بھارتی ٹیم نے ون ڈے فارمیٹ کی کامیابی کو ٹی20 سیریز میں بھی برقرار رکھتے ہوئے پہلے ہی میچ میں جنوبی افریقہ کو کراری شکست دی۔ کٹک کے بارابتی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں سوریا کمار یادو کی قیادت میں ٹیم انڈیا نے مہمان ٹیم کو 101 رنز سے شکست دیکر سیریز کا شاندار آغاز کیا۔
ٹاپ آرڈر ناکام
ٹاس ہار کر پہلے بلے بازی کرنے اتری بھارتی ٹیم کی شروعات بے حد خراب رہی۔ شبھمن گل پہلے ہی اوور میں آؤٹ ہو گئے، جبکہ کپتان سوریا کمار یادو اور ابھیشیک شرما بھی کریز پر نہ رک سکے۔ 78 رنز تک پہنچتے پہنچتے بھارت نے چار وکٹیں گنوا دیں اور حالات مشکل ہوتے دکھائی دینے لگے۔ ایسے میں انجری سے واپسی کر رہے ہاردک پانڈیا نے محاذ سنبھالا۔ آتے ہی انہوں نے جارحانہ انداز اپنایا اور صرف 25 گیندوں میں نصف سنچری مکمل کی۔ ہاردک نے 28 گیندوں پر 59 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس میں 6 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ ان کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت بھارت نے 175 رنز کا مضبوط ہدف کھڑا کیا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے لنگی اینگڈی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
افریقہ کی اننگز بکھر گئی
ہدف کا تعاقب کرنے اتری جنوبی افریقی ٹیم کی شروعات بھی انتہائی مایوس کن رہی۔ پہلے ہی اوور میں ارشدیپ سنگھ نے کوئنٹن ڈی کاک کو پویلین بھیج دیا اور کچھ ہی دیر میں ٹرسٹن ا سٹبس بھی آؤٹ ہو گئے۔ ایڈن مارکرَم اور ڈیوالڈ بریوس نے کچھ بڑے شاٹس ضرور لگائے، مگر اکشر پٹیل نے کپتان مارکرَم کو بولڈ کرکے افریقی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔اس کے بعد بھارتی گیند بازوں نے شاندار انداز میں کھیلتے ہوئے پوری افریقی ٹیم کو صرف 74 رنز پر سمیٹ دیا۔ ارشدیپ، بُمرہ، اکشر اور ورون چکرورتی نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں۔ پوری ٹیم صرف 12.3 اوور میں آل آؤٹ ہو گئی۔
جنوبی افریقہ کا سب سے کم اسکور
یہ جنوبی افریقہ کا ٹی20 انٹرنیشنل میں سب سے کم اسکور رہا۔ اس سے پہلے ان کا کم ترین اسکور 87 رنز تھا، جو 2022 میں بھارت کے خلاف ہی بنا تھا۔ کٹک میں لگاتار دو ٹی20 جیتنے والی افریقی ٹیم اس بار اپنی ہیٹرک مکمل نہ کر سکی۔ہاردک پانڈیا کی شاندار واپسی اور گیند بازوں کی بہترین کارکردگی نے ٹیم انڈیا کو بڑی جیت دلائی اور سیریز میں 1-0 کی برتری دلا دی۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

