نئی دہلی : پانچ ممالک کے دورے سے وطن واپس لوٹتے ہی وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک اہم میٹنگ طلب کر لی ہے۔ مغربی ایشیا میں جاری بحران کے درمیان اس اجلاس کو نہایت اہم مانا جا رہا ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حکومت اس میٹنگ میں معیشت، توانائی اور عوامی سہولتوں سے متعلق بڑے فیصلے لے سکتی ہے۔آج یعنی جمعرات کو وزراء کونسل کی میٹنگ منعقد ہوگی، جس میں تمام کابینہ وزراء، آزادانہ چارج والے وزرائے مملکت اور دیگر وزرائے مملکت شریک ہوں گے۔ یہ رواں سال کی پہلی وزراء کونسل میٹنگ ہوگی اور ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب کابینہ میں ردوبدل کی قیاس آرائیاں بھی تیز ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں مغربی ایشیا کے بحران کے اثرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جا سکتا ہے۔ خاص طور پر خام تیل، گیس اور توانائی سپلائی سے متعلق صورتحال حکومت کی ترجیحات میں شامل رہے گی۔ حالیہ دنوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے جبکہ ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں کو لے کر بھی مختلف قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ ایسے میں امید کی جا رہی ہے کہ حکومت عام لوگوں پر بوجھ کم کرنے کے اقدامات پر غور کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹنگ میں مختلف وزارتوں اور محکموں کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔ حالیہ فیصلوں کے نتائج، جاری اسکیموں کی پیش رفت اور مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال ہونے کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سرکاری منصوبوں کو مزید مؤثر اور عوام دوست بنانے کے طریقوں پر بھی غور کیا جائے گا۔ وزیر اعظم مودی مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی اور اس کے عالمی و ملکی معیشت پر پڑنے والے اثرات کا ذکر کر سکتے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق مختلف وزارتوں کو یہ ہدایت دی جا سکتی ہے کہ عام شہریوں کو کم سے کم پریشانی کا سامنا کرنا پڑے۔ توانائی، زراعت، کھاد، ہوابازی اور شپنگ جیسے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جا سکتی ہے۔
یہ بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حکومت ورک فرام ہوم سے متعلق نئی گائیڈ لائنز یا احتیاطی اقدامات پر بھی غور کرے، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں کام کاج متاثر نہ ہو۔ واضح رہے کہ مغربی ایشیا بحران شروع ہونے کے فوراً بعد وزیر اعظم مودی نے مختلف وزارتوں کو ہدایت دی تھی کہ متاثرہ علاقوں اور شہریوں کی مشکلات کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔ آج کی میٹنگ کو اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جہاں عوامی مفاد سے متعلق کئی اہم فیصلے سامنے آ سکتے ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

