نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے راجستھان کے بھیواڑی علاقے میں کیمیکل فیکٹری میں پیش آنے والے آتشزدگی کے المناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سات افراد کی ہلاکت پر تعزیت پیش کی ہے۔ امت شاہ نے کہا کہ یہ حادثہ ’’انتہائی المناک‘‘ ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقامی انتظامیہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کر رہی ہے اور انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
وزیراعظم مودی کا بھی اظہار افسوس
اس سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی بھیواڑی آتشزدگی پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔ وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، انہوں نے کہا کہ راجستھان کے بھیواڑی میں آگ کا حادثہ نہایت افسوسناک اور دل دہلا دینے والا ہے۔ وزیر اعظم نے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ حکام کے مطابق راجستھان کے خیرتھل-تیجارہ ضلع کے بھیواڑی علاقے میں واقع ایک کیمیکل فیکٹری میں آج اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں کم از کم سات افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
کانگریس کا حکومت پر تنقید
راجستھان کانگریس کے صدر گووند سنگھ ڈوٹاسرا نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں اس طرح کے حادثات عام ہو گئے ہیں۔ انہوں نے اجمیر روڈ پر پیش آئے کیمیکل ٹینکر دھماکے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس واقعے میں 16 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔ ڈوٹاسرا نے حکومت اور انتظامیہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے اسے ایک سنگین معاملہ قرار دیا۔ راجستھان کے وزیراعلیٰ بھجن لال شرما نے اس واقعے کو ’’انتہائی دلخراش‘‘ قرار دیتے ہوئے ضلع انتظامیہ کو فوری طور پر راحت اور ریسکیو آپریشن انجام دینے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے مرحومین کے لیے دعا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



