احمد فراز 12 جنوری 1931 کو کوہاٹ کے ایک معزز سادات خاندان میں پیدا ہوئے۔ ان کا اصل نام سید احمد شاہ تھا۔ شاعری کے ابتدائی دور میں وہ احمد شاہ کوہاٹی کے نام سے جانے جاتے تھے، لیکن بعد میں مشہور انقلابی شاعر فیض احمد فیض کے مشورے پر اپنا ادبی نام احمد فراز اختیار کیا۔ اگرچہ فراز کی مادری زبان پشتو تھی، مگر بچپن ہی سے انہیں اردو زبان سے گہرا لگاؤ تھا۔ اردو لکھنے اور پڑھنے کا شوق وقت کے ساتھ ایسا پروان چڑھا کہ انہوں نے پشاور کے ایڈورڈ کالج سے اردو اور فارسی میں ایم اے کی ڈگری حاصل کی۔ ان کے والد سائنس اور ریاضی کے میدان میں انہیں آگے بڑھانا چاہتے تھے، لیکن احمد فراز کا فطری رجحان ادب اور شاعری کی طرف تھا۔
تو خدا ہے نہ مرا عشق فرشتوں جیسا
دونوں انساں ہیں تو کیوں اتنے حجابوں میں ملیں
احمد فرازؔ

فراز کی شاعری میں تین بڑے عناصر نمایاں ہیں: رومان، مزاحمت اور احتجاج۔ وہ ایک ساتھ رومانوی، جدید، کلاسیکی اور انقلابی شاعر کے طور پر ابھرتے ہیں۔ انہوں نے عشق و محبت، جدائی اور قربت کے ایسے لطیف اور پیچیدہ احساسات کو شعری پیرایہ دیا جنہیں پہلے بہت کم شعرا نے اس شدت سے بیان کیا تھا۔ احمد فراز نہ صرف نقادوں کے درمیان بلکہ عوام میں بھی بے حد مقبول تھے۔ ہندوستان و پاکستان کے مشاعروں میں ان کی آواز، انداز اور اشعار نے جو محبتیں سمیٹیں وہ کسی اور شاعر کے حصے میں کم ہی آئیں۔ ان کی شاعری نے سننے والوں کو مسحور کیا، اور پڑھنے والوں کو چونکایا۔
احمد فراز کی ادبی خدمات کے اعتراف میں انہیں کئی قومی و بین الاقوامی اعزازات سے نوازا گیا، جن میں شامل ہیں: آدم جی ایوارڈ، اباسین ایوارڈ، فراق گورکھپوری ایوارڈ (بھارت)، اکیڈمی آف اردو لیٹریچر ایوارڈ (کینیڈا)، ٹاٹا ایوارڈ، جمشید نگر (بھارت)، اکادمی ادبیات پاکستان کا کمال فن ایوارڈ، ہلال امتیاز (ادب میں نمایاں خدمات پر)
ان کے معروف شعری مجموعوں میں جاناں جاناں، خواب گل پریشاں ہے، غزل بہانہ کرو، درد آشوب، تنہا تنہا، نایافت، نابینا شہر میں آئینہ، بے آواز گلی کوچوں میں، پس انداز موسم، شب خون، بودلک، یہ سب میری آوازیں ہیں، میرے خواب ریزہ ریزہ، اے عشق جفا پیشہ شامل ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
