نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کے روز قومی دارالحکومت کے بھارت منڈپم میں “ایمرجنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی انوویشن کنکلیو 2025” کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ملک کے تحقیقی و اختراعی شعبے کو فروغ دینے کے لیے 1 لاکھ کروڑ روپے کے “ریسرچ، ڈیولپمنٹ اینڈ انوویشن (آر ڈی آئی) اسکیم فنڈ” کا بھی آغاز کیا، جو ملک میں نجی شعبے کی قیادت میں تحقیق و ترقی کے ایک مضبوط نظام کو فروغ دینے کا مقصد رکھتا ہے۔
وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے مطابق، اس اسکیم کی کل مالیت 1 لاکھ کروڑ روپے ہے جو چھ برسوں پر محیط ہوگی۔ مالی سال 2025-26 کے لیے 20 ہزار کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جو حکومتِ ہند کے “کنسولیڈیٹڈ فنڈ آف انڈیا” سے فراہم کیے جائیں گے۔ اس اسکیم کے تحت طویل مدتی کم یا صفر سودی قرض، ایکویٹی سرمایہ کاری اور “ڈیپ ٹیک فنڈ آف فنڈز” میں شراکت کی سہولت دی جائے گی، تاہم گرانٹ یا قلیل مدتی قرضے اس اسکیم کے دائرے میں شامل نہیں ہیں۔
“ایس ٹیک 2025” تین روزہ عالمی سطح کا اجلاس ہے جو 3 تا 5 نومبر تک جاری رہے گا۔ اس میں 3,000 سے زائد مندوبین شرکت کر رہے ہیں جن میں مختلف جامعات، تحقیقی اداروں، صنعت و تجارت کے نمائندے، حکومتی افسران، نوبل انعام یافتہ سائنس دان، ماہرین، موجدین اور پالیسی ساز شامل ہیں۔ کنکلیو کے دوران 11 کلیدی موضوعات پر سیر حاصل گفتگو ہوگی جن میں جدید مٹیریلز و مینوفیکچرنگ، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، بایو مینوفیکچرنگ، بلیو اکانومی، ڈیجیٹل کمیونی کیشن، الیکٹرانکس و سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ، جدید زرعی ٹیکنالوجی، توانائی، ماحولیات و موسمیاتی تغیر، صحت و طبی ٹیکنالوجی، کوانٹم سائنس اور خلائی ٹیکنالوجی شامل ہیں۔
اس موقع پر منعقدہ مختلف نشستوں میں ماہرینِ سائنس کے لیکچر، پینل مباحثے، پریزنٹیشنز اور ٹیکنالوجی ڈسپلے کا اہتمام کیا گیا ہے تاکہ ملک میں تحقیق، صنعت اور نوجوان موجدین کے درمیان تعاون کو فروغ دیا جا سکے اور بھارت کے سائنسی و اختراعی نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر جتندر سنگھ نے کہا کہ ’’آج دنیا بھارت کو عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ایک دن مؤرخ اس بات کا بھی تجزیہ کریں گے کہ ہمیں آزادی کے 70 سال بعد اس فخر کے احساس کے لیے اتنا انتظار کیوں کرنا پڑا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہمارے سائنس دانوں میں ہمیشہ قابلیت، محنت کا جذبہ اور خواب موجود رہے، مگر وسائل اور سازگار ماحول کی کمی تھی۔ وزیر اعظم مودی نے سائنس اور اختراع کو ترجیح دی اور قوم کو یہ احساس دلایا کہ اکیسویں صدی میں ترقی کا راستہ صرف سائنس و ٹیکنالوجی کے سنگِ میلوں سے ہو کر گزرتا ہے‘‘۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



