راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت۔
پٹنہ: بہار اسمبلی انتخابات کے لیے این ڈی اے کے ’سَنکلپ پتر 2025‘ (انتخابی منشور) پر راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے سخت طنز کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اب تک کا سب سے چھوٹا اور کمزور منشور لانچ تھا۔ گہلوت نے کہا کہ وزیراعلیٰ نتیش کمار اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کو ڈر تھا کہ میڈیا ان سے سوال کرے گی، اس لیے وہ صرف 26 سیکنڈ میں منشور جاری کر کے وہاں سے چلے گئے۔
وزیراعظم مودی پر اشوک گہلوت کا طنز
گہلوت نے مزید کہا کہ این ڈی اے کا منشور جاری ہوا، لیڈر اسٹیج پر آئے اور چند سیکنڈ میں واپس چلے گئے۔ میڈیا کے کئی ساتھیوں نے مجھ سے کہا کہ اپنی زندگی میں انہوں نے پہلی بار 26 سیکنڈ کی پریس کانفرنس دیکھی ہے۔ اگر نتیش کمار اور نڈا رک جاتے تو صحافی ان سے پچھلے وعدوں کا حساب لے لیتے، اس لیے دونوں نے اسٹیج سے بھاگنا ہی صحیح سمجھا۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی تو ویسے بھی میڈیا سے بات نہیں کرتے۔
جھوٹ کا پلندہ ہے این ڈی اے کا منشور
گہلوت نے کہا کہ جمہوریت میں انتخابی منشور عوام کے تئیں جواب دہی کا دستاویز ہوتا ہے، لیکن این ڈی اے کا منشور صرف جھوٹ کا پلندہ ہے۔ پچھلے 20 سال کے کام کا حساب عوام کے سامنے پیش کرنا چاہیے تھا، مگر انہوں نے ایک بار پھر کھوکھلے وعدے کیے۔ بہار کے ساتھ بار بار وعدہ خلافی کی گئی ہے۔
سمراٹ چودھری پر اشوک گہلوت کا نشانہ
سمراٹ چودھری پر نشانہ سادھتے ہوئے گہلوت نے کہا کہ 50 ہزار کروڑ کے سرمایہ کاری کی بات صرف خیالی دعویٰ ہے۔ کیا کوئی مفاہمتی یادداشت (MoU) سائن ہوئی ہے؟ یہ اعداد و شمار صرف عوام کو گمراہ کرنے کے لیے اچھالے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے کی پوری مہم جھوٹ اور دکھاوے پر مبنی ہے۔
گہلوت نے سوال کیا کہ جب انتخابات نتیش کمار کی قیادت میں لڑے جا رہے ہیں تو منشور جاری کرنے کی ذمہ داری انہیں کیوں نہیں دی گئی؟ کیا اب وہ ایسی حالت میں نہیں ہیں کہ عوام کے سامنے آ کر منشور پڑھ سکیں؟
اندرا گاندھی اور سردار پٹیل کو خراجِ عقیدت
مہاگٹھ بندھن کے وعدوں پر بات کرتے ہوئے گہلوت نے کہا کہ ان کی پارٹی انتخاب جیتنے کے بعد منشور کو سب سے پہلے کابینہ میں منظوری دلائے گی۔ انہوں نے کہا، ’’ہم جو وعدے عوام سے کرتے ہیں، انہیں پورا کرتے ہیں، یہی ہماری سیاست کی پہچان ہے۔” آخر میں، اندرا گاندھی کی برسی اور سردار ولبھ بھائی پٹیل کی جینتی پر گہلوت نے دونوں لیڈران کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


