Bharat Express DD Free Dish

Donald Trump’s open threat to Iran: سمجھوتہ نہ ہوا تو ایران کو پتھر کے دور میں واپس بھیج دیں گے،تہران کو ڈونلڈ ٹرمپ کی کھلی دھمکی

ٹرمپ نے آپریشن مڈنائٹ ہیمر اور پہلے کیے گئے امریکی حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی جوہری تنصیبات کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق ایران نے کہیں اور پروگرام دوبارہ شروع کرنے کی کوشش کی تھی، لیکن اسے بھی ناکام بنا دیا گیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ۔

واشنگٹن: ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی معاہدہ نہ ہوا تو امریکی فوج چند ہفتوں میں ایران کو ’پتھر کے دور‘ (Stone Age) میں واپس بھیج سکتی ہے۔ ایران کے خلاف جنگ کے مقاصد پر ٹرمپ کے بیانات مسلسل بدلتے رہے ہیں، کبھی وہ مہم ختم کرنے کی بات کرتے ہیں اور کبھی ایران کو سخت دھمکیاں دیتے نظر آتے ہیں۔

امریکی صدر نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ ایران کی فوجی طاقت کو شدید نقصان پہنچایا جا چکا ہے۔ مقامی وقت کے مطابق بدھ کے روز ٹی وی خطاب میں انہوں نے کہا کہ صرف ایک ماہ قبل امریکی فوج نے ’آپریشن ایپک فیوری‘ کے تحت ایران کو نشانہ بنایا تھا، جسے انہوں نے ’دنیا میں دہشت گردی کا سب سے بڑا سرپرست‘ قرار دیا۔

ایرانی فوج کو بڑا نقصان پہنچانے کا دعویٰ

ٹرمپ نے کہا کہ میدان جنگ میں امریکی فوج تیزی سے کامیابی حاصل کر رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا، ’’آج رات ایران کی بحریہ ختم ہو چکی ہے، فضائیہ تباہ ہو گئی ہے، ان کے لیڈر مارے جا چکے ہیں۔ ایران کی میزائل اور ڈرون صلاحیت کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے اور ہتھیاروں کی تنصیبات تباہ کر دی گئی ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ یہ مہم ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کے لیے ضروری تھی۔ ٹرمپ نے کہا، “میں نے عہد کیا ہے کہ ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دوں گا۔” انہوں نے ایران کی موجودہ حکومت کو “دنیا کی سب سے پرتشدد حکومت” قرار دیا۔

جوہری تنصیبات تباہ کرنے کا دعویٰ

ٹرمپ نے آپریشن مڈنائٹ ہیمر اور پہلے کیے گئے امریکی حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی جوہری تنصیبات کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق ایران نے کہیں اور پروگرام دوبارہ شروع کرنے کی کوشش کی تھی، لیکن اسے بھی ناکام بنا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کا مقصد ایران کی فوجی طاقت اور بیرون ملک اثر و رسوخ کو ختم کرنا تھا اور یہ اسٹریٹجک مقاصد تقریباً حاصل ہو چکے ہیں۔

مذاکرات ناکام ہوئے تو مزید حملے

ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو کشیدگی مزید بڑھے گی۔ انہوں نے کہا، ’’اگلے دو سے تین ہفتوں میں ہم انہیں پتھر کے دور میں واپس بھیج دیں گے۔ اگر کوئی سمجھوتہ نہ ہوا تو امریکہ ایران کے الکٹرک انفراسٹرکچر کو نشانہ بنا سکتا ہے۔‘‘ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی تبدیلی امریکہ کا مقصد نہیں تھا۔ حالانکہ،ان کے بقول ایران کی قیادت میں تبدیلی پہلے ہی آ چکی ہے کیونکہ ’ان کے اصل لیڈر مارے جا چکے ہیں۔‘‘

تیل کی قیمتوں میں اضافے کا ذمہ دار ایران

ٹرمپ نے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے لیے بھی ایران کو ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ کمرشل آئل ٹینکروں پر حملوں کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے مشرق وسطیٰ کے تیل پر انحصار کرنے والے ممالک سے شپنگ راستوں کو محفوظ بنانے اور اس خطے پر انحصار کم کرنے کی اپیل کی۔

علاقائی اتحادیوں کی تعریف

ٹرمپ نے اسرائیل، سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات، کویت اور بحرین جیسے علاقائی اتحادیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس مہم میں بہترین شراکت داری کی ہے۔ انہوں نے امریکہ کی اقتصادی مضبوطی پر بھی زور دیا اور کہا کہ امریکہ دنیا میں تیل اور گیس پیدا کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے اور جنگ کے اثرات برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ٹرمپ نے 13 امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اہل خانہ نے ان سے مہم مکمل کرنے کی اپیل کی تھی۔ ٹرمپ نے اس آپریشن کو تاریخی طور پر تیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ میں ایک بڑے خطرے کو ختم کرنے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’ہم امریکہ اور دنیا کے لیے ایران کے خطرے کو ختم کرنے کے دہانے پر ہیں۔‘‘

بھارت ایکسپریس۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read