نئی دہلی: ’انڈیا ہسٹری فورم ‘ کے تحت انڈیا اسلامک کلچرل سینٹرمیں ایک عظیم الشان دو روزہ کانفرنس کا آغازہوا۔ یہ کانفرنس ’’ہندوستان کی تاریخ، معاشرے اورتہذیب کے ارتقاء میں مسلمانوں کا کردار‘‘ کے عنوان کے تحت منعقد کی جا رہی ہے۔ پروگرام کے پہلے دن سینئرلیڈراوررکن پارلیمنٹ ششی تھرور، جماعت اسلامی ہند کے امیرسید سعادت اللہ حسینی، کانگریس جنرل سکریٹری، گردیپ سنگھ سپّل، سابق راجیہ سبھا ایم پی محمد ادیب، آرجے ڈی لیڈراورایم پی منوج کمارجھا، مصنف اورمورخ اشوک کمار پانڈے، انڈیا ہسٹری فورم کے کنوینرڈاکٹرشاداب موسیٰ ودیگرماہرین اوراہم شخصیات نے اپنے خیالات کا اظہارکیا۔
تاریخ کومسخ کرنے کی ہورہی ہے کوشش: ششی تھرور
اس موقع پرکانگریس لیڈرششی تھرورنے کہا کہ ’ہماری تاریخ میں بہت کچھ ہے اوربہت سی غلط اورغیرحقیقی کہانیوں کوبھی تاریخ کا حصہ بنانے کی کوششیں ہوتی ہیں۔ ان حالات میں تاریخ کے درست بیانیہ کوسمجھنا اورسچائی تک پہنچنا اوراسے سماج تک پہنچانا بے حد ضروری ہے۔‘‘ انہوں نے درست تاریخ پرزوردیتے ہوئے کہا کہ غیرحقیقی کہانیوں سے ہمیں بچنا چاہئے تاکہ تاریخ کو مسخ نہیں کیا جاسکے۔
تاریخ کسی بھی قوم اورملک کے لئے بڑی اہمیت کی حامل: سعادت اللہ حسینی
امیر جماعت اسلامی ہند، سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ تاریخ کسی بھی قوم اورملک کے لیے بڑی اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔ تاریخ صرف معلومات نہیں ہے بلکہ اس کی بنیاد پرمسقتبل کی تعمیرہوتی ہے۔ ہمارا ملک بھارت تاریخ کے اس اہم حصے کوجواسلام اورمسلمانوں کی عظیم تاریخی خدمات سے متعلق ہے کوبھول نہ جائے، اجتماعی نسیان کا شکارنہ ہوجائے، اس میں افراد کی ذاتی پسند اورنا پسند شامل نہ ہوجائے،اس کے لیے اس طرح کی کانفرنسزاورپروگرام بے حد اہم ہیں۔ آج تاریخ کو ہتھیارکے طورپراستعمال کیا جارہا ہے۔ ایسے میں مسلمانوں اورانصاف پسند افراد کوآگے بڑھ کرتاریخ کے درست بیانیہ کودنیا کے سامنے پیش کرنا چاہئے۔‘‘
تاریخ کو بدلنے کی کوشش جمہوریت کے لئے خطرناک: منوج جھا
ممبرآف پارلیمنٹ منوج کمارجھا نے کہا کہ آج تاریخ کوبدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے، یہ ملک کی جمہوریت کے لیے خطرناک ہے، ہماری تاریخ ہمارا اثاثہ ہے، اس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔‘‘ گردیپ سنگھ سپّل نے کہا کہ آج تاریخ کوبدلنے کی کوشش ملک میں افسوسناک حد تک پہنچ گئی ہے۔‘‘ سابق رکن پارلیمنٹ محمد ادیب نے کہا کہ جب کسی تہذیب کوختم کرنا ہو توتاریخ بدل دی جاتی ہے۔ یہی کام آج ہورہا ہے۔ اس سے ہماری شناخت کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔‘‘
مختلف تاریخ داں اورماہرین کی کانفرنس میں شرکت
کانفرنس میں مختلف تاریخ دان شخصیات اورماہرین کی جانب سے معیشت ، تجارت ،سماجیات، سیاست وغیرہ میدانوں میں مسلمانوں کی عظیم الشان خدمات پرعلمی و تحقیقی مقالہ پیش کیے گئے۔ اس موقع پرایک مخصوص سیشن مسلم خواتین کے تاریخی کردارسے متعلق بھی رکھا گیا ۔ کانفرنس میں ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے علماء دانشواران، ریسرچ اسکالرز ، مذہبی پیشوا اورسماجی کارکنوں وعوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہارکیا کہ وہ اپنی اپنی استطاعت کے مطابق ملک میں تاریخ کے درست بیانیہ کی تشکیل کے ذریعہ ملک وملت کے مستقبل کی تعمیرمیں اپنا کردارادا کریں گے۔
بھارت ایکسپریس اردو-
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


