دہلی کیپیٹلز (ڈی سی) نے آئی پی ایل 2026 کے 62ویں مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے راجستھان رائلز (آر آر) کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ارون جیٹلی کرکٹ اسٹیڈیم میں ڈی سی کی اس جیت میں کے ایل راہل نے بلے سے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے 42 گیندوں پر 56 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ اپنی اس اننگز کے دوران راہل نے اے بی ڈی ویلیئرز کا بڑا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
کے ایل راہل کی کارکردگی
کے ایل راہل آئی پی ایل میں راجستھان رائلز کے خلاف سب سے زیادہ 50 سے زائد رنز کی اننگز کھیلنے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ راہل نے اتوار کو آر آر کے خلاف نویں بار 50 سے زیادہ رنز بنائے۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ اے بی ڈی ویلیئرز کے نام تھا، جنہوں نے راجستھان رائلز کے خلاف 8 مرتبہ 50 سے زائد رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ اس فہرست میں شکھر دھون (7) اور وراٹ کوہلی (7) مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔194 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اتری دہلی کیپیٹلز کو ابھیشیک پوریل اور کے ایل راہل نے زبردست آغاز فراہم کیا۔ دونوں نے پہلے وکٹ کے لیے 10.1 اوورز میں 105 رنز کی شراکت قائم کی۔ راہل بہترین فارم میں نظر آئے اور انہوں نے 42 گیندوں پر ایک چوکے اور 3 چھکوں کی مدد سے 56 رنز بنائے۔ دوسری جانب ابھیشیک نے 31 گیندوں پر 51 رنز کا اہم تعاون دیا۔
اکشر پٹیل کا جارحانہ انداز
اکشر پٹیل نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 18 گیندوں پر ناقابل شکست 34 رنز بنائے، جبکہ آشوتوش شرما نے صرف 5 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 18 رنز اسکور کرتے ہوئے دہلی کیپیٹلز کو 19.2 اوورز میں 5 وکٹوں سے فتح دلائی۔اس سے قبل راجستھان رائلز نے 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز اسکور کیے۔ آر آر کی شروعات اچھی نہیں رہی اور یشسوی جیسوال صرف 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ تاہم ویبھو سوریہ ونشی اچھی فارم میں دکھائی دیے اور انہوں نے 21 گیندوں پر 5 چوکے اور 3 چھکوں کی مدد سے 46 رنز بنائے۔دھرو جورل نے 40 گیندوں پر 53 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جبکہ کپتان ریان پراگ نے صرف 26 گیندوں پر 51 رنز بنائے۔ اپنی اننگز کے دوران ریان نے 3 چوکے اور 5 چھکے لگائے۔گیندبازی میں دہلی کیپیٹلز کی جانب سے مچل اسٹارک نے 40 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ لونگی اینگیڈی نے 24 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



