور اس کا براہ راست اثر ہماری ٹیم کی کارکردگی پر پڑ رہا ہے۔‘‘

مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی کے اثرات

رپورٹ کے مطابق عالمی کپ میں ایران کی شرکت مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ اور اس سے وابستہ سکیورٹی خدشات کے باعث غیر یقینی صورتحال کا شکار رہی ہے۔ اس دوران فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے بعد ایران کے ڈریسنگ روم کا دورہ کیا اور کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔

بیلجیم سے ہوگا ایران کا اگلا مقابلہ

ایران کی سفری مشکلات گروپ مرحلے کے دوران بھی برقرار رہ سکتی ہیں۔ گروپ جی میں ایران کا اگلا میچ اتوار کو بیلجیم کے خلاف کھیلا جائے گا، جو سوفی اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔

بھارت ایکسپریس۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔